• 25 اپریل, 2024

جماعت سُرینام کی مذہب کے عالمی دن کے پروگرام میں شرکت

ہر سال دنیا میں جنوری کا تیسرا اتوار مذہب کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس حوالے سے قائم تنظیم گزشتہ چونتیس سال سے سرینام میں مذہب کے عالمی دن کے موقعہ پر پروگرام منعقد کرتی ہے۔ جس میں مختلف مذاہب کے نمائندے کسی ایک موضوع پر اپنے مذہب اور عقیدے کے حوالے سے تعلیم پیش کرتے ہیں، اس تنظیم کو سرکاری سرپرستی بھی حاصل ہے۔جنوری 2011 میں جماعت کو پہلی بار اس پروگرام میں شرکت کی دعوت ملی، اور تب سے یہ سلسلہ جاری ہے، اور گزشتہ سالوں میں جماعت کانفرنس کی کاروائی نوٹ کرنے اور ریفریشمنٹ کی ڈیوٹی کے فرائض ادا کرنے کا موقعہ بھی حاصل کر چکی ہے۔ امسال یہ پروگرام مورخہ 19جنوری کو آریہ سماج کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔

ملک میں 25 مئی کو عام انتخابات ہونے ہیں اس لئے امسال کانفرنس کا موضوع ’’شہری کے حقوق و فرائض‘‘ تھے۔ جماعت کو بھی اس حوالے سے پاور پوانٹ پریذنٹیشن تیار کرنے کی دعوت ملی۔ اس پریذنٹیشن کے لئےجماعت کی طرف سے عزیزم محمد صہیب اسد کا نام بھجوایا گیا۔ امسال خاص بات یہ تھی کہ لجنہ اماءاللہ سرینام نے اس پروگرام میں سٹال لگانے اور فولڈر تقسیم کرنے کا پروگرام بنایا۔ اس مقصد کے لئے انہوں نے خاص طور پر بینر تیار کروائے۔ پروگرام کا آغاز دن دس بجے ہوناتھا اور ناصرات نے ساڑھے نو بجے سے ’’اسلامی پردہ‘‘ اور ’’اسلام آزادیٔ ضمیر کا ضامن‘‘ کے موضوع پر فولڈرز تقسیم کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا، جو آخر تک جاری رہا۔ لجنہ نے ہال میں مختلف جماعتی کتب کی نمائش اور سٹال لگایا، اور اس پروگرام میں یہ واحد سٹال تھا، اس لئے تمام حاضرین نے اس سٹال کا دورہ کیا، اور جماعت کے کام کی تعریف کی۔

اس پروگرام کا افتتاح ڈائریکٹر مذہبی امور سرینام نے کیا۔ اور آٹھ مختلف افراد نے اپنے اپنے مذہب کی تعلیم کے مطابق مقررہ موضوع پر اظہار خیال کیا۔

خداتعالیٰ کے فضل سے اسلام کی نمائندگی میں محمد صہیب اسد نے قرآنی آیات اور حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ارشادات پر مبنی پریذنٹیشن بہت اعتماد کے ساتھ پیش کی ، جسے حاضرین نے بہت سراہا۔ اور پروگرام کے اختتام پر متعدد افراد نے گلے لگا کر انہیں مبارکبا د پیش کی، اور اس بات کی بھی تعریف کی کہ تمام معلومات مقررہ موضوع کے عین مطابق تھیں۔

اس پروگرام میں مہمان مقرر کے طور پر(Pro. Dr. Mr. Hans Breeveld) پروفیسر ڈاکٹر ہانس بریفیلڈ بھی مہمان مقرر کے طور پر شامل ہوئے، موصوف مئی 1991میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کے دورہ سرینام کے وقت ملک کے وزیر داخلہ تھے اور انہیں حضور انور سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا تھا۔ پروگرام کے اختتام پر خاکسار نے ان سے ملاقات کی اور حضور رحمہ اللہ تعالیٰ سے ملاقات یاد کروائی جس کا انہوں نے بہت عقیدت سے ذکر کیا، اور حضور کی طرف سے دستخط شدہ ملنے والی کتاب (A Man of God) کا بھی ذکر کیا۔ خداتعالیٰ کے فضل سے اس پروگرام میں جماعت کی شرکت ہر لحاظ سے کامیاب رہی، تمام شرکاجماعتی فولڈرز پڑھتے نظر آئے۔لجنہ اما اللہ کی شرکت اور ان کے کام کی تعریف کی گئی۔

مورخہ 20 جنوری کو ملک کے کثیر الاشاعت روزنامہ ‘‘داخ بلاد سرینام’’ (Dagblad SURINAME) نے اپنے مرکزی رنگین صفحے پراس کانفرنس کے انعقاد کی خبر شائع کی، اور تمام مقررین میں صرف محمد صہیب اسد کی تصویر کے ساتھ ان کی پریذنٹیشن کے خاص پوائنٹ شائع کئے۔ الحمد للّٰہ علیٰ ذلک۔

قارئین الفضل کی خدمت میں جماعت سرینام کے نفوس و اموال میں برکت کے لئے دعا کی درخواست ہے۔


(لئیق احمدمشتاق ۔سرینام)

پچھلا پڑھیں

سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اسناد جامعہ احمدیہ تنزانیہ

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 فروری 2020