• 23 اپریل, 2024

آج کی دعا

اے خداوندِ قادر ومطلق!اگرچہ قدیم سے تیری یہی عادت اور یہی سنت ہے کہ تو بچوں اور امیوں کو سمجھ عطا کرتا ہےاور اس دنیا کے حکیموں اور فلاسفروں کی آنکھوں اور دلوں پر سخت پردے تاریکی کے ڈال دیتا ہے۔مگر میں تیری جناب میں عجز اور تضرع سے عرض کرتا ہوں کہ ان لوگوں میں سے بھی ایک جماعت ہماری طرف کھینچ لاجیسے تونے بعض کو کھینچا بھی ہے۔اور ان کو بھی آنکھیں بخش اور کان عطا ءکر اور دل عنایت فرماتا وہ دیکھیں اور سنیں اور سمجھیں اور تیری اس نعمت کاجو تونے اپنے وقت پر نازل کی ہےقدر پہچان کر اس کے حاصل کرنے کے لئے متوجہ ہوجائیں۔اگر تُو چاہے تو تُو ایسا کرسکتا ہے۔کیونکہ کوئی بات تیرے آگے انہونی نہیں۔

(ازالہ اوہام،روحانی خزائن جلد 3صفحہ120)

یہ حضرت اقدس مسیحِ موعودؑ کی عامۃ المسلمین کے حق میں پیاری دعاہے۔

ہمارے پیارے آقا سیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسلسل بنی نوع انسان کی ہدایت کے لئے خصوصی دعاؤں کی تحریک فرما رہے ہیں۔آپ فرماتے ہیں:
دعا تو ہم ان کے لیے بھی کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ! اگر ان میں کوئی بھی شرافت کی رمق ہے تو اللہ تعالیٰ انہیں عقل دے اور انہیں سمجھ آ جائے لیکن عوام الناس کے لیے، عامۃ المسلمین کے لیے، زیادہ دعا کرنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ ان کو ان کے چنگل سے نجات دے۔بہرحال یہ ہمارے فائدے کے لیے مخالفت کرتے ہیں ایسی ایسی جگہوں پر احمدیت کا پیغام پہنچ رہا ہے جہاں پہلے نہیں پہنچتا تھا۔ یا ہمارے ذریعہ سے نہیں پہنچ سکتا تھا اور پھر ان میں سے بعض لوگ خود رابطہ بھی کرتے ہیں۔ پس ہمارا کام دعا کرنا ہے اور صبر کرنا ہے اور یہی بہترین ذریعہ ہے جو اِنْ شَاءاللہ تعالیٰ ہمیں کامیابی بھی عطا فرمائے گا۔ ہمارا کام یہی ہے کہ ایک مسلمان کے لیے اپنے خیالات اور اپنے احساسات کو صاف رکھیں۔ ان کے لیے دعائیں کرتے رہیں کہ اللہ تعالیٰ جلد ان کی آنکھیں کھولے اور یہ زمانے کے امام کو ماننے اور پہچاننے والے بن جائیں۔

(خطبہ جمعہ 14؍ مئی 2021ء)

؎ ان دلوں کو خود بدل دے اے مرے قادر خدا
تو تو رَبُّ الْعَالَمِیْن ہے اور سب کا شہریار
اک کرم کر پھیر دے لوگوں کو فُرقاں کی طرف
نیز دے توفیق تا وہ کچھ کریں سوچ وبچار
دن چڑھا ہے دشمنانِ دیں کا ہم پر رات ہے
اے مرے سورج نکل باہر کہ میں ہوں بے قرار
اے میرے پیارے فِدا ہو تجھ پہ ہر ذرہ مرا
پھیر دے میری طرف اے سارباں جگ کی مہار

(مرسلہ:مریم رحمٰن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 اگست 2021

اگلا پڑھیں

مکرم ضمیر احمد ندیم کی یاد میں