• 26 اپریل, 2024

عہدِ سالِ نو

آؤ! سب مل کے نئے سال میں اک کام کریں
اپنے ہر کام میں شیطان کو نا کام کریں
شرک کو چھوڑ کے توحید کا دامن پکڑیں
ردّ کریں جھوٹ، صداقت کو ذرا عام کریں
نظرِ بد ترک کریں، غضِّ بصر اپنائیں
خود پہ وہ مال جو اپنا نہیں، حرام کریں
ظلم کو ظلم سمجھ کر ہوں کھڑے اس کے خلاف
اور خیانت کو بُرا کہنے کی رسم، عام کریں
کوئی دل میں نہ بغاوت ہو، نہ ہو کوئی فساد
دل سے تسلیم سبھی مولا کے احکام کریں
دوسری شرط میں بیعت کی ہے شامل یہ تو
جوش میں آئے اگر نفس، اسے رام کریں
ہم کو تسلیم ہوں احکامِ شریعت سارے
پانچ وقت اپنی نمازوں کا التزام کریں
ہو یہ کوشش کہ تہجّد بھی ادا ہو جائے
اور قرآں کی تلاوت کا اہتمام کریں
دیں کو دنیا پہ مقدّم ہمیں رکھنا ہو عزیز
سامنے رکھ کے یہ ہر فیصلہ، ہر گام کریں
وقت بیتے جو بھلائی میں وہ انسان کی ہو
دُور دکھ اوروں کے اور، نیکیاں مدام کریں
اپنے رہبر سے محبّت ہو سبھی سے بڑھ کر
دور ہوں دل کے مرض، اُس کا جو اکرام کریں

(ڈاکٹر طارق انور باجوہ۔ لندن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی