خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ نوئے ویڈ (Neuwied) کو مورخہ 20 فروری 2022ء بروز اتوار یوم مصلح موعود منانے کی توفیق ملی۔ جلسہ 3 بجے بعد نماز ظہر و عصر مکرم محمد عالم سوئل صاحب صدر جماعت کی زیر صدارت شروع ہوا۔
اجلاس کے ایجنڈے میں تلاوت قرآن کریم، پیشگوئی مصلح موعود وڈیو کلپ، 2 نظمیں، 2 جرمن تقاریر، 2 اردو تقاریر، اور آخر میں اعلانات و دعا شامل تھے۔ مکرم حافظ نعمان طاہر صاحب ناظم مال مجلس خدام الاحمدیہ نے سورۃ الصف آیت 7 تا 10 کی نہایت خوش الحانی سے تلاوت کیں اور اس کا اردو ترجمہ بھی پیش کیا۔ جرمن ترجمہ عزیزم مفلح روحان خالد صاحب ناظم عمومی نے پیش کیا۔
اس کے بعد وڈیو کلپ کی صورت میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی زبان مبارک سے پیشگوئی مصلح موعودؓ احباب جماعت کی سنائی گئی۔
مکرم مصباح الرحمان ثاقب صاحب سیکرٹری جنرل نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا مبارک منظوم اردو کلام از درثمین نہایت ترنم سے پڑھ کر سنایا۔ نظم کا جرمن ترجمہ عزیزم ایقان ناصر صاحب نائب ناظم تجنید نے پیش کیا۔
پہلی اردو تقریر مکرم رانا فاروق اعظم صاحب سیکرٹری تربیت کی تھی۔ آپ کی تقریر کا موضوع تھا ’’وہ حسن و احسان میں تیرا نظیر ہوگا۔‘‘
جرمن زبان میں پہلی تقریر مکرم مامون طاہر صاحب نائب ناظم تبلیغ نے کی۔ آپ کی تقریر کا موضوع تھا ’’حضرت مصلح موعودؓ کی پیشگوئی کا پس منظر اور مقصد۔‘‘
دوسری اردو نظم از ’’کلام محمود‘‘ عزیزم سفیر احمد سوئل صاحب ناظم اطفال نے نہایت ترنم سے پڑھ کر سنائی اور اس کا جرمن ترجمہ بھی پیش کیا۔
دوسری جرمن تقریر مکرم اسد عالم سوئل صاحب نائب قائد کی تھی۔ آپ کی تقریر کا موضوع تھا ’’سیرت حضرت مصلح موعودؓ۔‘‘
اختتامی تقریر خاکسار (ریاض محمود باجوہ) کی تھی۔ جس میں خاکسار نے دعوی مصلح موعود اور اس سلسلہ میں ہوشیار پور، لاہور، لدھیانہ اور دہلی میں ہونے والے جلسوں کی تفصیل بیان کی۔
ازاں بعد مکرم محمد عالم سوئل صاحب صدر جماعت نے بعض ضروری اعلانات کئے۔
2 گھنٹے تک جاری رہنے والے اس مبارک جلسہ کا اختتام دعا سے ہوا، جو خاکسار نے کرائی۔
یہ اجلاس آن لائن (ویبکس) پر ہوا۔ البتہ اجلاس میں حصہ لینے والوں کا انتظام ’’بیت الرحیم‘‘ نوئے ویڈ میں کیا گیا تھا۔ باقی احباب جماعت نے اپنے گھروں میں رہ کر اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کی مجموعی حاضری خدا تعالیٰ کے فضل سے 250 کے قریب تھی۔
(رپورٹ: ریاض محمود باجوہ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن لندن جرمنی)