• 24 اپریل, 2024

بیلجیئم میں تباہ کن سیلاب اور خدمتِ خلق

بیلجیئم میں تباہ کن سیلاب اور خدمتِ خلق
’’مرا مطلوب ومقصود و تمنا خدمت خلق است‘‘

حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں کہ قرآن شریف کے بڑے حکم دو ہی ہیں ایک توحید و محبت و اطاعت باری عزّاسمہ دوسری ہمدردی اپنے بھائیوں اور اپنے بنی نو ع کی

( ازالہ اوہام، روحانی خزائن جلد 3صفحہ550)

پس خوش قسمت ہیں ہم جنہوں نے زمانے کے امام کو مانا جس کو خدا تعالی نے زمانے کی اصلاح کے لئے اُس وقت بھیجا جب دینا میں ہر طرف خود غرضی کا دور دورہ تھا اس امام کو ماننے کی وجہ سے اللہ تعالی نے ہمیں ان بُرائیوں سے بچنے کے راستے دکھادئیے۔ اب ہم احمدی مخلوق کی ہمدردی میں ہر وقت کو شاں ہیں۔اللہ تعالی کے فضل سےجماعت احمدیہ بیلجیئم کو گزشتہ ہفتہ سے مخلوق کی ہمدردی کے جذبہ کے تحت ان فرائض کی ادائیگی کے لئے حتی المقدور کوشش میں مصروف عمل ہے۔

بیلجیئم کے ریجن لیئج میں جو جرمنی کے بارڈر سے منسلک ہے مؤرخہ 14 جولائی بروز بدھ کوتباہ کن سیلاب آیا۔ جس نے اس پورے ریجن کے نظام کو دھرم بھرم کردیا،اس سیلاب سے ستر ہزار سے زائد گھر متاثر ہوئے، سنتیس لوگ وفات پا گئے اور سو سے زیادہ لوگ گم شدہ ہیں۔اسی طرح مؤرخہ 24جولائی بروز ہفتہ شام کے وقت دوسری جگہ نامن ریجن میں بھی سیلاب آیا۔اس مشکل وقت میں اللہ تعالیٰ کے خاص فضل واحسان اور خلیفۂ وقت کی دعاؤں کی برکت سے جماعت احمدیہ بیلجیئم کو دن رات انسانیت کی خدمت کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

مؤرخہ15جولائی تا27جولائی تک کی رپورٹ

  1. مؤرخہ 15جولائی بروز جمعرات مکرم ڈاکڑ ادریس احمد امیر جماعت اور مکرم انور حسین نائب امیر مع خدام متاثرہ علاقہ میں پہنچے اور وہاں جماعت کی طرف سےتین سو سے زائد لوگوں کے لئے کھانا بھی پہنچایا گیا جو لیئج،اُؤپن کی مجالس کے خدام نے ایک لوکل تنظیم کے ساتھ مل کر لوگوں میں تقسیم کیا۔
  2. مؤرخہ 16جولائی بروزجمعہ مکرم توصیف احمد مربی سلسلہ و صدر مجلس خدام الاحمدیہ اورمکرم بشارت ثاقب چیٔر مین ہومینٹی فرسٹ دس خدام کے ساتھ ویرویئے شہر گئے جہاں ایک لوکل تنظیم کے ساتھ مل کرمتاثرہ لوگوں کے لئے آئے ہوئے سامان کے ٹرک خالی کئےاورمختلف امور میں مدد کی۔
  3. مؤرخہ 17جولائی بروز ہفتہ مکرم توصیف احمد مربی سلسلہ و صدر مجلس خدام الاحمدیہ، مکرم حامد قریشی مہتمم خدمت خلق کے ہمراہ 55خدام کی ٹیم کے ساتھ ویرویئے شہر پہنچے،جہاں مکرم ڈاکڑ ادریس احمد امیر جماعت بھی تشریف لائے انہوں نے خدام کو مختصر نصائح فرمائیں اور فرمایا کہ جو اسلام کی خوبصورت تعلیم ہے حب الوطن من الإيمان آج ہم سب اسے عملی رنگ میں پورا کرنے کے لئے یہاں جمع ہوئے ہیں،اور ہم نے اس مشکل وقت میں اپنے ملک کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہے اور ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کرنی ہے۔ بعد ازاں محترم امیر صاحب نے اجتماعی دعا کروائی اور تمام خدام کو مختلف ٹیموں میں تقسیم کر کے مختلف مقامات پر بھیج دیا گیا۔مکرم امیر صاحب، مکرم صدر مجلس خدام الاحمدیہ،مکرم نائب امیر صاحب مختلف خدام کے ساتھ مل کر لوگوں کی مدد کرتے رہے،جس میں لوگوں کے گھروں کا سامان اور مختلف عمارتوں کو خالی کیا گیا جس میں اسکول اور مختلف دفاتر شامل ہیں۔اس پروگرام میں ہومینٹی فرسٹ کی طرف سے تمام افراد جماعت اور دوسرے لوگوں میں کھانا تقسیم کیا گیا۔ وقارِ عمل کے دوران ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس سے پتہ چلا که خدمت خلق کے کام کرتے ہوئے خدا تعالیٰ لوگوں کے دلوں کو کس طرح چندمنٹ میں پھیر دیتا ہے۔ ہم نے ایک ضعیف خاتون کومدد کی پیش کش کی تو اس نےفوراً انکار کر دیا اور کچھ نفرت کا اظہار بھی کیا اور وہ ہمیں پسند نہیں کر رہی تھیں،جب اس نے تمام خدام کو خدمت کرتے دیکھا،اوربعد میں کہنے لگیں کہ میرا گھر خالی کروانے میں مدد کردیں، جب خدام نے ان کی مدد کی ان کےگھر کومکمل صاف کیا۔آخر میں وہ آبدیده ہو کر کہنے لگیں۔ کسی بیلج نے میری مدد نہیں کی،اور آپ لوگوں نے میری مدد کی ہے،پھر کہا کہ میں غیر ملکیوں اور مسلمانوں سے بہت نفرت کرتی تھی،آج آپ لوگوں کو دیکھ کر میری سوچ بلکل بدل گئی ہے،اور کہنے لگیں کہ میڈیا اسلام کی غلط تصویر لوگوں کے سامنے پیش کرتا ہے۔ آپ لوگ صحیح اسلام کی تعلیم لوگوں کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔
  4. مؤرخہ 18 جولائی بروز اتوار مکرم توصیف احمد مربی سلسلہ و صدر مجلس خدام الاحمدیہ59 خدام کی ٹیم کے ساتھ جس میں نیشنل عاملہ کے ممبرز اور قائدین شامل تھے ویرویئے شہر پہنچے، جہاں مکرم حافظ احسان سکندر مشنری انچارج نے اجتماعی دعا کروائی۔ اس پروگرام میں مکرم انور حسین نائب امیر، مکرم این اے شمیم صدر مجلس انصار اللہ بھی18انصار کے ساتھ شامل ہوئے۔اس طرح کل 77، افرادِ جماعت نے اس دن متاثرہ لوگوں کی مدد کی اور خدمتِ خلق کا فریضہ بخیرو خوبی سر انجام دیا۔ جماعت کی طرف سے دو سو افراد میں کھانا تقسیم کیا۔
  5. مؤرخہ 19جولائی بروز سوموار مکرم توصیف احمد مربی سلسلہ و صدر مجلس خدام الاحمدیہ خاکسار چوہدری طاہر احمد گِل نمائندہ روزنامہ الفضل اور دیگرممبران نیشنل عاملہ،23خدام کے ساتھ ویرویئے شہر پہنچے،اس دن بھی، انصار شامل ہوئے،اس طرح ٹوٹل 34افراد جماعت کو خدمت خلق کرنے کی توفیق ملی۔ بیلجیئم کے نیشنل RTBF TVنے جماعت کی اس خدمت کو بہت سراہا اور مکرم مشنری انچارج صاحب کا انٹرویو اور خدام کی خدمت کرتے ہوئے پوری ایک وڈیو رپورٹ بنا کرایک دن میں دو دفعہ خبروں میں دیکھائی،جسے لاکھوں افراد نے دیکھا۔ دوپہر میں جماعت کی طرف سے سو افراد میں کھانا تقسیم کیا گیا۔
  6. مؤرخہ24جولائی بروز ہفتہ مکرم صدر مجلس خدام الاحمدیہ20خدام کے ساتھ chaudfontaineشہر پہنچے،اس دن 4 انصار شامل ہوئے،اس طرح ٹوٹل 24افراد جماعت کو متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے کی توفیق ملی۔ دوپہر میں جماعت کی طرف سے پچاس سے زیادہ افراد میں کھانا تقسیم کیا۔
  7. مؤرخہ25جولائی بروز اتوار مکرم مشنری انچارج حافظ احسان سکندر کی نگرانی میں 15خدام کے ساتھ Dinantشہر پہنچے،جہاں جماعت کو متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے کی توفیق ملی۔دوپہر میں جماعت کی طرف سے دوسو افراد میں کھانا تقسیم کیا۔
  8. مؤرخہ26جولائی بروز سوموار مکرم مشنری انچار ج صاحب، مکرم صدر مجلس خدام الاحمدیہ 19خدام کے ساتھ Dinantشہر پہنچے، جہاں افراد جماعت کو متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے کی توفیق ملتی رہی۔ دوپہر میں جماعت کی طرف سے سو افراد میں کھانا تقسیم کیا۔
  9. مؤرخہ27جولائی بروز منگل مکرم صدر مجلس خدام الاحمدیہ6خدام اور 3 انصار کے ساتھ Dinantشہر پہنچے، جہاں افراد جماعت کو متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے کی توفیق ملتی رہی۔ اس دن ہومینٹی فرسٹ کی طرف سے فوڈاسٹال لگایا گیا،جہاں لوگوں کو برگر بنا کر دیئے جاتے رہے اور دوسری کھانے کی اشیاء تقسیم کی گئیں۔جن میں بریڈ،فروٹ،بسکٹس،دودھ،پانی وغیرہ شامل تھے۔اس پروگرام میں مکرم مشنری انچار ج صاحب، مکرم توصیف احمد مربی سلسلہ صاحب،مکرم بشارت احمد ثاقب خدام کے ساتھ لوگوں کی مدد کرتے رہے۔
    کافی لوگوں نے فوڈ اسٹال کا وزٹ کیا اور کہہ کر گیے که آپ کا لوگو محبت سب کے لئے اور نفرت کسی سے نہیں بہت پسند آیا ہے آپ اس کی اصل حقیقت پیش کررہے ہیں کئی دنوں سے لوگوں کی خدمت کررہے ہیں۔
  10. علاوہ ازیں اللہ تعالیٰ کے فضل سے خدام کو رات کے وقت بھی مختلف کمپزمیں جہاں متاثرہ لوگ ٹھہرے ہوئے ہیں انکی خدمت اور ڈیوٹی دینے کی توفیق مل رہی ہے۔ الحمد للہ علیٰ ذلک
    دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری ان حقیر کوششوں میں برکت عطا فرمائے اور آئندہ بھی ہمیں خدمت انسانیت کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی توفیق عطا فرماتا رہے۔آمین

(رپورٹ۔چوہدری طاہراحمدگِل۔بیلجئیم)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 اگست 2021

اگلا پڑھیں

مکرم ضمیر احمد ندیم کی یاد میں