• 9 مئی, 2025

ایڈیٹر کے نام خطوط

•مکرمہ نبیلہ رفیق فوزی ۔ ناروے تحریر کرتی ہیں۔
مورخہ 23 اگست میں شائع ہونے والے مکرم عمر تماپوری کے مضمون ’’خطوط طاہر اور اسیران راہِ مولیٰ‘‘ نے تو دل کے سارے زخم کھول کر رکھ دیے ہیں۔ جناب محمدالیاس منیر صاحب اور ساتھی جب اسیر ہوئے ان کے آگے پیچھے ہی بہت سے معصوم بے گناہ اور بھی اسیر ہورہے تھے۔ یہ 1985ء کا وقت تھا حضور رحمہ اللہ لندن تشریف لا چکے تھے۔ خاکسار بھی خلافت کی کشش میں اپنی والدہ کے ہمراہ لندن پہنچی تھی۔ فضل مسجد میں جمعہ کی نماز پڑھی جاتی تھی۔ ان دنوں اوپر تلے بہت سے افراد جماعت کے اسیر ہونے کی اطلاعات آرہی تھیں۔ ایک جمعةالمبارک میں حضور رحمہ اللہ کا بیان فرمودہ خطبہ مجھے کبھی نہیں بھولے گا۔ اسیران کے گھر والوں کے اور کچھ اسیران کے خطوط یا اطلاعات تھیں۔ جس درد سے حضور نے وہ واقعات، اور وہ ظالمانہ اور وحشیانہ سلوک بیان کیا۔ حضور خود بھی تڑپ رہے تھے اور ان کے ساتھ مسجد فضل کے خواتین کے ہال میں بیٹھی ہوئی ہر خاتون تڑپ رہی تھی۔ مجھے لگتا تھا جیسے سسکیاں دبا دبا کر سانس رک جائے گا۔ اس خیال سے کہ میرے آس پاس بیٹھے لوگ کیا سوچتے ہو ں گے کچھ دیر کے لئے سر اونچا کیا تو عجیب منظر دیکھا۔ ہر خاتون اپنے برقعے اور نقاب میں منہ چھپانےاور اپنی سسکیاں دبانے کی کوشش میں مصروف تھی۔ دل چاہتا تھا: اب حضور بس کردیں، اتنا نہ تڑپیں۔ ایڈیٹر صاحب! ہم تک تو ساری باتیں اور حالات پہنچتے نہیں۔ نہ جانے ہمارے خلفاءپر کیا گزرتی ہوگی۔ اللہ تعالیٰ میری جماعت پر رحم فرمائے اور تمام اسیروں کو با عزت رہائی عطا فرمائے۔ آمین۔

• مکرم شبیر احمد ثاقب تحریر کرتے ہیں۔
آپ کی ٹیم الفضل آن لائن کو اتنا معیاری ،دلچسپ ،ایمان افروز اور معلوماتی بنا دیا ہے کہ میرا دل اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ لاریب آپ کی ساری ٹیم آج کے ’’مرد خدا‘‘ کی دعا لگی ہے بہت خوش نصیب ہیں آپ لوگ جو حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ کی دعاؤں کے وارث بن رہے ہیں۔ اللھم زد فزد۔
مورخہ 23 اگست 2022ء کا سارامواد ہی بہت اعلی ہے مگر دو مضامین نے جس روحانی لذت سے گزارا ہے اسے لفظوں میں ادا کرنا ممکن نہیں -1 حضرت خلیفۃ المسیح الاول کے رویاء وکشوف -2 خطوط طاہراوراسیران راہ مولا ۔اس سے قبل اگرچہ میں اس مضمون پر آپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کر چکا ہوں جو آپ نے ہمارے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ اور خلافت خامسہ کے متعلق احباب جماعت کی رویاء و کشوف پر مشتمل شائع کیا تھا مگر آج ان دو مضامین نے اس روحانی لذت کو احیائے نو بخشا ہے۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 ستمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ