• 25 اپریل, 2024

کتاب ’’حرفِ مبشر‘‘ کی تقریب رونمائی

مورخہ10 دسمبر 2019٫ کی شام مسجد بیت الرحمٰن گلاسگو میں بزم علم وادب کا ایک سالانہ اجلاس ہوا۔ اسکاٹ لینڈ کےاحمدی اہلِ قلم،دانشوروں اورشُعرا پر مشتمل اس تنظیم کا قیام2011٫ میں عمل میں آیا تھا جس کے تحت کچھ مشاعرے اوردوسری ادبی سرگرمیاں ہوتی رہی ہیں۔گلاسگو کے مقامی ایف ایم ریڈیو پر بھی ایک عالمی مشاعرے کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں جرمنی،پاکستان، ہندوستان، امریکہ اوربرطانیہ کے شعرا نے حصہ لیا۔

آج کی اس شام میں علاوہ دوسرے تنظیمی معاملات کے گلاسگو کے معروف شاعر،ادیب اورصحافی مکرم مبشر شہزاد کی کتاب ‘‘حرفِ مبشر’’کی تقریب رونمائی ہوئی۔تقریب سےخطاب کرتے ہوئے مُربی سلسلہ مکرم داؤداحمد قریشی نے جوخودبھی ایک شاعراورلکھاری ہیں کتاب پر خوبصورت تبصرہ کیا اور کہا کہ اس مجموعہ میں حمد باری تعالیٰ اور نعتیہ کلام کے ساتھ ساتھ جونظمیں اورغزلیں لکھی گئی ہیں ان سب میں دین اور خلافت سے محبت کا عنصر سب سے نمایاں ہےجیسے:۔

آقا کا ہمارے وہ یثرب میں جو گھر ہے
ایسی کسی گھر کی کوئی دیوار نہ در ہے
ایک ایک قدم اُٹھے یہاں ساتھ ادب کے
اے قافلے والو یہ مدینے کا سفر ہے

خلافت سے والہانہ عقیدت کا اظہار ان اشعارسےہوتا ہے:۔

خلافت کا ہے پھل جن کو ملاتقدیر والے ہیں
وہی رانجھے ہیں روحانی، فلک پر ہیر والے ہیں
خلافت کی دُعا سے بے نصیبی دور رہتی ہے
مبشر اک ندی فرقان کی بہتی ہی رہتی ہے

مکرم مبشر شہزاد نے اپناکچھ کلام بھی اس کتاب سے سنایا اور سب دوستوں میں ایک ایک کتاب کا نسخہ اپنے دستخط کے ساتھ تقسیم کیا۔
آخر میں بزم علم وادب کے منتظم اعلیٰ مکرم عبدالغفار عابد نے مختصر خطاب کیا اور تنظیم کو مزید فعال بنانے اور اردو ادب سے متعلق زیادہ پروگرام کرنے پر زور دیا جس سے نئے لکھنے والے احمدی دوستوں کی حوصلہ افزائی ہوتی رہے۔مہمانوں کی خدمت مشروبات سے کی گئی اور یہ مجلس دُعا اورنماز عشا٫ کے ساتھ اختتام پذیرہوئی۔

(ارشدمحمود ۔ گلاسگو)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 جنوری 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 جنوری 2020