• 26 اپریل, 2024

اسلام پر یہ سخت مصیبت کا وقت ہے

اسلام پر یہ سخت مصیبت کا وقت ہے
کچھ اس میں شک نہیں کہ قیامت کا وقت ہے
آفت میں گھرا ہے یہ آفت کا وقت ہے
مسلم قدم بڑھا کہ یہ ہمت کا وقت ہے
ہاں کچھ بھی شک نہیں ہے کہ ہمارے قصور ہیں
مانگو دعائیں گر کے خدا کے حضور میں
تڑپا کرے نہ اب کوئی گلفام کے لئے
رونا ہو جس کو روئے وہ اسلام کے لئے
ہرگز کرے نہ کام کوئی نام کے لئے
ہو مال خرچ دین کے اکرام کے لئے
روؤ خدا کے سامنے آنسو بہاؤ تم
یہ آگ جس طرح سے بجھے اب بجھاؤ تم
ہم نے خدا کے دین کو بالکل بھلا دیا
جو جو تھے حکم سب کو نظر سے گرا دیا
دل سے خدا کا نقشِ محبت مٹا دیا
اتنے بڑھے کہ خوف بھی دل سے اٹھا دیا
فریاد سب کیا کریں آقا کے سامنے
تڑپا کریں نماز میں مولا کے سامنے
رب کریم فضل سے سن لے دعائیں سب
رحمت سے اپنی بخش ہماری خطائیں سب
گر حکم ہو تو کھول کے سینہ دکھائیں سب
آقا سنیں تو قصہ دل کہہ سنائیں سب
دل کانپتا ہے ڈر سے زبان لڑکھڑاتی ہے
رحمت تیری مگر ذرا ہمت بندھاتی ہے

(درعدن ایڈیشن 2008 صفحہ106۔111)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 مارچ 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 مارچ 2021