• 25 اکتوبر, 2024

دوسری سالانہ امن کانفرنس لیتھونیا

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ لتھوانیا کو11 دسمبر بروز ہفتہ دوسرا نیشنل پیس سمپوزیم منعقد کرنے کی توفیق ملی۔اس پروگرام کی کل حاضری 44 رہی جس میں جماعت لتھوانیا اور لاٹویا سے کل 15 احباب جماعت اور 29 غیر از جماعت مہمانان نے شرکت کی جن میں اسلام، عیسائیت اور بہائی مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔ پروگرام میں 6 ممالک کی نمائندگی تھی جس میں لتھوانیا، لاٹویا، پاکستان، انڈیا، آذربائیجان اور تاجکستان شامل ہیں۔پروگرام کے دوران تقریباً90 کی تعداد میں لٹریچر تقسیم کیا گیا۔

پروگرام کا آغاز سورۃ فاتحہ کی تلاوت سے کیا گیا اور لوکل زبان میں ترجمہ پیش کیا گیا۔ جس کے بعدبہائی مذہب سے تعلق رکھنے والے دو مہمانان Mr. Raimondas Lougaudas اور Mr. Vaidotas Matūtis نے امن کی ضرورت اور اہمیت کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس کے بعد مکرم ومحترم بشارت احمد صاحب شاہد مبلغ سلسلہ و صدر احمدیہ مسلم جماعت لاٹویا نے امن کے قیام کے لئے عدل و انصاف اور برداشت کے بارہ میں پیارے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات سے اقتباسات پیش کئے۔ اس کے بعد Mrs. Vitalija Počiūtė نے عیسائیت کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی تقریر میں بھائی چارہ، محبت اور ایک دوسرے کی مدد کے ذریعہ امن کو قائم کرنے کے حوالہ سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ بعدازاں Mr. MirzoRaheem Kuzuo نے تاجک کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے امن کی ضرورت کے حوالہ سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔آخر میں خاکسار احمد فراز مبلغ سلسلہ نے پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطاب The Golden Principles for World Peace سے اقتباسات پیش کئے۔ جس میں پیارے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی امن کے بارہ میں بیان فرمودہ نصائح اور ہدایات سامعین کے سامنے پیش کی گئیں۔

تقریر کے بعد خاکسار نے دو کتب Women in Islam اور Our Teaching کا تعارف لوکل زبان میں پیش کیا۔ان کتب کا ترجمہ ایک لتھوانین احمدی خاتون مکرمہ انگریدا عائشہ قمر صاحبہ نے کیا جبکہ ڈیزائننگ اور تیاری کے مراحل میں مکرم شہزاد کاشف صاحب جنرل سیکرٹری جماعت احمدیہ لتھوانیا اور مکرم مسرور احمد قمر صاحب سیکرٹری تبلیغ جماعت احمدیہ لتھوانیا نے بھرپور تعاون کیا۔

پروگرام کے اختتام پر ایک تنظیم کی ہیڈ Mrs. Liudmila Bykovsky نے جماعت کی امن کے قیام کی کوششوں اور خدمت خلق کے جذبہ کو سراہتے ہوئے جماعت کا شکریہ ادا کیا اور اظہارِ تشکر پر مبنی ایک سرٹفیکیٹ بھی پیش کیا۔

پروگرمیں شریک ایک مہمان نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت احمدیہ حقیقی رنگ میں امن کے قیام کی کوشش کر رہی ہے اور اس پروگرام میں مختلف مذاہب کو ایک ساتھ امن کے قیام پر بات کرتے سن کر بہت اچھا لگا۔

پروگرام کے اختتام پر ریفرشمنٹ کا انتظام موجود تھا تمام مہمانان کی چائے،کافی، جوس، بسکٹ اور کیک سے تواضع کی گئی۔ تمام انتظامیہ نے پروگرام کی تیاری میں نہایت اخلاص اور جذبہ کے ساتھ تعاون کیا۔

(رپورٹ: احمد فراز ۔صدر احمدیہ مسلم جماعت لتھوانیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 فروری 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ