• 6 مئی, 2024

جلسہ یومِ خلافت بیلجیئم

ہم احمدی بطورِ بشرکتنے خوش نصیب ہیں کہ جنہیں خلافت کی ردااوڑھے 115سال ہوچکے ہیں اور اِن زندہ آنکھوں سے آئے روز قدرتِ ثانیہ کے مظہر کا چہرہ دیکھتے ہیں، سکینت بھری آواز سنتے ہیں، اپنے مسائل کا حل پوچھتے ہیں، اپنے خطوط کا جواب پاتے ہیں اور اس مطہر وجود سے اپنے وجود کا مس کرتے ہوئے ہاتھوں کو چوم چوم لیتے ہیں کیونکہ وہ ہمارے درمیان سایہ رب العالمین ہے اور وارث الرسل ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ

27مئی 1908ء کا دن ہمارے اسلاف کے لیے یقیناً عید سعید تھا کہ جنہوں نے قدرت ثانیہ کا ظہور ہوتے دیکھا اور حبل اللہ کو پکڑ کرہمیں اتحاد کی مالا میں پرو دیا اس پر ہم سب شکر حمد باری تعالیٰ بجا لاتے ہیں، نبی پا ک محمد مصطفیٰ ﷺ پر درود بھیجتے ہیں اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر کامل ایمان لاتے ہوئے آپ ؑ کی اتباع میں قائم ہونے والی خلافت راشدہ کی اطاعت میں دل وجاں سے فدا ہیں اور اس احسانِ عظیم کو یاد رکھنے کے لیے ہرسال اسی روز اکٹھے ہوتے ہیں اور انوارِ خلافت، برکاتِ خلافت، استحکامِ خلافت، اطاعتِ خلافت اور خلافت علی منہاج النبوۃ پر سیر حاصل گفتگو اور تقاریر سنتے ہیں جو ہم سب کے لیے سرمایہ افتخار و ترقی دین کا موجب ہے۔

امسال جماعت احمدیہ بیلجیئم نے بھی نیشنل شعبہ تربیت کی وساطت سے اورمحترم امیر صاحب کی رہنمائی میں 27مئی 2022ء بروز جمعۃ المبارک جلسہ یوم خلافت منانے کا پروگرام ترتیب دیا گیا جس کے مطابق ملک بھر میں ریجنل سطح پر جلسہ ہائے یومِ خلافت منائے جائیں گے۔پروگرام کے مطابق ہر لوکل جماعت و ریجن مقررہ دن یعنی 27مئی بروز جمعہ شام 19:00-20:00 ایک گھنٹہ اپنا پروگرام منعقد کریں گے اور پھر 20:00-21:00 بجے ایک گھنٹہ کےلیے تمام ریجنز مرکزی نیشنل پروگرام کے ساتھ Youtube کے لائیو لنک سے منسلک ہوجائیں گے۔ اس پروگرام کے ماتحت تمام ریجن اور تمام جماعتیں شامل ہوئیں، لوکل پروگراموں میں زیادہ تر نوجوانوں نے لوکل زبانوں میں تقاریر کیں اور Presentations پیش کیں۔ لیئج ریجن میں فرنچ میں تقریر مکرم ڈاکٹر نعمان احمد باجوہ صاحب نے کی اردو تقریر مکرم ارسلان احمد صاحب مربی سلسلہ نے خلافت سے وابستگی کے موضوع پر اور مکرم منیر احمد بھٹی صاحب نے خلافت کی اہمیت پر تقریر کی۔ ریجن انٹورپن میں تلاوت قرآن حیدر احمد صاحب نے کی نظم طارق حسین صاحب نے پیش کی اردو تقریر مکرم شہریار اکبر مربی سلسلہ نے اطاعت خلافت کے موضوع پر کی۔ خاکسار (نمائندہ الفضل) کو اپنے ریجن میں برکات خلافت پر اپنے خیالات کے اظہار کا موقعہ ملا۔ دلبیک برسلز میں امیر صاحب کی زیر صدارت جلسہ یوم خلافت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مکرم نویدالظفر صاحب نے کی اور نظم مکرم رانا گلفام صاحب نے پیش کی ڈچ تقریر مکرم مشہود احمد صاحب نے کی اردو تقریر مکرم محمود ناصر صاحب نے برکات خلافت اور منور احمد بھٹی صاحب نے خلافت کی اہمیت پر کی۔ مرکزی طورپر تین زبانوں میں ایک ایک تقریر پیش کی گئی۔ مکرم امیرصاحب ڈاکٹر ادریس احمد نے اردو میں اطاعت خلافت پر اپنی تقریر پیش کی، مکرم مشنری انچارج احسان سکندر صاحب نے فرنچ میں جبکہ مکرم آصف بن اویس صاحب مربی سلسلہ نے ڈچ زبان میں تقریر کی۔ شام 21:00 بجے محترم ڈاکٹر ادریس احمد صاحب امیر جماعت بیلجیئم نے اختتامی دعا کروائی۔ اس کے بعد ہرریجن میں افرادِ جماعت کو کھانا پیش کیا گیا اور بعد میں نماز مغرب و عشاء اداکی گئیں اس طرح پورے بیلجیئم میں جلسہ ہائے یومِ خلافت اختتام پذیر ہوئے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ

خلافت سہارا ہے ہم غم زدوں کا
اسے رکھ سلامت خدائے خلافت

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ

(رپورٹ:چوہدری طاہر احمد گِل۔ نمائندہ الفضل ان لائن بیلجیئم)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 جولائی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ