• 3 مئی, 2024

سالِ نَو پر ملنے والا سب سے خوب صورت پیغام

نئے سال پر مبارکباد کے بے شمار پیغامات ملے سب نے اپنے خلوص اور تعلق کا اپنے اپنے انداز میں اظہار کیا۔ خیر کی دعائیں نیک تمنائیں نثر نظم میں بھیجی گئیں۔ اکثر پیغام فارورڈ کئے ہوئے تھے ان سے خوش رنگ پھول تو مل جاتے ہیں مگر ان میں ذات کی خوشبو نہیں ہوتی۔ اس لئے رسمی طریق سے بھیجے گئے پیغام رسمی طریق سے ہی دیکھے جاتے ہیں۔ ٹوٹر پر مبارک صدیقی صاحب نے مبارک باد دینے والوں کو اپنے منفرد انداز میں نظر آیا

؎ جانتا ہوں تجھے اے دنیا میں
اس قدر بھی مبارکیں نہ دیں
تیری باتوں میں آنے والا نہیں
سال بدلا ہے میرا سالا نہیں

  • ٹوٹر پر آپا صفیہ سامی صاحبہ نے لکھا

’’میرے تمام اپنوں اور سب پڑھنے والوں کو دل کی گہرائی سے نیا سال مبارک ہو میری دعا ہے اللہ تعالیٰ آپ کو ڈھیروں خوشیاں اور سکون دے اور صحت مندرکھے تمام تکلیفوں، بیماریوں اور پریشانیوں سے بچائے۔ بچوں کی ڈھیروں خوشیاں نصیب ہوں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی دعائیں قبول فرمائے آمین‘‘

میں نے سالِ نَو پر بے تحاشا جشن مسرت منانے والے لوگوں کے لئے ٹویٹ کیاْ

؎ سال نو سب کو مبارک ہو دعا دیتے ہیں
ایک ہنگامے سے اور جشن سےہوتا کیا ہے
رسم چل نکلی ہے ہم اس کو نبھا دیتے ہیں
ایک ہندسے کے سوا اور بدلتا کیا ہے

  • واٹس ایپ پر کچھ پیغام راستہ روک کے کھڑے ہو گئے دیکھے بنا آگے جانے نہیں دیا۔ امۃ الرشید صاحبہ نے آزاد کشمیر سے دعا دی:

’’میری طرف سے آپ کونیا سال مبارک ہو اس دعا کے ساتھ کہ اللہ تعالیٰ آپ کو ہمیشہ صحت و تندرستی سے رکھے ہر خوشی دے اور ہر غم سے دور رکھے۔ آپ کا ہر دن اور ہر لمحہ بابرکت بنا دے اپنی رضا سے اور اپنی وسیع رحمتوں سے نوازے آپ کو حسنات الدنيا والآخرۃ سے نوازے۔ آمین ثم آمین یارب العالمین‘‘

  • ایک پیار بھر ا پیغام مکرمہ طاہرہ زرتشت صاحبہ کی طرف سے ملا:

’’کیا حال ہے آپ کی طبیعت کیسی ہے۔ نیا سال آپ سب کو مبارک ہو۔ہمیں بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ اللہ کرے کہ یہ نیا سال حقیقتًا ہم سب کے لئے بلکہ ساری جماعت کے لئے اور ساری انسانیت کے لئے برکتوں کا سال ہو، دکھوں اور غموں سے نجات کا سال ہو۔ حضرت مسیحِ پاکؑ کے پیغام کا ہر خاص و عام تک پہنچنے کا سال ہو۔

اللہ کی رحمتوں بے بہا برکتوں کا نزول ہو۔ اللہ تعالیٰ ہمارے ایمان سلامت رکھے اور اپنی محبت ہمارے دلوں میں ڈالے۔ اور ہم پر رحم فرمائے شیطان کے شر سے ہر آن محفوظ رکھے۔ اَللّٰھمّ بارک لنا فیھا۔‘‘ آمین ثم آمین

  • اب وہ پیغام لکھتی ہوں جو سب سے اچھا لگا۔ یہ آسٹریلیا سے مکرمہ نبیلہ گلفام کی طرف سے تھا

’’قابل صد احترام بہت پیاری باری آپا جان،

اللہ تعالیٰ آپ اور آپ کے سب پیاروں کے لئے نیا سال بہت مبارک کرے آمین۔

اس نئے سال کے پہلے دن اور گزشتہ سال کا آخری عشرہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اسلام احمدیت کا پیغام مختلف لوگوں تک پہنچانے کی توفیق ملی الحمدللّٰہ علی ذالک۔

2005ء کے جلسہ سالانہ پر پیارے آقا کے محبت بھرے پیغام میں یہ حکم بھی تھا کہ کنٹری سائیڈ کے لوگوں تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچایا جائے اس کی تعمیل میں سال کے آخر پر مرحوم امیر صاحب سے میں نے درخواست کی کہ اگر مجھے جماعت کے تعارف کے ساتھ نئے سال کی مبارکباد کے کارڈز دے دئے جائیں تو میں ان شاءاللہ یہ کام کروں گی۔ اللہ تعالیٰ درجات بلند فرمائے ہمارے مرحوم امیر صاحب کی جنہوں نے یہ بندوبست کیا اور میں نے اپنے بچوں کو وقف نو کا یونیفارم پہنا کر گاڑی چاکلیٹ اور تحائف سے بھری اور کنٹری سائیڈ گھر گھر جاکر پیارے امام اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی خواہش کہ در بدر فقیروں کی طرح پھر کر سچے دین کی اشاعت کا کام کریں پوری کرنے کی ایک چھوٹی سی کوشش الحمدللّٰہ 17 سال سے کر رہی ہوں پہلے چھوٹے بچوں کے ساتھ کیا اب بچے ماشاء اللہ جوان ہوچکے ہیں یہ کوشش جاری ہے۔ ویسے تو ہر سال اپنی مجلس کے تمام سکولز ’آفسز‘ میڈکل سنٹرز ’نرسنگ ہومز‘ چلڈرن ہسپتال میں اور اپنے 40 ہمسائیوں کو پیغام حق دیتی ہوں۔ اس کے ساتھ ایک دودن لانگ ڈرائیو پرکنٹری سائیڈ گھر گھر جاکر لٹریچر دیتے ہیں اس بار ہم نے سوچا کہ ایک پورے ٹاؤن میں ہر گھر کے دروازے تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچایا جائے۔ دو بیٹے عزیزم احتشام احمد اور عزیزم ہشام احمد ہمارے ساتھ تھے۔ الحمدللّٰہ

Linden, اور St Houbart Island کے ہرگھر میں پیغام پہنچایا اور بہت اچھے لوگوں سے رابطہ ہوا۔ اسی طرح Bendeena کے قریباً 300 گھر کمیونٹی سنٹر اور تمام شاپس پر جماعت کے کارڈ تعارف کے ساتھ پمفلٹ دئے۔ Katoomba میں 100 لوگوں تک پہنچے وہاں کچھ لوگوں نے چاکلیٹ لینے سے انکار کیا اور کچھ نے صرف کارڈز لے لئے لیکن پمفلٹ نہیں لئے جس پر بچوں کو پریشانی ہوئی لیکن انہیں سمجھایا کہ ذرا طائف کا سفر ذہن میں لائیں آپ کے نہ کوئی غنڈے پیچھے دوڑے نہ پتھر پڑے نہ خون سے جوتے بھرے اور نہ باغ میں پناہ لینی پڑی۔

الحمداللہ بچوں نے جوش جذبے سے کام کیا۔ اور آئندہ کے لئے ارادہ کیا کہ اب اسی طرح ہر چھٹی پر وہ ایک ایک علاقہ تک پیغام پہنچانے کی کوشش کریں گے۔

دعا کی درخواست ہے اللہ تعالیٰ ہماری اس کوشش کو قبول کرے اور لوگوں کے دل نرم کرے اور وہ شرک سے بچ جائیں اور ہمیں آئندہ بھی اس سے کہیں بڑھ کر اس کی توفیق ملے آمین اللّھم آمین‘‘

اس رپورٹ نما پیغام سے بہت متأثر ہوئی ہوں۔ ماشاء اللہ کیسا حسین نیا سال منایا اس خاتون نے۔ لگتا ہے اسی مجنوں قبیلے سے تعلق رکھتی ہیں جس کے متعلق حضرت مصلح موعود ؓ نے فرمایا تھا ؏

مقصود مرا پورا ہو اگر مل جائیں مجھے دیوانے دو

(امۃ الباری ناصر ۔امریکہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 فروری 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ