• 18 مئی, 2024

جو اجازت ہو تو عاشق ۔۔۔

عزیزم ظافر احمد نے کچھ عرصہ قبل سیّدنا حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز کی خدمت میں اپنی فیملی ملاقات کی درخواست دی تھی جس کی منظوری کے ساتھ ہم دونوں میاں بیوی کو بھی ساتھ حاضر ہونے کی اجازت مل گئی۔ اس کے لئے موٴرخہ 25 مارچ 2022ء کو ہم سب یوکے روانہ ہوگئے اور جماعتی ہدایت کے مطابق ملاقات سے تین روز پہلے آکر لندن میں قیام کیا۔ ہماری ملاقات موٴرخہ 28مارچ 2022ء کو مقرر تھی جس کے لئے ہم سات افراد کو لندن سے اسلام آباد لیجانے لانے کے لئے سیرالیون کے ایک اعزاز یافتہ چیف اور ہمارے محسن بھائی مکرم سیّدمعین شاہ صاحب، آف شاہ مسکین ضلع شیخوپورہ نے دِلی بشاشت سے اپنا تعاون پیش فرما دیا۔ فَجَزَاہُ اللّٰہُ اَحْسَنَ الْجَزَآء۔

اسلام آباد پہنچنے پر تصدیقات کے مراحل طے کرنے کے بعد وہیں کرونا کے ٹیسٹ بھی کروائے گئے۔ آگے جائیں تو مین گیٹ پر معمول کی چیکنگ کے بعد تھوڑا آگے جا کر ’’ملاقات‘‘ کی عمارت دکھائی دیتی ہے۔ پہلا دروازہ مستورات اور دوسرا حضرات کے لئے ہے جہاں مستعد کارکنان نہایت خندہ پیشانی سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہر روز کی ملاقات کی ایک نمبر وار فہرست لگا دی جاتی ہے۔ اس روز ہمارا سولہ میں سے نواں نمبر تھا۔ اس دوران مہمانوں کی چائے پانی سے تواضع کی جاتی ہے اور طریق کار سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ باری آنے پر دفتر پرائیویٹ سیکریٹری کے سامنے اور پھر دفتر میں جا کر انتظار کرنے کے بعدجب پہلے ملاقات کرنے والے نکل جاتے ہیں تو اگلے منتظرین کو بلا لیا جاتا ہے۔ حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ کی میز کے سامنے کچھ فاصلہ پر کرسیاں بچھی ہوتی ہیں۔ جہاں پیارے آقا کو سلام کرنے کے بعد بیٹھ جانے کا ارشاد ہوتا ہے۔

اس ارشاد کی تعمیل کے ساتھ ایسے محسوس ہوا گویا کائنات کی حرکت تھم گئی ہے۔اپنے محبوب کی زیارت کا ہر لمحہ سالوں سے زیادہ اہم اور زندگی کا سرمایہ لگنے لگا۔ عزیزم ظافر احمد سلمہٗ بھی جذبات سے مغلوب ہو چکا تھا۔

؎ بے زبانی ترجمانِ شوق بے حد ہو تو ہو
ورنہ پیشِ یار کام آتی ہیں تقریریں کہیں

خاکسار کے مہدی آباد کے مختصر ذکر کرنےکے بعد حضور انورایّدہ اللہ نے استفسار فرمایا: ’’آپ نے بھی اپنا مکان بنایا ہے؟‘‘ عرض کیا کہ خود تو نہیں بنا سکتا تھا البتہ دو بچوں نے خریدے ہیں اور باقی بھی کوشش میں ہیں۔

کرونا کی بدولت بعض جماعتی تقریبات میں کچھ روکاوٹیں پیدا ہو ئی ہیں ان سے قرآن مجید کےپہلےدور کے مکمل ہونے کے بعد احمدی بچوں کی زندگی کے اہم ترین پروگرام انکی تقریبِ آمین کے انعقاد پر بھی اثر پڑا۔ خاکسار کے نواسے عزیزی عاشر ہارون احمد ابن مکرم ظافر احمد سلمہٗ نے قرآن مجید کا پہلا دور گزشتہ سال مکمل کر لیا تھا اور اس کی از حد خواہش تھی کہ حضرت امیرالمومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ اس کی ’’تقریب ِ آمین‘‘ فرمائیں۔ ظافر سلمہٗ نے اپنی بیٹی کی صحت کے لئے دعا کی درخواست کے بعد حضور انورایّدہ اللہ کی خدمت میں عرض کیا میرے بیٹے عاشر نے قرآن مجید کا پہلا دور مکمل کر لیا ہے اس کی آمین کے لئے گزارش ہے۔ اس پر حضور انورایّدہ اللہ نے پوچھا کہ درخواست دی ہے۔عرض کیا کہ دی تو تھی لیکن اس کا جواب ہی نہیں آیا اور بات یہیں اختتام پذیر ہو گئی۔

اسکے بعد حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ نے فوٹو کے لئے آگے آجانے کا ارشاد فرمایا۔ ہم دونوں میاں بیوی حضور انور کے دائیں اور عزیزم ظافر، دخترم عزیزہ ماہرہ، ان کے بچے عاشر، عائشہ اور فرحانہ بائیں جانب کھڑے ہو گئے۔ فوٹو کے بعد اب باہر نکلنے کا مرحلہ تھا لیکن عزیزم عاشر سلمہٗ نے جو حضور انور ایّدہ اللہ کے ساتھ ہی کھڑا تھا از خود ہمت کر کے اپنی آمین کے لئے عرض کر دیا۔ ’’میں نے آپ سے آمین کرانی ہے‘‘ جس پر پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہِ شفقت اپنی الماری میں سے قرآن مجید نکال کر کھولا اور ایک جگہ انگلی رکھ کر فرمایا کہ یہاں سے پڑھو! پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ نے عزیزم عاشر سے چند آیات سن کر ہم سب کو برکتوں بھری خوشیوں سے مالا مال کر دیا۔ الحمد للّٰہ ثم الحمد للّٰہ۔

اللہ تعالیٰ ہمارے محبوب آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ کو صحت و سلامتی والی لمبی عمر عطا فرمائے اور خلافت کی نعمت سے ہمیں حقیقی رنگ میں مستفید ہونے کی توفیق بخشتا چلا جائے۔ آمین۔

(محمد کولمبس خاں۔ مہدی آباد،جرمنی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 مئی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ