• 26 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

یہ اللہ تعالیٰ کا محض فضل ہے کہ دنیا بھر سے قارئین الفضل روزانہ اخبار پڑھ کر اچھے ، عمدہ اور نئے مواد پر خوشی کا اظہار کرتے اور اخبار کو پسند بھی کرتے ہیں اور اس کو سراہتے بھی ہیں ۔ جس سے ہماری پوری ٹیم کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

مورخہ 27 مئی یوم خلافت پر ادارہ کو 34 صفحات پر مشتمل ’’خلافت نمبر بعنوان خلفاء سے وابستہ یادیں‘‘ کی اشاعت کی توفیق ملی۔ اس دن کا اخبار On Air ہونے کے معاً بعد مبارکبادی کے پیغامات کا تانتا بندھ گیا اور چند ہی گھنٹوں میں قارئین کرام نے اس کے مندرجات کو اتنا پڑھا اور پسند کیا کہ اس خصوصی نمبرکے بعض مضامین نے «مقبول ترین» میں اپنی جگہ بنا لی ۔الحمد للہ

اس حوالہ سے تہنتیی پیغامات جو مو صول ہوئے وہ تمام تو نہیں دئیے جا سکتے تا ہم دو تین پر اکتفا کرتے ہیں ۔

٭…مکرمہ بُشریٰ ارشد نے کینیڈا سے تحریر کیا کہ خلفاء کے ساتھ اہل وفا کے بیتے واقعات نے دل میں ایک ایسا ماحول پیدا کر دیا کہ باوجود نظر کی کمزوری اور آنکھوں کی تکلیف کے اِسے مکمل کیا ۔ اس شمارہ کو پڑھتے وقت اتنی دلچسپی بر قرار رہی کہ ایک واقعہ کے بعد ارادہ کرتی کہ باقی پھر پڑھ لوں گی مگر واقعات اتنے دلچسپ اور ایمان افروز تھے کہ یہ خیال ذہن میں لا کر کہ اگلے واقعہ میں کیا لکھا ہوگا اخبار کے مطالعہ کو تسلسل اور دوام ملتا رہا اور یوں باوجود گھر کے کام کاج کے ایک دو دن میں مکمل کیا ۔ اور اس امر کی ترغیب ہوتی کہ اپنے ساتھ بیتے واقعات کو بھی تحریر کرنا چائیے ۔ اللہ تعالیٰ ادارہ کو اس قدر پیارا اور ایمان افروز شمارہ نکالنے پر مبارک باد پیش کرتی ہوں اور دعا کرتی ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس حسین مائدہ تیار کرنے والوں کے نفوس و اموال میں برکت ڈالے ۔

٭…مکرمہ نعیمہ نصیر آ ف قادیان نے فون پر بتایا کہ میرا گزشتہ ماہ آنکھوں کا آ پریشن ہوا ہے اور ابھی طبیعت مطالعہ کی طرف راغب نہیں ہوتی۔ لیکن ایک احمدی کو خلافت سے جو دلی اور سچا پیار ہے اس ناطے سے جب مجھے خلافت نمبر ملا اور میں عنوان کو دیکھ کر آ گے بڑھی تو ایک واقعہ کے بعد دوسرا واقعہ مجھے اپنی طرف کھینچتا ہوا ایمان اور معرفت کے میدان میں لے گیا ۔ جہاں خلافت کے دوام کے لئے دعائیں دل سے نکلیں اور اپنے آپ سے بھی گویا ہوئی کہ تمہارے ساتھ بھی تو بے شمار واقعات بیتے ہوئے ہیں اِن کو بھی ضبطِ تحریر میں لاتے رہنے سے خاندان اور احباب کے ایمان میں اضافہ ہوگا اور خلافت سے پختہ تعلق میں اضافہ بھی ہو گا۔

٭…مکرمہ زکیہ فردوس کومل لندن سے بیان کرتی ہیں ۔ کہ جونہی صبح نوافل ، نماز اور تلاوت قُرآن سے فارغ ہوکر اپنے موبائل کو دیکھا تو سب سے پہلے اپنے پیارے اخبارکی خصوصی اشاعت بر موقعہ یوم خلافت پر نظر پڑی ۔ اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لائی کہ ایک بار پھر یوم خلافت ہماری زندگیوں میں ہمارے ایمانوں میں اضافہ کرنے کے لئے ظاہر ہوا ۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

اللہ تعالیٰ پیاری خلافت کو قائم و دائم رکھے اور ہمارے پیارے امام حضرت خلیفتہ المسیح الخامس اید ہ اللہ تعالیٰ کو صحت وسلامتی والی دراز عمر عطا فر مائے ۔ خلافت نمبر کیا تھا؟ ایک ایمان میں اضافہ کے لئے حسین وجمیل پھولوں کا گلدستہ ۔ دل کرتا رہا کہ بار بار واقعات کو پڑھ کر حظ اُ ٹھایا جائے ۔ بعض اہم واقعات عا جزہ نے اپنے بچوں کے ساتھ Share بھی کئے ۔ بلکہ مجھے بتلایا گیا کہ اس اہم تاریخی شمارہ میں سب سے پہلے مضمون کے لکھنے والے قادیان سے مکرم مقصود احمد بھٹی ہیں جو کرونا کی وجہ سے چند دن قبل وفات پا گئے اور ایک اہم تاریخی دستاویز اخبار الفضل آن لائن کی صورت میں اپنے پیچھے ورثه کے طور چھوڑ گئے ۔ اللہ تعالیٰ آپ کو غریق رحمت کرے اور اس طرح کے لکھاری ہمارے اخبار الفضل آن لائن کو مہیا کرتا رہے ۔آ مین ۔ ساری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ اللہ تعالیٰ ٹیم کا حامی وناصر ہو اور مقبول خدمت کی توفیق دے ۔ اداریہ بھی پہلے کی طرح ایمان افروز ہے ۔

٭…مکرم چوہدری حمیداللہ صاحب کی بیٹی نے مکرم سید شمشاد احمد ناصر کے مضمون پر تبصرہ کرتے هوے لکھا ہے۔ ماشاءاللہ زبر دست بہت مزا آیا پڑھ کے۔ اس طرح کے واقعات میں دلچسپی آ خر تک برقراررہتی ہے ۔

٭…مکرمہ درثمین احمد آصف نے جرمنی سے لکھا کہ ابھی ابھی سارا شمارہ پڑھا ، ماشاء اللہ بہت عمدہ مضامین ہیں ۔ آپ کا آرٹیکل بھی ہمیشہ کی طرح بہت خوبصورت ہے ۔

٭…مکرمه ڈاکٹرآمنه طارق ،امریکه سے لکھتی هیں۔

27 مئی کا الفضل آن لائن دیکھا ۔ اس میں مکرم سید شمشاد احمد ناصرکا مضمون پڑھا جو بہت دلچسپ اور ایمان افروز تھا ۔ مجھے یہ مضمون پڑھ کر اُن پر رشک آیا ، میں نے بھی حضرت خلیفتہ المسیح الرابع ؒ کی خدمت میں اپنی زندگی وقف کرنے کے بارے میں لکھا تھا جب کہ میں اُس وقت 18-19سال کی تھی۔ اور آپ نے میرے وقف کو قبول فر مالیا تھا ۔ میں نے اپنی پوری زندگی میں خلافت کی برکت کو اپنے ساتھ پایا ہے اور ہمیشہ اس بات کا احساس رہا کہ میرے کاموں کی مدد میں ایک غیبی طاقت ہے جو میرا ساتھ دے رہی ہے اور وه خلافت کی برکت ہے ۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

قارئین کی خدمت میں یہ چھ آرا ء اس غرض سے پیش کی جارہی ہیں کہ خلافت کے ساتھ وابستگی ہر احمدی کا تاریخی ورثہ ہے۔ اس ورثہ کو آئندہ نسلوں کے ایمان و ایقان میں ترقی اور مضبوطی کے لئے محفوظ کرنا بہت ضروری ہے۔ اس لئے احباب جماعت سے خلفاء کے ساتھ وابستہ واقعات جو ہمارے روحانی ، اخلاقی ، علمی اور تر بیتی معیار میں اضافہ کا موجب ہوں ۔ ضرور لکھ کر بھجوائیں ۔

(ایڈیٹر)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 جون 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 جون 2021