• 26 اپریل, 2024

تاریخ ساز پہلا جلسہ سالانہ لگزمبرگ

جماعت احمدیہ لگزمبرگ کا پہلا جلسہ سالانہ موٴرخہ 20؍نومبر 2022ء اللہ تعالیٰ کے فضلوں اور برکتوں کو سمیٹتے ہوئے اختتام پذیر ہوا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ

اس تاریخ ساز پہلے جلسہ سالانہ کے انتظامات کا آغاز مجلس عاملہ کے مشورہ سے افسر جلسہ سالانہ کے تقرر سے ہوا جس کی بعد ازاں حتمی منظوری پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ سے لی گئی اور یوں جلسہ کی تیاری کا آغاز ہو گیا۔ چونکہ جماعت لگزمبرگ انتظامی طور پر جماعت احمدیہ جرمنی کے تحت ہے اس لئے سارے انتظامات مکرم امیر صاحب جرمنی عبد اللہ واگس ہاؤزر کی نگرانی میں بوساطت نیشنل سیکرٹری تبلیغ مکرم حافظ فرید احمد خالد ہوتے رہے۔

موٴرخہ 13؍ستمبر کو ہماری پہلی میٹنگ برائے جلسہ سالانہ لگزمبرگ مشن ہاؤس میں منعقد ہوئی جس کی صدارت مکرم حافظ فرید خالد صاحب نے فرمائی اور دعا مکرم خالد لاگیٹ صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ لگزمبرگ نے کرائی۔ جس میں 2 نائب افسران کے تقرر کا اعلان کیا گیا۔ درج ذیل شعبہ جات اور ان کے ناظمین مقرر کئے گئے۔

ناظم ضیافت: مکرم محمد عثمان باجوہ صاحب
سیکرٹری صاحب مال جماعت لگزمبرگ
ناظم رجسٹریشن: مکرم عمر وقار صاحب
جنرل سیکرٹری جماعت لگزمبرگ
ناظم ٹرانسپورٹ: مکرم عطاء الہادی
سیکرٹری ضیافت جماعت لگزمبرگ
ناظم تیاری: مکرم ناصر احمد سلام صاحب
صدر جماعت فرینزہائم جرمنی
ناظم پریس اینڈ میڈیا: مکرم فیضان احمد سلام صاحب
ناظم ٹرانسلیشن: مکرم منصور احمد صاحب فرام فرانس
ناظم سمعی و بصری: مکرم احسن فہیم صاحب
نیشنل سیکرٹری سمعی و بصری و مربی سلسلہ جماعت جرمنی
ناظم سوشل میڈیا: مکرم شیراز احمد صاحب
نگران سوشل میڈیا شعبہ تبلیغ جرمنی
ناظم وائنڈ اپ: مکرم ناصر احمد سلام صاحب
صدر جماعت فرینز ہائم جرمنی

جلسہ سے قبل دو ماہ کے دورانیہ میں 6 میٹنگ منعقد کی گئیں۔ جن میں تمام امور کا باریکی اور گہرائی سے جائزہ لیا جاتا رہا۔

جلسہ کے انعقاد کے لئے سب سے بڑا مرحلہ ایک مناسب ہال تلاش کر نا تھا جس کا انتظام مکرم نیشنل صدر صاحب لگزمبرگ کے ذریعہ سے ہوا۔ دراصل یہ ہال ایک چرچ کا ہے جسے لگزمبرگ کی ایک ’’شٹم فون ڈیا شٹخوس‘‘ ’’Stam von der Stroos‘‘ نامی فلاحی تنظیم نے کرائے پر لیا ہوا ہے جس میں اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ جماعت احمدیہ لگزمبرگ کو گزشتہ کئی ماہ سے غرباء کو مفت کھانا تقسیم کرنے کی سعادت مل رہی ہے۔ اسی اعزاز میں انہوں نے جماعت کو یہ ہال مفت مہیا فرما دیا جسے اگر ہمیں کرائے پر حاصل کرنا پڑتا تو کم سے کم کرایہ 4000 یورو ہوتا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ

تقاریر کے موضوعات اور مقررین کا انتخاب بھی جلسہ سالانہ کے انعقاد میں بہت اہمیت رکھتا ہے چنانچہ اس مرحلہ کو بھی میٹنگ میں تفصیلاً بحث میں لا کر فیصلہ کیا گیا۔ چنانچہ جلسہ کے پروگرام کو دو اجلاسات میں تقسیم کرنے کے بعد پہلے اجلاس میں 3 مقررین اور دوسرے اجلاس میں 2 مقررین کا انتخاب کیا گیا۔ پہلے اجلاس کی پہلی تقریر مکرم اشرف ضیاء صاحب امیر و مشنری انچارج آسٹریا، دوسری تقریر خاکسار محمد ظفر اللہ سلام مربی سلسلہ لگزمبرگ اور تیسری تقریر مکرم صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی کی بزبان اردو بالترتیب حضرت مسیح موعود ؑ کا انداز تبلیغ، اطاعت خلافت، خاتم النبیین کا حقیقی مفہوم کی مقرر کی گئیں۔ جبکہ دوسرا اجلاس، مکرم خالد لاگیٹ صاحب نیشنل صدر جماعت لگزمبرگ اور مکرم عبد اللہ واگس ہاؤزر امیر صاحب جرمنی کی بالترتیب خدا 21ویں صدی میں اور موجودہ عالمی حالات اور خلیفہٴ وقت کی راہنمائی، کے موضوعات پر مشتمل تھا۔ ان احباب اور تقایر کے موضوعات کی منظوری پیارے آقا کی خدمت اقدس سے حاصل کرنے کے بعد مذکورہ احباب کو مدعو کیا گیا جسے انہوں نے بصد احترام قبول فرمایا۔

معائنہ جلسہ سالانہ

موٴرخہ 19؍نومبر کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہماری نوے فیصد تیاری ہو چکی تھی۔ مکرم و محترم مشنری انچارج صداقت احمد صاحب نے جلسہ سالانہ کے انتظامات کا معائنہ کیا خاکسار افسر جلسہ سالانہ نے جلسہ کی تیاری رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں ناظمین و کارکنان کو قیمتی نصائح سے نوازا۔ آخر پر محترم صداقت احمد صاحب کے ہمراہ تما م ناظمین و کارکنان نے ڈنر کیا۔

جماعتی روایت کے مطابق اجلاسات جلسہ کیا آغاز تلاوت، نظم اور ملکی لوکل زبان میں ان کے ترجموں سے کیا گیا۔ لگزمبرگ کی لوکل زبان فرنچ ہے اس لئے ان پیش کردہ تما م تقایر، تلاوت و نظموں کا ترجمہ فرنچ میں بھی پیش کیا گیا۔ چناچہ پہلے اجلاس میں تلاوت مکرم محمد عثمان باجوہ صاحب نے جبکہ اردو ترجمہ مکرم منصور جاوید چٹھہ صاحب اور فرنچ ترجمہ عزیزم فصیح احمد سلام نے پیش کیا۔ اسی طرح نظم مکرم عمر وقار صاحب جبکہ فرنچ ترجمہ مکرم منصور احمد صاحب فرام فرانس نے پیش فرمایا۔ دوسرے اجلاس میں تلاوت ہمارے شامی بھائی مکرم احمد جبان صاحب نے کی جس کا اردو ترجمہ مکرم ڈاکٹر وحید احمد صاحب اور فرنچ ترجمہ عزیزم فیضان احمد سلام نے پیش فرمایا۔ اسی طرح نظم مکر م مرتضی منان صاحب نے پیش فرمائی جس کا فرنچ ترجمہ ہمارے کیمرون سے تعلق رکھنے والے بھائی مکرم لیون میعاب صاحب نے پیش کیا۔

جلسہ میں شرکت کے لئے آنے والے مہمانوں کی صبح کے ناشتہ کے علاوہ دوپہر کے کھانے اور رات کے کھانے کے پیکٹ ساتھ دینے کی مدارت کی گئی۔ جلسہ کے دوران تمام وقت چائے کا بندوبست رہا جس کی ذمہ داری احسن طریق پر مکرم شہباز بٹ صاحب نے نبھائی۔ جبکہ غیر از جماعت مہمانوں، جن کی تعداد 22 تھی، کی مہمان نوازی کے لئے باقاعدہ ڈنر کا انتظام کیا گیا تھا۔ بعد ازاں ان کی خدمت میں ایک نہ صرف مزیدار بلکہ بہت ہی خوبصورت کیک پیش کیا گیا جو بہت ہی زیادہ پسند کیا گیا۔ یہ کیک ہمارے بھائی مکرم شاہد بٹ صاحب آف جماعت وٹلش کی اہلیہ مکرمہ… نے خاص طور پر اپنے ہاتھ سے تیار کیا تھا۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر اور تشکر ہے کہ جلسہ کے کھانے کی تیاری کا انتظام وٹلش جماعت، جو جرمنی کی ایک جماعت ہے اور لگزمبرگ سے 150 کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ہے، میں کیا گیا تھا جہاں پر تیاری کھانے کی ٹیم، جس کی نگران کک مکرم افضل صاحب تھے، کے کئی ممبران نے جلسہ میں شرکت نہیں کی بلکہ اپنی ڈیوٹی پوری کرنے اور حضرت مسیح موعود ؑ کے مہمانوں کی خدمت میں لنگر پیش کرنے کے لئے پس پردہ ہی کام کرتے رہے اور تک کسی کو معلوم نہیں کہ وہ کون تھے۔ سُبْحَانَ اللّٰہِ۔ اَللّٰھُمَّ بَارِکْھُمْ وَ اَصْلِحْ بَالَھُمْ۔

جلسہ سالانہ منعقد کرنے کے لئے جو ہال ہمیں مہیا تھا وہ ضرورت سے کہیں زیادہ چھوٹا تھا مگر چونکہ لگزمبرگ ہے تو یورپ کا ایک چھوٹا سا ملک لیکن نہایت ہی مہنگا ہونے کے ساتھ ساتھ مذہب سے بالکل لاتعلق اور متنفر ملک ہے۔ چنانچہ یہ ہال ملنا بھی ہمارے لئے ایک معجزہ اور قیمتی موقع تھا وگرنہ کوئی بھی مذہبی اور خاص طور پر اسلامی پروگرام منعقد کرنے کی اجازت ملنا جوئے شیر لانے سے کم نہیں۔ چنانچہ اسی 150 مربع میٹر کے اس ہال میں جلسہ منعقد کرنا کوئی آسان کام نہ تھا۔ جس میں 120 افراد کے لئے جلسہ سننے کا، کھانا کھانے کا اور نمازیں پڑھنے کا انتظام کرنا کسی چیلنج سے کم نہ تھا۔ چنانچہ اس کام کے لئے مستعد ٹیمیں تیار کی گئیں جو وقت پر تیار اور اشارے کی منتظر تھیں۔ جیسے ہی پہلا اجلاس ختم ہوا 3 سے 5 منٹ کے اندر ایک ٹیم نے ہال میں موجود تمام کرسیاں اٹھا دیں اور دوسری ٹیم نے فقط 3 منٹ میں نماز کے لئے صفیں بچھا ڈالیں۔ جونہی نماز ختم ہوئی ایک ٹیم جو پہلے سے تیار تھی نے فورًا صفیں اٹھا کر 8 منٹ میں ٹیبلیں کرسیاں لگا کر اسی ہال کو ڈائنگ ہال میں تبدیل کر دیا۔ بعد ازاں ہال میں انہیں ٹیلبوں کی صفائی کے بعد اسے غیر از جماعت مہمانوں کے بیٹھنےکے لئے چھوڑ دیا گیا۔

پرچم کشائی

جلسہ سالانہ کا پہلا اجلاس مکرم امیر صاحب جرمنی کی صدارت میں ٹھیک 11 بجے اپنے مقررہ وقت پر پرچم کشائی سے ہوا۔ محترم امیر صاحب جرمنی نے لوائے احمدیت جبکہ محترم نیشنل صدر صاحب لگزمبرگ نے لگزمبرگ کا جھنڈا لہرایا۔ پھر محترم امیر صاحب جرمنی نے دعا کرائی اور سٹیج پر صدارت کی کرسی پر انہیں مدعو کیا گیا۔

اور تین گھنٹہ قَالَ اللّٰہُ وَ قَالَ الرَّسُوْلُ سے احباب جماعت کے ایمانوں کو معطر کرنے کے بعد اپنے اختتام کو پہنچا۔ نماز ظہرو عصر کی ادائیگی اور دوپہر کےکھانے سے فارغ ہوئے ہی تھے کہ غیر از جماعت احباب کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ ایک ایک مہمان کو دروازہ پر خوش آمدید کہنے کے لئے فرنچ بولنے والے خدام موجود تھے اور ساتھ ہی انہیں ہال میں لاکر عزت و احترام سے کرسی پر بٹھا دیا جاتا تھا۔ جلسہ سالانہ کا دوسرا اجلاس ٹھیک اپنے وقت پر ساڑھے تین بجے شروع ہوگیا۔ پہلی تلاوت و نظم کے بعد پہلی تقاریر پیش کی گئیں اور بعد ازاں مہمانوں کو کھانا پیش کیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر لگزمبر گ میں موجود ایک فلاحی تنظیم ’’سمائلی کِڈز‘‘ یعنی مسکراتے بچے نامی ایک فلاحی تنظیم کو 2 ماہ قبل جماعت لگزمبرگ کی طرف سے کھانا پیش کیا گیا تھا جسے لوگوں نے قیمتًا خریدا تھا جس کی تمام رقم 500 یورو کا چیک اس فلاحی تنظیم کو پیش کیا گیا۔ اور یوں یہ جلسہ سالانہ بابرکت و بخیریت انجام پذیر ہوا۔ جلسہ کے بعد تمام احباب کی خدمت میں رات کا کھانا پیش کیا گیا۔ غیر از جماعت مہمانوں کے لئے بطور خاص بغیر مرچوں کے مگر پر تکلف کھانے کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

اس موقع پر چند احباب کے لئے خصوصی طور پر شکریہ کے الفاظ کہنے بے موقع نہ ہوں گے۔

محترم حافظ فرید احمد خالد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ جماعت جرمنی جنہوں نے نہایت جانفشانی سے اور بالخصوص آخری دنوں میں بیماری کے باوجود نائب افسران جلسہ مکرم صفوان ملک صاحب اور مکرم سرور چیمہ صاحب کے ساتھ متعدد دورے کئے اور تمام معاملات کی نگرانی فرماتے رہے۔ اور ہر لحاظ سے خاکسار کے ممد و معاون رہے۔ جَزَاہُ اللّٰہُ تَعَالیٰ

جماعت وٹلش میں رہ کر کھانا تیار کرنے والی ٹیم جنہوں نے جلسہ میں غیر حاضر ہونا منظور کیا مگر اپنی ڈیوٹی سرانجام دے کر خدا تعالیٰ کے ہاں ماجور ہوئے۔ جَزَاہُمُ اللّٰہُ تَعَالیٰ

مکرم ناصر احمد سلام صاحب جو جماعت فرئنز ہائم جرمنی کے صدر جماعت ہیں۔ ہسپتال میں ٹانگ اور کمر میں سخت درد کی وجہ سے بیمار رہنے کے بعد مکمل صحتیاب ہونے سے قبل ہی پورا ایک ہفتہ اپنی بیماری کی چھٹیوں میں لگزمبرگ آکر کام کیا۔ اور سٹیج کی ساری سجاوٹ اور تیاری جلسہ گاہ میں انتہائی محنت اور لگن سے وقار عمل کیا۔ جَزَاہُ اللّٰہُ تَعَالیٰ

جلسہ سالانہ لگزمبرگ کی کل حاضری 162 تھی جن میں غیر از جماعت مہمانوں کی تعداد 22 تھی جن میں لگزمبرگ، پرتگال، مراکش، شام، الجیریا، فرانس سے تعلق رکھنے والے احباب تھے۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو جزائے خیر عطا فرمائے اور جلسہ کی تما م برکات سے نوازے۔ جلسہ سالانہ میں کسی بھی رنگ میں چھوٹی سے چھوٹی خدمت بجالانے والے کو اجر عظیم سے نوازے۔

احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس جلسہ سالانہ کو جماعت لگزمبرگ کی تعلیم و تربیت اور تبلیغ اسلام کے لئے ایک سنگ میل بنا دے۔ اٰمیْن اَللّٰھُمَّ اٰمیْن

(رپورٹ: ظفراللہ سلام۔ افسر جلسہ سالانہ لگزمبرگ)

پچھلا پڑھیں

انڈیکس مضامین نومبر 2022ء الفضل آن لائن لندن

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی