• 4 مئی, 2024

گھر سے باہر جانے اور شادی کی مبارکباد کی دعائیں

حضرت اُم سلمہؓ فرماتی ہیں کہ رسول کریمﷺ جب میرے گھر سے نکلتے تو آسمان کی طرف نظر اٹھا کر یہ دعا پڑھتے:

اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَعُوْذُبِکَ اَنْ اَضِلَّ اَوْ اُضَلَّ اَوْ اَزِلَّ اَوْاُزَلَّ اَوْ اَظْلِمَ اَوْ اُظْلَمَ اَوْ اَجْھَلَ اَوْ یُجْھَلَ عَلَیَّ۔

(سنن ابی داؤد۔ابواب النوم۔باب مایقول اِذاخرج من بیعتہ)

(ترجمہ) اے اللہ! میں آپ کی پناہ مانگتا ہوں اس بات سے کہ میں گمراہ ہوں یا گمراہ کیا جاؤں ، یا لغزش کھاؤں یا پھسلایا جاؤں اور اس بات سے کہ میں کسی پر ظلم کروں یا کوئی دوسرا مجھ پر ظلم کرے یا جہالت برتوں یا میرے ساتھ جہالت برتی جائے۔

حضرت ام سلمہؓ فرماتی ہیں کہ نبی کریمﷺجب گھر سے باہر تشریف لے جاتے تو یہ دعا پڑھتے:

بسْمِ اللّٰہِ تَوَکَّلْتُ عَلَی اللّٰہِ اَللّٰھُمَّ اِنَّا نَعُوْذُ بِکَ مِنْ اَنْ نَّزِلَّ اَوْ نُضِلَّ اَوْ نَظْلِمَ اَوْ نُظْلَمَ اَوْنَجْھَلَ اَوْ یُجْھَلَ عَلَیْنَا

(سنن الترمذی۔کتاب الدعوات۔ باب منہ، حدیث نمبر3427)

اے اللہ! ہم تیری پناہ لیتے ہیں اس سے کہ ہمارے قدم (تیرے راستہ سے) خود ڈگمگائیں، یا ہم کسی اور کے قدم ڈگمگائیں اور اس سے کہ ہم کسی کو گمراہ کریں اور اس سے کہ ہم (کسی پر) ظلم کریں، یا ہم پر ظلم کیا جائے، یا ہم (کسی کے ساتھ) نادانی (بدتمیزی) کریں، یا ہم پر نادانی (بدتمیزی) کی جائے۔

حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ جب کوئی شادی کرتا ہے تو رسول کریمﷺ فرماتے:

بَارَکَ اللّٰہُ لَکَ وَبَارَکَ عَلَیْکَ وَجَمَعَ بَیْنَکُمَا فِی الخَیْر

(سنن الترمذی،کتاب النکاح عن رسول اللہؐ،باب ماجاء فیھا یقال للمتزوج)

اللہ تعالیٰ آ پ دونوں (زوجین) پر برکتیں نازل فرمائے اور دونوں کو حسن معاشرت عطافرمائے۔

بعض کو آپؐ یہ دعا بھی دیتے جیسا کہ حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ کو دی۔

بَارَکَ اللّٰہُ لَکَ فِیْ اَھْلِکَ وَ مَالِکَ

(سنن الترمذی،کتاب النکاح عن رسول اللہؐ،باب ماجاء فیھا یقال للمتزوج)

اللہ تعالیٰ تمہارے گھر والوں اور تمہارے مال میں برکت عطا فرمائے۔

اللّٰہُمَّ بَارِکْ لَہُمْ، وَبَارِکْ عَلَیْہِمْ کے الفاظ بھی ملتے ہیں۔

(سنن ابن ماجہ کتاب النکاح حدیث 1906)

(مرسلہ:ذکاءاللہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 جنوری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 جنوری 2021