• 9 مئی, 2024

سالانہ امن کانفرنس۔ گلاسگو اسکاٹ لینڈ

مورخہء 19جنوری 2020ء بروز اتوار کو جماعت احمدیہ گلاسگو نے اپنی سالانہ امن کانفرنس (New Year Dinner) کا انعقاد کیا۔ ہر سال کی طرح مقامی اسکاٹش مسلم و غیر مسلم احباب کو بھی نئے سال کے موقع پر مدعو کیا گیا۔ اس کانفرنس کا اہتمام مسجد بیت الرحمٰن گلاسگو کے ہال میں شام چار بجےکیا گیا تھا اور اس کانفرنس کا موضوع تھا‘‘عالمی امن کے قیام میں اسلام احمدیت کا کردار”۔ مسجد کی لائبریری میں قرآنِ کریم اور جماعت کی دوسری کتب کی ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جہاں مہمانوں کو جماعت کی کتب اور خُلفائے احمدیت کا تعارف پیش کیا گیا نیز مشروبات سےاُن کی تواضع کی گئی۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم اور انگریزی ترجمہ سے ہوا۔ جماعت کے تعارف پر مشتمل ایک مختصر ویڈیو دکھائی گئی اور بعد ازاں مکرم احمد اووزو کونیڈوسیکرٹری تبلیغ گلاسگو نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اورجماعت احمدیہ کا مختصر تعارف پیش کیا۔حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے خصوصی پیغام پر مشتمل ایک ویڈیو دکھائی گئ جس میں آپ نے عالمی طور پر پیدا شدہ بے چینی، خراب سیاسی و مذہبی حالات اور جنگوں سے پیدا ہونے والی تباہی کا ذکر کیااور اس کا حل عالمی رہنماؤں کے سامنے رکھا۔

اس کانفرنس کے مہمانِ خصوصی مولانا طاہر سلبی مبلغ انچارج نارتھ ایسٹ ریجن نے اپنا اختتامی خطاب کیا جس میں آپ نے تفصیل سے ذکر کیا کہ جنگوں نے عالمی امن کو تباہ وبرباد کیاہے۔ ان جنگوں نے انسانی نفسیات پر تباہ کن اثرات چھوڑے ہیں نیز ان لڑائیوں کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ اسلام امن کا پیغام دیتا ہے جسے ہمارے امام جماعت نے اپنے خطابات میں واضح کیاہے۔ اسلام کا مطلب ہی فرمانبرداری اور امن ہے اور اس کی بنیادی تعلیم یہ ہے کہ اپنے پیدا کرنے والے کی طرف جھکیں۔ اسلام کی پُرامن تعلیم پر عمل کرکے ہی ہم ایک مثالی معاشرے کا قیام کرنے میں اپنا اہم کردارادا کرسکتے ہیں۔ اس تقریر کو سب مہمانوں نے نہایت غور سے سُنا اور اسلام احمدیت کی پُر امن تعلیم سے بہت متاثر ہوئے اوراسی موضوع پر مختلف سوالات بھی کئے جن کے جواب پینل میں موجود علمائے کرام، سیاست دانوں اور اسکاٹش پولیس کے چیف نے دئے۔

آخر میں پاسٹر پیٹر گِل کو مدعو کیا گیا جو ہمارے پروگرامز میں باقاعدگی سے شامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں جماعت احمدیہ کی پُرامن تعلیمات سے بہت متاثر ہوں اور خاص کر خلیفہ صاحب کی ان کوششوں کو سراہتا ہوں جو وہ عالمی امن کو قائم رکھنے کی خاطر کررہے ہیں۔

اس پروگرام کا اختتام دُعا سے ہوا ۔اس کانفرنس میں 65 سے زائد غیر مسلم مہمانوں نے شرکت کی جنہیں شام کا کھا نا پیش کیا گیا۔


(ارشد محمود۔سیکرٹری اشاعت گلاسگو)

پچھلا پڑھیں

سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اسناد جامعہ احمدیہ تنزانیہ

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 فروری 2020