• 29 اپریل, 2024

سالانہ اجتماع مجلس انصار اللہ جرمنی 2021

بسم اللہ الرحمن الرحیم

سالانہ اجتماع مجلس انصار اللہ جرمنی2021 اجتماعی دعا کے ساتھ اجتماع کی تیاریوں کا آغاز

(فرانکفورٹ، نمائندہ روزنامہ الفضل) مجلس انصار اللہ جرمنی کا 40واں سالانہ اجتماع انشاء اللہ مورخہ 6 اور 7نومبر 2021 بروز ہفتہ واتوار مئی مارکیٹ کے نام سے منسوب وسیع و عریض علاقے میں منعقد ہو گا، جو صنعتی شہر من ہائیم میں واقع ہے۔ اسی شہر میں  گزشتہ دونوں جرمنی کا جلسہ سالانہ منعقد ہوا تھا۔

کرونا کی وجہ سے اس اجتماع میں بھی جلسہ سالانہ کی طرح ہر زائر اور ڈیوٹی کنندہ کو ویکسینیشن یا کورونا سے مکمل صحتیابی کا سرٹیفیکیٹ دکھانا ہوگا نیز میڈیکل ماسک، اپنی جائے نماز اور جماعتی آئی ڈی کارڈ کے بغیر اجتماع میں داخل ہونے کی اجازت نہ ہوگی۔

آج مورخہ 4نومبر 2021 صبح 8بجے انتظامیہ  اور وقار عمل کرنے کے لئے جرمنی بھر سے انصار بھائیوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا۔مکرم ممتاز احمد کاہلوں صاحب منتظم تیاری  نے بتایا کہ تہجد کے وقت سے ضیافت کے کارکنان نے تیاری کرنے والے احباب کے لئے ناشتہ تیار کرنا شروع کر دیا تھا۔ مین ہال کے ایک کونے میں  ناشتے کا انتظام  کیا گیا تھا۔

10بجکر 24منٹ پر مکرم ومحترم مبارک احمد شاہد صاحب صدر مجلس انصار اللہ نے وقار عمل کرنے والے احباب کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنے مختصر خطاب میں فرمایا کہ جماعت احمدیہ کا نظام بہت ہی پیارا نظام ہے، اگر اس پر غور کریں تو معلوم ہوگا کہ جو نظام اسلام نے مسلمانوں کو دیا ہے عین اسی  کے مطابق نظام جماعت عمل کرتا ہے جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ پنجگانہ نماز باجماعت پڑھنے کے لئے ہر محلے یا گاؤں میں اپنی اپنی چھوٹی بڑی مساجد ہوتی ہیں جس میں لوگ  نمازیں ادا کرتے ہیں اسی طرح جمعہ کی نماز کے لئے جامع مسجد میں اکھٹے ہوتے  ہیں اور عیدین کے لئے اس سے بھی بڑی جگہ یعنی عید گاہ جاتے ہیں نیز پوری دنیا کے مسلمان اکھٹے ہوکر خانہ کعبہ کا طواف کرتے ہیں اور حج وعمرہ کے لئے مکہ مکرمہ تشریف لے جاتے ہیں۔ اسی طرح ہم بھی سارا سال مجالس کی سطح پر ماہوار اجلاسات کا انتظام کرتے ہیں  پھر ریجن کی سطح پرپروگرام منعقد ہوتے ہیں اور سال میں ایک بار  اپنے انصار بھائیوں کی سالانہ کاوشوں کو دیکھنے کے لئے اُن کی تعلیم وتربیت اور روحانیت میں ترقی  کے لئے اجتماع کرتے ہیں اور  اُس کے لئے کھلی اور وسیع جگہ کا انتظام کرتے ہیں جہاں پر وہ اپنے علمی، ورزشی مقابلہ جات میں حصہ لیتے ہیں نیز اپنی مدد آپ کے تحت وقار عمل کے ذریعہ اجتماع گاہ کی تیاری میں بھی بھر پور حصہ لیتے ہیں۔

جلسہ سالانہ جس کی بنیاد بانیٔ جماعت احمدیہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے رکھی اُسی کی ظل میں یہ ہمارے تنظیمی اجتماعات منعقد ہوتے ہیں ان کے بھی وہی مقاصد ہے جو ہمارے جلسہ ہائے سالانہ کے ہوتے ہیں۔ دعا یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں مہمانوں کی صحیح معنوں میں خدمت کی توفیق عطا فرمائے آمین۔ جیسا کہ آپ کے علم میں ہے ابھی جلسہ سالانہ ہوا جس میں کرونا کی وجہ سے محدود تعداد میں احباب  وخواتین کو آنے کی اجازت تھی اور جو لوگ شامل ہوئے تھے وہ بھی خودکار قرعہ انداز ی کے ذریعہ شامل ہوئے تھے۔ہم میں سے کئی بھائی  باوجود خواہش کے اس میں شامل ہونے سے رہ گئے تھے ہم نے اس اجتماع پر اُن کی روحانی پیاس بجھانی ہے اس لئے عاملہ کے متفقہ فیصلے سے ہم نے شاملین اجتماع پر کوئی پابندی نہیں لگائی سوائے اس کے کہ ویکسین لگی ہونی چاہئے اللہ تعالیٰ سب کو صحت عطا فرمائے۔ آمین۔

یہ محض اللہ تعالیٰ کا احسان ہےنہ کہ ہماری ذاتی کوشش  کہ آپ سب بھائی سردی کے موسم میں اپنے اپنے کاموں کا ہرج کرکے اپنے آرام کو ترک کرکے اس اجتماع کی تیاری کے لئے تشریف لائے ہیں یقیناً اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی بہترین جزاء دے گا۔ میری درخواست ہے کہ کام کے دوران دعائیں جاری رکھیں ہال میں ماسک کا ضرور استعمال کریں احتیاطی تدابیر کو ہاتھ سے مت جانے دیں۔ سردی کا موسم ہے باہر بھی کام کرنا ہے گرم کپڑے جیکٹ وغیرہ پہن کر کام کریں اور اسی طرح حفاظتی نکتہ نگاہ سے بھی  اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں۔

اس کے بعد مکرم صدر صاحب نےاجتماع کمیٹی کے بعض ممبران کا تعارف کروایاا نہوں نے بتایا کہ منتظم اعلیٰ اجتماع مکرم ظفر احمد ناگی صاحب ہیں جو نائب صدر صف دوم بھی ہیں وہ آج یہاں اپنی پوری  ٹیم کے ساتھ موجود ہیں ان کےساتھ مکرم ڈاکٹر راشد نواز صاحب نائب منتظم اعلیٰ ہیں جو تیاری کے معاملات کو دیکھیں گے ان کے سپرد بہت بڑی اور اہم ذمہ داری ہے۔ منتظم  تیاری مکرم ممتازاحمد کاہلوں صاحب ہیں اس کے ساتھ ساتھ یہ وقار عمل کرنے والوں کی ضیافت و ریفریشمنٹ کا بھی خیال رکھیں گے صدر صاحب نے مزید کہا کہ موسم سرد ہے لہذا چائے کا انتظام ہر وقت ہونا چاہئے۔ اسی طرح مکرم محمد احمد صاحب کا تعارف کروایا کہ مئی مارکیٹ کی انتظامیہ سے رابطے کی ذمہ داری ان کے سپر دہے۔

مکرم صدر صاحب نے دعا کروائی اور تمام کارکنان کی خدمت میں مٹھائی پیش کی گئی۔اس کے بعد چند اعلانات ہوئے اور صدر صاحب کے ساتھ گروپ تصویر ہوئی اور فوری طور پر کارکنان کو طے شدہ پروگرام کے مطابق گروپس میں تقسیم کر دیا گیا اورتیاری اللہ کے فضل سے شروع کر دی گئی۔

اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے خاکسار نے مکرم ظفر احمد ناگی صاحب منتظم اعلیٰ سے آج کے کاموں کے بارے دریافت کیا جس پر انہوں نے بتایا کہ آج اِن شاء اللہ ہم ہال میں قالین وغیرہ بچھا کر تیارکردیں گے تقریباً ایک ہزار کرسیاں لگانی ہے۔ ہال چونکہ بہت بڑا ہے اور بارش کا بھی احتمال ہے لہذا اسی  میں علمی وورزشی مقاملہ جات بھی  ہونگے اوربعض  دفاتر بھی  اندر ہی تیار کئے جائیں گے ۔

خیمہ جات:۔ امسال 10ٹینٹ لگانے ہیں جن میں سکیورٹی، سکینگ، لنگر، ضیافت اورپارکنگ وغیرہ کے انتظامات ہونگے وہ بھی ان شاء اللہ آج رات تک تیار ہوجائیں گے۔

علمی مقاملہ جات :۔ میں حسن قرأت، نظم، تقریر اردو صف اول و دوم ،بیعت بازی، جرمن تقریر صرف صف دوم کے لئے ہوگی۔ امتحانی پرچہ علاقائی سطح پر پہلی دس پوزیشن لینے والے انصار  کے مابین ہوگا۔

ورزشی مقابلہ جات :۔میں امسال  کلائی پکڑنا، 100میٹر دوڑ صف اوّل ، دوم، تیز چلنا، فٹ بال، والی بال، رسہ کشی ، مشاہدہ معائنہ اور کرکٹ  کے مقابلہ جات ہونگے۔

مکرم فلاح الدین خان صاحب نائب منتظم اعلیٰ نے بتایا کہ اُن کے ذمہ درج ذیل شعبہ جات ہیں جس میں نظم وضبط اندرون، ضیافت مہمان ازبیرون، ترجمانی، آلات ترجمانی کی انسٹالیشن، اسٹیج ، لاؤڈ اسپیکر وغیرہ شامل ہیں۔ خاکسار کے سوال پر خان صاحب نے بتایا کہ امسال جرمن، عربی، ترکی اور بوقت ضرورت مزید زبانوں کی ترجمانی کے لئے ہمارے پاس انتظامات اللہ کے فضل سے موجود ہیں۔

صبح 8 بجے سے دفتر تیاری کا قیام عمل میں آچکا ہے اور کارکنان ضرورت کے مطابق وہاں سے سامان اور راہنمائی حاصل کر رہے ہیں۔آج شام تک تقریباً 160انصار بھائیوں نے وقارعمل میں حصہ لیا۔

(صفوان احمد ملک نمائندہ روزنامہ الفضل)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 نومبر 2021

اگلا پڑھیں

تلاش رشتہ کے لئے ضروری ہدایات