• 20 مئی, 2024

میئر اور ٹی وی صحافیوں کو اسلام احمدیت کا پیغام

احمدیت یعنی حقیقی اسلام کا پیغام امن و سلامتی کا پیغام ہے۔جماعت احمدیہ میں جہاں عوام الناس تک اس پیغام کو پہنچانے کیلئے انفرادی و اجتماعی تبلیغی پروگرام بنائے جاتے ہیں۔ وہاں معاشرہ کے تعلیم یافتہ طبقہ،عوامی نمائندگان اور صحافیوں تک بھی اس پیغام کو پہنچانا مفید ہوتا ہے۔

سینٹ پریکس کی میئر سے ملاقات

گذشتہ دنوں خاکسار کو Saint Prix کی نئی منتخب ہونے والی میئر Madame Céline Villecourt سے ملاقات کا موقعہ ملا۔ یاد رہے کہ اس علاقہ میں جماعت کا مرکزی مشن ہاؤس اور مرکزی مسجد ہے۔ مؤرخہ 17جنوری 2022ء کو ملاقات میں میئر کی سیکریٹری Madame Delphine Gouget بھی ساتھ تھیں۔

موجودہ میئر سے پہلے میئر Mr. Jean Enjalbert کے بھی جماعت کے ساتھ بہت اچھے تعلقات تھے۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے کئی مرتبہ اسے ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔جماعت نے بھی متعدد فلاحی کاموں میں ان سے تعاون کیا۔ان کی اپیل پر ایک مرتبہ علاقہ کے ایک خستہ حال چرچ کی مرمت کیلئے ایک مارچ کا پروگرام بنایا اور تقریبا ً 7 ہزار یورو جمع کرکے پیش کئے۔ایک مرتبہ مقامی لوگوں کو اسلام احمدیت سے متعارف کروانے کیلئے موصوف نے مسجد میں پروگرام منعقد کروایا۔مہمانوں کی ضیافت کے علاوہ خاکسار کو ان کے اسلام متعلق سوالات کے تفصیلی جوابات کی توفیق ملی۔

او بون کی میئر سے ملاقات

سینٹ پریکس کی ہمسایہ کونسل کا نام Eaubonne ہے۔ اس کی موجودہ میئر Madame. Marie-José BEAULANDE سےملاقات 15 فروری 2022ء کو ہوئی۔ ملاقات میں ان کی معاونہ Madame Sabrine Sassi موجود تھیں۔ جماعتی وفد میں خاکسار کے علاوہ سیکریٹری امورخارجیہ مکرم طلحہ رشید اور صدر لجنہ اماء اللہ کی طرف سے مادام بالعربی لیلی صاحبہ سیکریٹری خدمت خلق اور مادام آمیناتہ طورے صاحبہ سیکریٹری تبلیغ شامل تھیں۔ جنہوں نے لجنہ اماء اللہ کی تنظیم، عمومی پروگرامز اور کووڈ کے دوران خدمت خلق کی مساعی کا ذکر کیا۔

ان کے پیشرؤمیئر Mr. Grégoire DUBLINE سے بھی جماعت کے ساتھ تعلقات تھے۔ یہ تعلقات اس علاقہ کے احمدی رہائشی مکرم سعید احمد چیمہ نیشنل سیکریٹری وصیت کے ذریعہ سے بنے۔ کونسل کی طرف سے جب بھی پرانی اشیاء کی مرمت کیلئے ورک شاپس لگتے تو ہمارے خدام خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار اس میں حصہ لیتے۔خاکسار نے ان سے ملاقات میں کتب کے تحفہ کے علاوہ اسلام احمدیت کا تفصیلی تعارف پیش کیا تھا۔

ان دونوں ملاقاتوں میں احمدیت کا تفصیلی تعارف،اسلام کے پرامن ، خدمت خلق اوربنی نوع انسان سے محبت کے احمدیہ تصور کو پیش کرنے کا موقعہ ملا۔ جہاد،آزادئ مذہب و اظہار، عورت کا مقام، پردہ کی حکمت، توہینِ مذہب اور ارتداد کی سزا کے موضوعات پر گفتگو ہوئی۔پھر نصرت جہاں سکیم کے تحت دنیا میں ہسپتالز اور تعلیمی اداروں اور ہیومینٹی فرسٹ کی بے لوث انسانی خدمات کا ذکر کیا۔ اس کے علاوہ احمدیوں کی پراسیکیوشن کا ذکر بھی آیا۔ اس دوران دونوں میئروں کے سوالات کے جوابات بھی دینے کی توفیق ملی۔ فالحمد للّٰہ۔

ٹی وی صحافیوں سے ملاقات

مورخہ 9 فروری کو خاکسار کوفرانس کے ایک نیشنل ٹی وی M 6 کے پیٹرن اور صحافیوں سے ملاقات کرنے کا موقعہ ملا۔اس ملاقات کا امکان یوں ہوا کہ حال ہی میں اس ٹی وی کے ایک صحافی Madame Ophélie Meunier نے فرانس کے ایک شمالی علاقہ کے ایک شہر میں سلفی مسلمانوں سے متعلق ایک ڈوکومنٹری بنائی تھی۔جس کے رد عمل میں بعض متشدد سوچ والوں کی طرف سے صحافی کو دھمکیاں دی گئیں۔اس پس منظر میں بعض غیراحمدی امن پسندامام کے ساتھ اس ٹی وی کے پیٹرن اور بعض صحافیوں سے ملاقات ان کے دفتر میں ہوئی۔

خاکسار کوان سب کے سامنے توہین مذہب اور جہاد کے متعلق اسلامی تعلیمات بیان کرنے کا موقعہ ملا۔ اس کے علاوہ احمدیہ مخالف قانون پاکستان کی بنا پرانتہاء پسند مسلمانوں کی طرف سے امن پسند احمدیوں پر ڈھائے جانے مظالم کا بھی ذکر کیا۔خاکسار نے ان کے ایک ذمہ دار کو یہ تجویز بھی دی کہ جہاں آپ لوگ انتہاء پسند مسلمانوں سے متعلق خبریں دیتے ہیں وہاں اسلام اور نبئ اسلامﷺ کا صحیح اور مثبت تصور بھی پیش کریں۔ تا لوگ انتہاء پسند مسلمانوں اور دینِ اسلام میں فرق کرسکیں۔ خاکسار کی اس تجویز کو پسند کیا ۔اس سلسلہ میں خاکسار نے اپنی خدمات کو پیش کیا۔

قارئین الفضل سے درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اشاعت اسلام کیلئے تمام احمدیوں کی مساعی کو قبول فرمائے اور اس کے ثمرات حسنہ عطا فرمائے۔ آمین

(نصیر احمد شاہد۔ مبلغ انچارج فرانس)

پچھلا پڑھیں

خلاصہ خطبہ جمعۃ المبارک فرمودہ مؤرخہ 4؍مارچ 2022ء

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ