• 24 اپریل, 2024

سسکاٹون ریجنل انٹر فیتھ سمپوزیم

سسکاٹون ریجنل انٹر فیتھ سمپوزیم
Saskatoon Regional Interfaith Symposium

محض خداتعالیٰ کے خاص فضل و کرم سےمؤرخہ 13؍مارچ 2022ء بروز اتوار لجنہ اماءللہ سسکاٹون ضلع کو دوسرا سالانہ انٹر فیتھ سمپوزیم انگریزی زبان میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ موجودہ حالات میں اجتماعات پر پابندیوں کے ساتھ یہ پروگرام جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ویبنار Webinar کے ذریعہ منعقد کیا گیا۔ اس سال کے سمپوزیم کا عنوان

‘‘Justice in an unjust world’’

’’ایک غیر منصف دنیا میں عدل‘‘ تھا۔ اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز نیشنل صدرصاحبہ لجنہ اماءاللہ کینیڈا مکرمہ امۃ السلام ملک صاحبہ کی صدارت میں بعد دوپہر چار بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ سورۃ مائدہ کی آیات 9 تا 11 کی تلاوت عزیزہ سدرہ لاریب نے نہایت خوش الحانی سے کی۔ان آیات کا انگریزی ترجمہ عزیزہ عائشہ عمران نے پیش کیا۔بعد ازاں پروگرام کی ماڈریٹر Moderator نور انور صاحبہ نے تمام فیتھ اسپیکرز کا تعارف کروایاا ور پروگرام کی غرض و غائیت بیان کی۔ اس کے بعد احمدیہ مسلم جماعت کے تعارف پر مبنی ایک وڈیو دکھائی گئی۔ اس پروگرام میں پانچ مختلف مذاہب سے اسپیکرز کو مدعو کیا گیا تھا۔ معاہدہ اراضی کا اعتراف ’’Treaty Land Acknowledgment‘‘ کی تحریر صدر ضلع سسکاٹون، بشریٰ نذیر آفتاب نے پڑھ کر سنائی۔ بعد ازاں سال بھر میں ہونے والی تبلیغی مساعی اور خدمت خلق کے تحت ہونے والی سرگرمیوں کی رپورٹ ریجنل تبلیغ کو آرڈینیٹر Coordinator سعیدہ خانم صاحبہ نے پیش کی۔ ازاں بعد ہر مقررہ نے اپنی اپنی مذہبی تعلیمات کی روشنی میں ’’ایک غیر منصف دنیا میں عدل‘‘ پر سیر حاصل تقریر کی۔

  1. ڈاکڑاین سا لمن۔ Dr. Ann Salmon (عیسائیت) یہ یونیورسٹی آف سسکاچیوان میں مختلف شعبہ جات میں خدمات بجا لارہی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ چرچ میں بھی کام کررہی ہیں۔
  2. پروفیسر بلجیندر کور (سکھ ازم) Professor Baljinder Kaur یہ بھی یونیورسٹی آف سسکاچیوان میں کام کررہی ہیں اسی طرح گردوارہ Gurdwara میں بھی خدمت کی توفیق پا رہی ہیں۔
  3. ڈاکٹر واسودا ایرنگٹلا (ہندو ازم) Dr. Vasudha Erraguntla یہ رائل یونیورسٹی ہسپتال سسکاٹون اور سٹی ہسپتال سسکاٹون میں بچوں کی ڈاکٹر ہیں ان کے جماعت کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔
  4. ڈاکٹر سمعون ہوروٹس (یہودیت) Dr. Simonne Horwitz یہ بھی یونیورسٹی آف سسکاچیوان میں تاریخ کا مضمون پڑھاتی ہیں اور دنیا بھر کی بہت ساری یونیورسٹیز میں لیکچرز بھی دے چکی ہیں۔ جس دن ہمارا پروگرام تھا اُس دن یہ ساؤتھ افریقہ سے ہمارے ساتھ شامل ہوئیں تھیں جبکہ اس وقت ساؤتھ افریقہ میں رات کے دو بج رہے تھے۔
  5. صالحہ صدیقہ رحمن صاحبہ (اسلام احمدیت) یہ زراعت کے شعبہ سے وابستہ ہیں اور حلقہ سسکاٹون نارتھ میں سیکرٹری تبلیغ کے طور پر خدمت کی توفیق پا رہی ہیں۔

تمام اسپیکرزنے اپنی اپنی تقاریر کے دوران اس پروگرام کے انعقاد پر اور انہیں پروگرام میں مدعو کرنے پر انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور خوشی کا اظہار کیا۔ تقاریر کےبعد ایک اور وڈیو دکھائی گئی جو لجنہ سسکاٹون ریجن کی سال 2022ء میں سسکاٹون کے پبلک اسکولوں میں قرآن کریم پر ہونے والی نمائش اور ’’اکتوبر اسلامی ورثہ کا مہینہ‘‘ پر بنائی گئی تھی۔اس وڈیو کی قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس میں جماعت احمدیہ کی قرآن کریم کی خدمات، اشاعت، تراجم، نمائش اور دیگر کاموں کا بھی تذکرہ کیا گیا تھا۔

پروگرام کی اختتامی تقریر محترمہ نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ کینیڈا کی تھی۔ آپ نے اپنی مختصرمگر جامع تقریر میں اسلام کی خوبصورت اور زندہ و جاوید تعلیمات، بانی اسلام کے اسوۂ حسنہ اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیمات کی روشنی میں ’’ایک غیر منصف دنیا میں عدل‘‘ پر نہایت موٴثر اور جامع انداز میں روشنی ڈالی اور تمام اسپیکرز،مہمانان گرامی اور انتظامیہ کاتہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔پروگرام کے آخر پر محترمہ نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ کینیڈا نے اجتماعی دعا کروائی۔ اس ورچوئل پروگرام میں پچاس غیر ازجماعت بہنوں نے شرکت کی جن میں پندرہ سکول ٹیچرز، دو سکولوں کی پرنسپل، Superintendent پرنسپل کے علاوہ مختلف طبقۂ فکر سے تعلق رکھنے والی عورتوں نے بھی شمولیت کی۔ پروگرام کے اختتام کے ساتھ ہی غیر ازجماعت بہنوں کی طرف سے بہت سے پیغامات ملنے شروع ہوگئے۔ جن میں انھوں نے نہ صرف پروگرام کوبہت سراہا بلکہ مستقبل میں ایسے مزید پروگرامز منعقد کر نے کی درخواست بھی کی۔

(رپورٹ: بشریٰ نذیر آفتاب۔ سسکاٹون، کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 مئی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ