• 28 جنوری, 2023

ہیومینیٹی فرسٹ گیانا کی ماہ نومبرکی سرگرمیاں

یہ محض اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہے کہ اس نے ہیومینیٹی فرسٹ گیانا کو ماہ نومبر میں مختلف خدمات سرانجام دینے کی توفیق دی ہے۔اس مختصر عرصہ میں تین مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپ منعقد کرنے اور چار سینئر ہومز کو امداد پہنچانے کی توفیق ملی۔ الحمد للّٰہ علیٰ ذالک۔ اس کی مختصر رپورٹ آپ کی خدمت میں پیش ہے۔

سب سے پہلا میڈیکل کیمپ یکم نومبر کو لِنڈن قصبہ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔لِنڈن قصبہ ریجن 10 میں ہے اور جارج ٹاؤن سے دوگھنٹے کی مسافت پر واقع ہے۔اس میڈیکل کیمپ کے لئے مبلغ سلسلہ مکرم فہد پیرزادہ صاحب نےبھرپورتیاریاں کی۔ جارج ٹاؤن سے خاکسار نے یو ایس ایمبیسی سے بھی رابطہ کیا اور انہوں نے اپنی شمولیت کی رضا ظاہر کی۔ تمام انتظامات مکمل کر دیئے گئے۔

مکرم جمیل محمد صاحب کنٹری ڈائریکٹر آف گیانا جو کہ امریکہ سے دورے کے لئے تشریف لائے تھے، وہ بھی اس میڈیکل کیمپ میں شامل ہوئے۔ چنانچہ ہم دونوں ایک دن قبل ہی لنڈن شہر پہنچ گئے۔ راستہ میں ایک یتیم خانہ کا بھی مختصر دورہ کیا اور ان کے حالات کا جائزہ لیا۔ تا کہ دیکھا جائے کہ کس قسم کی مدد دی جا سکتی ہے۔

یکم نومبر کی صبح تمام ٹیم کے افراد وقت پر پہنچ گئے۔ جن میں ہیومینیٹی فرسٹ کے علاوہ یو ایس ایمبیسی کےافراد، ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر رضاکار شامل تھے۔ گیانا میں ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو عمر رسیدہ افراد کو پنشن دی جاتی ہے۔ چنانچہ بزرگ افراد کی ایک بڑی تعداد اپنی پنشن لینے پہنچی ہوئی تھی۔ ان تمام افراد نے میڈیکل کیمپ سے بھی بھر پور فائدہ اٹھایا۔

میڈیکل کیمپ میں بلڈ پریشر، شوگر، ہارٹ ریٹ چیک کرنے کے بعد ڈاکٹر سے طبی مشورہ لیا جاتا ہے۔ اس کےبعدانہیں ہیومینیٹی فرسٹ کی طرف سے مفت ادوایات دی جاتی ہیں۔اس کے علاوہ بعض افراد آنکھوں کا ٹیسٹ بھی کرواتے ہیں۔ اس میڈیکل کیمپ پر یو ایس ایمبیسی کی طرف سے بزرگ اور معمر افراد کے لئے خصوصی اشیاء تقسیم کی گئی جس سے ان کی زندگی میں سہولت پیدا ہوگی۔

میڈیکل کے دوران یو ایس ایمبیسڈر سارا این لنچ Sarah Ann Lynch صاحبہ بھی تشریف لائی اور میڈیکل کیمپ کا مکمل جائزہ لیا۔ اسی دوران این سی این NCN ٹی وی سٹیشن اور انفو ٹن Info10 نیوز کے رپورٹرز بھی آ گئے اور انہوں نے ایمبیسڈر سارا این لنچ صاحبہ اور کنٹری ڈائریکٹر مکرم جمیل محمد صاحب کا انٹر ویو لیا اور میڈیکل کیمپ کومکمل کوریج دی۔

اس میڈیکل کیمپ کے دوران115 افراد کو فائدہ ہوا۔ جن میں سے اکثریت افراد سینئرز کی تھی۔اس کیمپ کو کامیاب بنانے کے لئے 13رضاکاروں نے مدد کی۔ یو ایس ایمبیسیڈر کے علاوہ،لنڈن میئر Waneka Arrindell اور ممبر آف پارلیمنٹ Devin Sears مکرم ڈیون سیئرز صاحب، ریجنل چیئر مین آف ریجن 10 Deron Adams مکرم ڈیرین ایڈمز صاحب نے بھی میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا۔

دوسرا میڈیکل کیمپ 5؍نومبر کو ایک دور دراز گاؤں سینڈ ہل Sand Hill میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ میڈیکل کیمپ ہیومینیٹی فرسٹ کے میڈیکل ڈائیریکٹر مکرم مظفر کیوسی نے مکمل طور پر منظم کیا۔ ان کے ساتھ ایک غیر مسلم خاتون سسٹر اونیکا جنٹل صاحبہ Sister Onika Gentle جو کہ ہیومینیٹی فرسٹ کی رضا کارہ ہیں، انہوں نے بھی اس کو منظم کرنے میں بھرپور مدد کی۔ سینڈ ہل گاؤں ریجن 3 میں ہے اور جارج ٹاؤن سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت پر ہے۔ جس میں آدھے گھنٹہ کا سفر کشتی کے ذریعہ کرنا پڑتا ہے۔

اس میڈیکل کیمپ کے لئے ڈائمنڈ آپٹیکل کی ٹیم کے علاوہ،ایک ڈاکٹر، ایک بچوں کے ماہر ڈاکٹر، نرسز اور دیگر رضاکاران شامل کر کے کل 13 افراد کی ٹیم اس خدمت میں شامل ہوئی۔ اس میڈیکل کیمپ سے 32 افراد نے استفادہ کیا۔

تیسرا میڈیکل کیمپ 19؍نومبر کو آمر انڈین گاؤں سانٹا مشن Santa Mission میں منعقد کیا۔ آمر انڈین قوم اس ملک کے قدیم اور آبائی لوگ ہیں اور یہ پہلا آمر انڈین گاؤں ہے جہاں ہیومینیٹی فرسٹ نے اپنا میڈیکل کیمپ منعقد کیا۔ یہ گاؤں بھی ریجن 3 میں واقع ہے اور اس کو بھی میڈیکل ڈائیریکٹر مظفر کیوسی صاحب نے منظم کیا۔

اس میڈیکل کیمپ میں بھی ڈائمنڈ آپٹیکل کی ٹیم،ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر رضاکاران گئے، اس طرح کل 11 افراد کی ٹیم اس پروگرام میں شامل ہوئی۔ اس کیمپ کے دوران 45 افراد کا بلڈ پریشر، شوگر ٹیسٹ، آنکھوں کے ٹیسٹ اور مفت ادویات کی تقسیم کے علاوہ بلڈ ٹائپ معلوم کرنے کا بھی پہلی دفعہ انتظام کیا گیا تھا۔اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ میڈیکل کیمپ بھی بہت کامیاب رہا۔

ان میڈیکل کیمپ کے علاوہ ڈائیریکٹر آف فوڈ سیکورٹی مکرم مقبول ولیمزصاحب نے کمیونیٹی کیئر کے تحت 4 سینئر ہومز میں مندرجہ ذیل اشیاء بہم پہنچائی۔ 96 ٹائلٹ پیپرز،12بلیچ،4سرف کے پانچ کلو کے بیگ،57 صابن،48ریزرزاور 80 پیمپرز۔ یہ اشیاء 57سینئر مرد و خواتین کو فائدہ دیں گیں۔ ان شاء اللّٰہ العزیز

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہیومینیٹی فرسٹ گیانا کی خدمتِ انسانیت کی ادنیٰ کاوش کے ذریعہ یہ چاروں پروگرام ایک ماہ میں منعقد کیے گئے۔ دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ یہ خدمت قبول فرمائے اور رضاکاران اور مالی امداد کرنے والوں کو بھرپور اجرعطا فرمائے۔ ان پروگرامز کے دیر تک پھل ملتے رہیں۔ آمین

(رپورٹ: مقصود احمد منصور۔مبلغ انچارج و چیئرمین ہیومینیٹی فرسٹ۔ گیانا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ