• 9 مئی, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

•مکرمہ صدف علیم صدیقی۔ کینیڈا سے تحریر کرتی ہیں۔
مؤرخہ 25 اگست 2022ء کے الفضل میں آپ کا اداریہ بعنوان ’’رشتہ داریوں کا تقدس و احترام‘‘ پڑھا۔ ایک ایک حرف سچ پر مبنی ہے۔ وہ زمانے اچھے تھے جب رشتے داریوں کا پاس رکھا جاتا تھا۔ کوئی رشتہ بوجھ نہیں ہوا کرتا تھا۔ بلکہ ہر گھر کے دروازے ہر کسی کے لئے ہمہ وقت کھلے ہوتے تھے۔ کوئی ریاکاری نہیں ہوتی تھی۔ جو بھی سادہ روٹی ترکاری گھر میں بنی ہوتی وہی مہمان بھی بغیر شکوہ شکایت کے کھا لیتے۔اب قسم قسم کے کھانے بھی اُس خلوص کی چاشنی سے بنے پکوانوں کی کمی کو پورا نہیں کر سکتے۔ اللہ کرے کہ ہم اِس اداریہ کو پڑھ کر اپنی اُن پرانی روایات کو زندہ کرنے والے ہوں جب ایک بزرگ سربراہ کی بات کا مان رکھا جاتا تھا، اپنے رشتوں کی قدر کی جاتی تھی۔ اللہ کرے ہم قرآنی احکامات کے مطابق اپنے رحمی رشتوں سے حسن سلوک کرنے والے ہوں۔ وہ رحیم خدا ہمیں اس بات کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین۔

• مکرم مظفر احمد ظفر سے تحریر کرتے ہیں۔
الحمد للّٰہ روزنامہ الفضل آن لائن کا با قاعدگی سےمطالعہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔ روزانہ خاکسار کے علم میں اضافہ ہوتا ہے۔ مضمون نگار بڑے اچھے اچھے مضامین لکھتے ہیں۔ عابد خان صاحب کی ڈائری پڑھ کر دل بہت محظوظ ہوتا ہے کیونکہ ہمارے پیارے آقا کا ذکر ہوتا ہے۔ اسی طرح بنیادی مسائل کے جوابات والے کالم پڑھ کر علم میں اضافہ ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی پوری ٹیم کو اجر عظیم عطا فرمائے۔ آمین۔

•مکرمہ نعمانہ سلیم۔ جرمنی سے تحریر کرتی ہیں۔
خدا تعالیٰ کے فضلوں کو سمیٹتے ہوئے ہمارا جلسہ سالانہ کل ختم ہوا۔ مجھے اس بار ریل گاڑی سے تینوں دن جانے کا اتفاق ہوا۔ہر اسٹیشن پر احمدی فیمیلیز اور بچے سج سنور کر بہت پیارے کپڑوں میں نظر آئے جیسے کہ عید ہو۔ دل خدا کی حمد سے بھر گیا۔

قافلے در قافلے عشاق کے
آئے ہیں مہماں مسیحِ پاک کے

پیارے آقا کی کمی بہت شدت سے محسوس ہوئی۔اللہ کرے کہ پیارے آقا اگلے سا ل ہمارے درمیان رونق افروز ہوں آمین۔ پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بہت شاندار تھی۔ہماری بہنوں اور بچیوں نے بہت اچھی ڈیوٹیز دیں۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو جزائے خیر عطا فرمائے اور ان کے جان و مال میں برکت ڈالے آمین۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 ستمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ