• 18 اپریل, 2024

مالٹا میں خدمت انسانیت

حضرت سیدنا خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں:
’’جماعت میں خدمت خلق اور بنی نوع انسان کی خدمت کے لئے جتنا زور دیا جاتاہے اور ہر امیر غریب اپنی بساط کے مطابق اس کوشش میں ہوتاہے کہ کب اسے موقع ملے اور وہ اللہ کی رضا کی خاطر خدمت خلق کے کام کو سرانجام دے۔ کیوں ہر احمدی کا دل خدمت خلق کے کاموں میں اتنا کھلاہے اس لئے کہ اسلام کی جس خوبصورت تعلیم کو ہم بھول چکے تھے کہ اگر اللہ تعالیٰ کی محبت چاہتے ہوتو پھر اس کی مخلوق سے اچھا سلوک کرو، ان کی ضروریات کا خیال رکھو۔ یہ بھی ایک بہت بڑا ذریعہ ہے جو تمہیں اللہ تعالیٰ کے قرب سے نوازے گا۔ اس خوبصورت تعلیم کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے اپنی شرائط بیعت کی ایک بنیاد ی شرط قرار دیاہے کہ میرے ساتھ منسلک ہونے کے بعد اپنی تمام تر طاقتوں اور نعمتوں سے اللہ تعالیٰ کی مخلوق کی نہ صرف ہمدردی کرو بلکہ ان کو فائدہ بھی پہنچاؤ۔‘‘

(خطبات مسرور ، جلد اول، صفحہ 398)

خدمت خلق کے اسی جذبہ سے سرشار جماعت احمدیہ مالٹا کو ہیومینٹی فرسٹ سوئٹزر لینڈ کے تعاون سے خدمت خلق کے مزید کام کی توفیق ملی۔ فَالْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلٰی ذَالِکَ۔ ہیومینٹی فرسٹ سوئٹزر لینڈکو خدمت خلق کے کاموں کے لئے ایک تجویز بھیجی گئی جو مکرم شمیم احمد قاضی صاحب، چئیرمین ہیومینٹی فرسٹ سوئٹزر لینڈ اور مکرم عارف محمود ملک صاحب، صدر مجلس انصاراللہ سوئٹزر لینڈ کے تعاون سے تیار کی گئی تھی۔ اللہ تعالیٰ ان کے مخلصانہ تعاون کی انہیں جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

اس تجویز کی منظوری کے بعد جماعت احمدیہ مالٹا نے دو مقامی مارکیٹس سے بنیادی ضرورت کی اشیاء خریدیں اور ان کے دو سو پیکٹ تیار کرکے مندرجہ ذیل پانچ فلاحی تنظیموں کو بطور عطیہ پیش کئے۔ افراد جماعت نے 25 گھنٹے اس فلاحی کام کے لئے صَرف کیے۔ جن افراد اور خاندانوں کو خوراک کے پیکٹ تقسیم کئے گئے ان میں اسائیلم سیکرز، ریفیوجی خاندان، بے گھر افراد، گھریلو تشدد کی شکار خواتین اور ان کے بچے اور معاشرے کے غریب افراد شامل ہیں۔ تقریباً دو سو خاندان (350 افراد) ان عطیات سے مستفیض ہوئے۔ اس عطیہ کردہ خوراک سے دوسو خاندانوں کے لئے ایک ہفتہ کے طعام کا انتظام ہوسکے گا۔ فَالْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلٰی ذَالِکَ

The Malta Trust Foundation-کو خوراک کا عطیہ

مالٹا کی سابقہ صدر مملکت مکرمہ میری لوئیس کولیرو پریکا صاحبہ کی زیرنگرانی ایک فلاحی ادارہ قائم ہے جو ضرورتمند افراد کو تعاون اور مدد فراہم کرتا ہے۔ مکرمہ سابقہ صدر مملکت صاحبہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں خوراک کا عطیہ پیش کیا تا کہ اس ادارہ کی خدمات سے استفادہ کرنے والے افراد میں یہ خوراک تقسیم کی جاسکے۔ محترمہ صدر صاحبہ کا جماعت کے ساتھ بہت گہرا تعلق ہے اور وہ ہمیشہ جماعت کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔ اس عطیہ پر بھی انہوں نے بڑی فراخدلی سے شکریہ ادا کیا۔

ریفیوجی خاندانوں کے لئے خوراک کا عطیہ

مالٹا کے ریفیوجی سینٹر میں مقیم خاندانوں میں خوراک کے پیکٹ تقسیم کئے گئے۔ اس سینٹر میں 51 خاندان رہائش پذیر ہیں جن میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں۔

Fondazzjoni Seb کے لئے خوراک کا عطیہ

عیدالفطر کے روز سیبح فاؤنڈیشن میں خوراک کاعطیہ دیاگیا۔ یہ ایک فلاحی ادارہ ہے اور مالٹا کے چرچ کے زیر انتظام تشدد کی شکار خواتین اور ان کےبچوں کو رہائشی خدمات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی مدد بھی فراہم کرتا ہے۔

Dar Leopoldo کے لئے خوراک کا عطیہ

مالٹا میں بے گھر افراد کے لئے قائم ایک ادارہ لیئوپولدو ہاؤس کو خوراک کا عطیہ پیش کیا گیا تاکہ اس ادارہ میں مقیم افراد اس سے مستفیض ہو سکیں۔ اس ہوم میں 19 افراد رہائش پذیر ہیں جو بے سروسامانی اور گھر نہ ہونے کی وجہ سے یہاں پہنچتے ہیں۔

Reach Residential۔ کے لئے خوراک کا عطیہ

یہ ادارہ بے گھر افراد کو رہائش اور کھانا فراہم کرتا ہے تاکہ جب تک ان کی رہائش اور خوراک کا مستقل سامان نہیں ہوتا تب تک ان کی ضروریات کا خیال رکھا جائے۔

خاکسار ہیومینٹی فرسٹ سوئیزرلینڈ کے تمام کارکنان وعطیہ دہندگان اور جماعت احمدیہ مالٹا کے افراد جنہوں نے ان پروگراموں کے انعقاد میں بھر پور تعاون کیا کا تہہ دل سے شکر گزارہے۔ اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر و اجر عظیم سے نوازے۔سب سے بڑھ کر اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر گزار ہے کہ جس نے ہمیں بنی نوع انسان کی خدمت کے قابل بنایااور ہمیں خدمت خلق کی توفیق عطا فرمائی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں حقوق اللہ اور حقوق العباد کی کماحقہ ادائیگی کی ہمیشہ توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین۔ اللّٰھُمَّ آمین

(رپورٹ: لئیق احمد عاطف۔ مبلغ سلسلہ و صدر جماعت احمدیہ مالٹا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 جولائی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 جولائی 2021