• 18 مئی, 2024

اسلام کی نشاۃ ثانیہ میں خلافت خامسہ کا عظیم الشان کردار (قسط 6)

جماعت احمدیہ کے ذریعہ
اسلام کی نشاۃ ثانیہ میں خلافت خامسہ کاعظیم الشان کردار
قسط 6

نور العین دائرۃ الخدمۃ الانسانیہ ربوہ

مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان کے زیراہتمام ’’نو ر العین دا ئرة الخد مۃ الا نسا نیۃ‘‘ کی بلڈنگ فضل عمر ہسپتال کے سامنے ربوہ لاری اڈہ کے ساتھ تعمیر کی گئی ہے۔ اس بلڈنگ میں درج ذیل شعبہ جات ہیں۔ بلڈ بینک، نور آئی ڈونر ایسوسی ایشن، تھیلسیمیا وہیمو فیلیا سنٹر، ڈینٹل کلینک وغیرہ

1۔ بلڈ بنک ربوہ

خلافت خامسہ کے آغاز میں دسمبر 2004ء سے وسعت کے پیش نظر یہ بلڈبنک ایوان محمود سے ’’نورالعین دائرۃ الخدمۃ الانسانیۃ‘‘ کی عمارت میں قائم کیا گیا ہے۔ مطلوبہ بلڈگروپ کے مطابق خون کا انتظام کرنا، بلڈ گروپنگ اور عطیہ خون دینے والوں کا ریکارڈ وغیرہ جیسے انتظام و انصرام اس ادارہ کے فرائض میں شامل ہیں۔

2۔نور آئی ڈونرز ایسوسی ایشن اور آئی بنک

نور آئی ڈونرزایسوسی ایشن اور آئی بنک کا بنیادی مقصد کارنیا (آنکھ کے بیرونی پردے) کی بیماری کا شکار نابینا افراد کو بینائی فراہم کرنا ہے جس کے لیے دو امور ضروری ہیں:

i۔ احباب جماعت کو وصیّت عطیّہ چشم کی تحریک کے ذریعے آئی ڈونرز بنانا۔

ii۔ مرحوم آئی ڈونرکی وفات کے بعد ان کے کارنیا حاصل کرنا اور ان حاصل کردہ کارنیا کے ذریعے مستحق نابینا افراد کی آنکھوں کی پیوند کاری کر کے ان کی بینائی بحال کرنا ہے۔ آئی بنک کا عملی آغاز 23 اپریل 2001ء کو ہوا۔ سالانہ کئی مریضان اس سے مستفیض ہورہے ہیں۔

3۔تھیلسیمیا و ہیمو فیلیا سنٹر

خلافت خامسہ میں یہ ادارہ اپریل 2005ء کو ’’نورالعین دائرۃ الخدمۃ الانسانیۃ‘‘ میں قائم کیا گیا۔ تھیلسیمیا خون کی ایک موروثی بیماری ہے۔ یہ اداراہ نو رالعین تھیلسیمیا و ہیمو فیلیا یونٹ خالصتاً خدمتِ خلق کے جذبے سے سر شا ر ہو کر اس بیماری میں مبتلا بچوں کا فری علا ج کر رہا ہے ۔بار بار خون لگا نے کی وجہ سے جسم میں فولاد کی زیا دتی ہو جا تی ہے اور مختلف انفیکشنز ہوجا تے ہیں۔ ادارہ میں اس مر ض کی بھی سہو لت مو جو د ہے جو کہ بغیر کسی چا رجز کے مہیا کی جا تی ہے۔

4۔ڈینٹل کلینک

مجلس خدام الا حمدیہ پاکستان کے تحت خلافت خامسہ کے بابرکت دور میں نورالعین دائرۃ الخدمۃ الا نسا نیۃ کی عما رت میں قائم کردہ اس ادارہ نے 11دسمبر 2007ء سے عورتوں اور بچوں کے لیے ڈینٹل کلینک کا آغاز کیا۔

طاہر ہومیو پیتھک ہسپتال اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ ربوہ

ربوہ میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کی منظوری سے طاہر ہومیو پیتھک ہاسپٹل اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا آغاز 2مارچ 2000ء میں ہوا جس کی تعمیر کے لئے آپؒ نے چھ کنال آٹھ مرلے پر مشتمل قطعہ عنایت فرمایا تھا۔ اس پر تعمیر ہونے والی عمارت بیسمنٹ سمیت چار منزلوں پر مشتمل ہے جس کا کُل رقبہ 58ہزار مربع فٹ ہے۔ یہ ادارہ مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان کے زیر انتظام کام کررہا ہے۔ یہاں سے صرف ایک سال (2010ء میں) قریباً سوا لاکھ مریضوں نے استفادہ کیا جن میں ایک تہائی سے زائد غیرازجماعت تھے۔ اس ادارہ میں نئی ادویات کی تیاری کے علاوہ وسیع پیمانے پر پروونگ اور تجربات کئے جاتے ہیں۔ ادویات کی بڑے پیمانے پر تیاری کے لئے ایک جدید فارمیسی بھی قائم ہے۔ مکرم ڈاکٹر وقار منظور بسرا صاحب کی زیرنگرانی ڈاکٹروں کی ایک بڑی ٹیم یہاں خدمت کی توفیق پارہی ہے۔

ہومیو ڈسپنسری و میڈیسن بینک انصاراللہ

دفتر وقف جدید کے علاوہ دفتر مجلس انصار اللہ پاکستان میں ایک ڈسپنسری میں مفت ادویات دی جاتی ہیں۔ ایلوپیتھک ادویات کے لیے ایک میڈیسن بینک بھی موجود ہے جہاں مختلف قسم کی ادویات محلہ جات کے انصار کو تحریک کر کے اکٹھی کی جاتی ہیں اور بوقت ضرورت مستحقین کو فراہم کی جاتی ہیں۔اس کے علاوہ ایک ایمبولینس بھی موجود ہے جو انصار کے میڈیکل کیمپس اور نادار مریضوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔

نصرت جہاں ہومیو پیتھک کلینک ربوہ

لجنہ اماءاللہ کے زیر نگرانی اس کلینک کا افتتاح 30 دسمبر1996ء کو ہوا۔ عہد خلافت خامسہ میں19 فروری 2003ء کو اس کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد دفتر لجنہ اماءاللہ ربوہ پاکستان میں رکھا گیا ۔اس کلینک کا افتتاح 16؍اپریل 2005ء کو ہوا۔ جس سے مریض خواتین استفادہ کرتی ہیں۔

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف احمدی آرکیٹیکٹس
اینڈ انجینئرز (IAAAE)

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف احمدی آرکیٹیکٹ اینڈ انجینئرز کا قیام خلافت ثالثہ میں ہوا اور یہ ایسوسی ایشن بعض دوسری چیریٹی آرگنائزیشن اور کمپنیوں کے ساتھ مل کر خدمت خلق کے کاموں میں مصروف عمل ہے۔

عہد خلافت خامسہ کے 19 سالوں کے دوران اس تنظیم نے حیرت انگیز طور پر تر قی کی نئی منازل طے کی ہیں۔ جس کے تحت افریقہ بھر میں خدمت خلق کے کاموں کو انجام دینے کے لئے یوکے، جرمنی، سوئٹرز لینڈ، ہالینڈ، گھانا، نائیجیریا، پاکستان اور دیگر ممالک سے انجینئرز اور آرکیٹکٹس، الیکٹر یشنز، پلمبرز اور دوسرے مختلف شعبوں کے ماہرین اپنی خدمات پیش کرتے ہیں۔

اس ایسوسی ایشن کے تحت عہد خلافت خامسہ میں ہونے والی ترقیات کی ایک جھلک پیش ہے۔

(IAAAE) کی کمیٹیوں کا قیام

خلافت خامسہ میں باقاعدہ طور پر IAAAE کا ایک انتظامی ڈھانچہ تشکیل دے کر اس کی مختلف کمیٹیاں قائم کی گئیں۔

یہ ایسوسی ایشن 4 کمیٹیوں 1۔آرکیٹکٹس 2۔ماڈل ولیج 3۔واٹر فار لائف 4۔متبادل انرجی (Alternative Energy) کے تحت افریقہ کے دور دراز علاقوں میں خدمتِ انسانیت میں فنی اور تکنیکی امداد مہیا کرنے کے لحاظ سے مصروف عمل ہے ان کمیٹیوں کے مختلف پراجیکٹس کی تفصیل درج ذیل ہے۔

1۔ ماڈل ولیج (MODEL VILLAGE)

IAAAE کے اس پراجیکٹ کے ذریعہ نئی بستیوں کا قیام عمل میں لایا جا تا ہے گو یہ کام حکومتوں کے بجٹ اور ذمہ داری کا متقاضی ہوتا ہے۔لیکن جماعت احمدیہ وہ پہلی دینی جماعت ہے جس نے اس کام میں نئے تاریخی سنگ میل نصب کیے ہیں۔

عہد خلافت خامسہ میں جماعت احمدیہ نے اس خدمت خلق کے اس کام کا بیڑہ اٹھایا ہے۔اور ماڈل ویلیج کا یہ تصور روشناس کروایا ہے کہ انسان کی بنیادی ضرورتیں انہیں مہیا کی جائیں۔چنانچہ افریقہ میں ان مخلص انجینئرز آرکیٹکٹس اور کارکنان کی محنت کے نتیجہ میں انیس19 ماڈل ویلیجز کا قیام ہوچکا ہے۔جن میں شمسی توانائی کے ذریعہ بجلی اور پینے اور زراعت کےلیے پانی فراہم کیا جاتاہے اسی طرح ان ولیجز میں شمسی و دیگر ذرائع سے بجلی پیدا کر کے علاقہ مکینوں کو بجلی کی سہولت دی جاتی ہے ۔ اسی طرح ان علاقوں میں گلیوں اور سڑکوں کی مرمت اور تعمیر کا کام بھی کیا جاتا ہے۔

2۔واٹر فار لائف کمیٹی (Water For Life committee)

افریقہ کے دور دراز علاقوں میں صاف پانی علاقہ مکینوں کے لئے ایک بہت بڑی سہولت ہوتی ہے چنانچہ حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز نےآغاز خلافت ہی میں براعظم افریقہ میں پانی کی سہولت کی فراہمی کے لئے 2005ء میں واٹر فار لائف کمیٹی کا اجراء فرمایا ۔اس کمیٹی کے تحت پانی کی سہولت کی فراہم کے لئے افریقہ کے دور دراز گاؤں میں نئےنلکے لگانے کا کام کیا جاتا ہے چنانچہ گزشتہ انیس19 سالوں میں اس کے تحت 2 ہزار 8 سو سے زائد پانی کے نلکے لگ چکے ہیں جن کے ذریعہ سے 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد مستفیذ ہو ئے۔اس کمیٹی کے تحت IAAAE کے انجینئرز شدید گرم موسم میں کام کرتے ہیں اور جب کسی علاقہ میں پانی کی سہولت فراہم کی جاتی ہے تو وہاں علاقہ مکینوں کی خوشی دیدنی ہوتی ہے۔

3۔متبادل انرجی کمیٹی (ALTERNATIVE ENERGY COMMITTEE)

اس کمیٹی کا قیام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کی روشنی میں 2005 کو ہوا ۔ اس کمیٹی کے تحت شمسی اور بجلی کے دیگر ذرائع بروئے کار لاکر افریقہ کے پسماندہ علاقوں میں بجلی کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ اس کمیٹی کے تحت اڑھائی سو250 سے زائد گھانا، بینن، نائیجر، مالی، گیمبیا، سیرالیون، بورکینافاسو، میں بجلی کی سہولت فراہم کی جاچکی ہے اسی طرح ان تمام مقامات پر سولر سسٹم کی مینٹینس (maintenance) کا کام بھی جاری ہے۔ اس اقدام سے علاقہ مکین جہاں بجلی کی سہولت سے مستفیض ہوتے ہیں وہاں ان کے لئے MTA کی سہولت کا بھی انتظام ہوتا ہے اور وہ براہ راست اپنے پیارے امام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا دیدار کر سکتے ہیں۔

4۔آرکیٹکٹس (ARCHITECTS) کمیٹی

IAAAE کی یہ کمیٹی افریقہ بھر میں ہونے والی تعلیم ،صحت ،کمیونٹی سنٹرز اور مساجد کی تعمیرات میں اپنی خدمات فراہم کرتی ہے۔ اس کمیٹی کے تحت بورکینا فاسو میں مسرور انٹر نیشنل ٹیکینکل کالج قائم کیا گیا ہے۔

مسرور انٹر نیشنل ٹیکینکل کالج (MITC)

اس کالج کے قیام کا مقصد نوجوانوں کو ٹیکنیکل کورسز کی تعلیم دے کر دے کر انہیں معاشرہ کا مفید وجود بنانا ہے ۔یہاں سے تعلیم حاصل کر کے نوجوان باعزت طور پر روزگار کا انتظام کر سکیں گے۔

خلافت خامسہ کے بابرکت دور میں
عالمگیر تنظیموں کی سطح پر غیر معمولی ترقیات

الہی تقدیر کے مطابق خلافت رابعہ کا دور عالمگیر وسعت (EXPENTION) کا حامل تھا تو خلافت خامسہ تنظیم وتنسیق (CONSOLIDATION) کا دور ثابت ہوا جس میں ہر پہلو سے کیاجماعتی نظام اور کیا تنظیمیں ہر لحاظ سے پہلے سے بڑھ کر منظم ہوئیں۔

مجلس خدام الاحمدیہ عالمگیر

احمدی نوجوانوں کی تنظیم خدام الاحمدیہ مجالس عالمگیر نے بھی خلافت خامسہ کے زیر سایہ کی دن دوگنی رات چوگنی ترقی کی ہے۔بطور نمونہ چند بڑی مجالس کا ذکر کیا جاتا ہے۔

حضور انور کی خصوصی نگرانی میں ہر ملک میں خدام الاحمدیہ کی تجنید از سر نو درست اور مکمل کر کے تنظیمی ڈھانچہ منظم کرنے کی کوشش ہوئی۔جس کے نتیجہ میں مالی قربانی میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا۔صرف مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کے مجموعی بجٹ میں تین گنا سے زائد اضافہ ہے جبکہ بجٹ حصہ آمد دس لاکھ ڈالر تک پہنچ رہا ہے۔امریکہ میں 17نئی مجالس کا قیام عمل میں آیا اور نصف ایکڑ سے زائد وسیع و عریض سرائے خدمت کی تعمیر ہوئی۔

مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا نے بھی خلافت خامسہ میں ہر میدان میں ترقی کی ہے۔ساٹھ60نئی مجالس کا اضافہ ہوا ۔دو عظیم الشان عمارات کی تعمیر کے علاو ہ خدمت خلق کے کاموں میں بھی خدام نے کارہائے نمایاں انجام دیے ہیں۔کینیڈا میں خدام کی سترہ17چیریٹی واکس کے ذریعے تیس30لاکھ ڈالر سے زائد رقم حاصل ہوئی۔ ۔مالی بجٹ خلافت خامسہ کے آغازسے اب تک چار گناہوکرگیارہ11لاکھ ڈالر تک پہنچ رہاہے۔

خدام الاحمدیہ برطانیہ بھی حضور انور کی قریب سے ذاتی نگرانی کے باعث نسبتاً زیادہ ترقی کر رہی ہے۔جس کے نتیجہ میں چوبیس24ریجنز میں ستاون57مقامی قیادتیں وجود میں آئیں۔ ایک درمیانی سائز کی مارکی میں اسلام آباد میں خدام الاحمدیہ کا ہونیوالا اجتماع برطانیہ کئی سال سے surrey کے وسیع و عریض میدانوں میں ہوتا ہے جہا ں پانچ چھ شاندار مارکیز نصب کی جاتی ہیں۔اور ہزاروں خدام اور اطفال اجتماع میں شامل ہوتے ہیں۔ دو خوبصورت عمارات سرائے خدمت خلق اور ایوان محمود خریدی گئیں۔خدام الاحمدیہ یو کے کا چندہ 9لاکھ پونڈ تک پہنچ رہاہے۔

جرمنی میں بھی خدام کی تجنید میں غیر معمولی اضافہ ہوا اور مجالس کی تعداداڑھائی سو سے بڑھ چکی ہے۔ بجٹ تین گنا بڑھ کرڈیڑھ ملین یورو کے قریب ہو گیا ہے۔

افریقہ میں بھی خدام الاحمدیہ نئی بیداری دیکھنے میں آئی ہے۔ بورکینا فاسو کی مجلس نے خون کے عطیات فراہم کرنے میں قومی ریکارڈ قائم کیا۔ اور خدام کو روزگار فراہم کرنے کے لئے صنعتی ورکشاپ کا قیام عمل میں آیا۔ 2008ء میں تین سو 300خدام سائیکلوں پر کئی سو میل کا سفر کر کے اپنے پیارے امام کے دیدار کےلیے گھانا کے باغ احمد پہنچے۔

اسی طرح گیمبیا، بینن، یوگینڈا، نائیجیریا کی مجالس میں وسعت ہوئی۔ افریقہ کے فرانسیسی بولنے والے ممالک سینیگال اور آئیوری کوسٹ کی مجالس فعال ہوئیں اور باقاعدگی سے رپورٹس بھجوانے لگیں۔

خدام الاحمدیہ پاکستان میں بھی ہر شعبہ میں ترقی ہوئی۔ خاص طور پر طاہر ہومیوپیتھک ہسپتال کی تکمیل ہوئی۔ دارالصناعة، بلڈ بنک، آئی ہسپتال اور فائر بریگیڈ منظم ہوکر کام کر رہے ہیں۔ اکتوبر 2003ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعا لیٰ بنصرہ العزیز نے اس سروس کا نام ’’ناصر فائر اینڈ ریسکیو سروس‘‘ رکھنے کی منظوری مرحمت فرما ئی جو خدمت خلق کے لیے فعّال ہے۔

اسی طرح بھارت کی مجالس میں بھی بیداری نظر آنے لگی۔ یورپ میں بیلجیم، ڈنمارک، ناروے کی چھوٹی چھوٹی مجالس اب مضبوط تنظیمیں بن چکی ہیں۔

الغرض حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ کی ذاتی توجہ کے نتیجہ میں گزشتہ اٹھارہ 18سال میں مجالس خدام الاحمدیہ عالمگیر کا نقشہ ہی بدل چکا ہے۔

مجلس انصار اللہ عالمگیر

حضرت اقدس خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مسلسل راہ نمائی کے نتیجہ میں مجلس انصار اللہ عالمگیربھی ترقیات کی منازل طے کرتی چلی آرہی ہے۔

  • خلافت خامسہ کے دور میں باقاعدگی سے عالمگیر مرکز لندن میں ماہانہ رپورٹ ارسال کرنے والے ممالک کی تعداد 25سے بڑھ کر 87 تک پہنچ چکی ہے، زیادہ تر ممالک دورِ خلافتِ خامسہ میں بفضلہ تعالیٰ فعال ہوگئے۔
  • تقریباً پینتیس35 نئے ممالک میں مجالس قائم ہوئیں۔

مجلس انصار اللہ یو کے

  • مجلس انصار اللہ برطانیہ کی تجنیداٹھارہ سو1800 سے بڑھ کر تین گنا سے زائد پانچ ہزار نو سو5900 ہو چکی ہے۔
  • مجلس انصار اللہ کا مالی بجٹ پچھترہزار75000 پاؤنڈ سے بڑھ کر تقریباً چار گنا سے زائدسات لاکھ ستاسٹھ ہزار767000 پاؤنڈ ہو چکاہے۔
  • چیرٹی واک کا مالی بجٹ پینتیس ہزار35000 پاؤنڈ سے بڑھ کر تقریباً چار گنا سے زائدایک لاکھ تینتالیس ہزار143000پاؤنڈ ہوچکاہے۔
  • انصار اللہ برطانیہ کی طرف سےویلز مسجد کی تعمیر جس پر دو2 ملین پاؤنڈ کے اخراجات متوقع ہیں۔
  • انصار اللہ برطانیہ کی طرف سے Masroor Eye Institute بورکینا فاسو قا ئم کیا جا رہا ہے جس پر اب تک ڈیڑھ1.5 ملین پاؤنڈز خرچ ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انصار اللہ کومندرجہ ذیل فلاحی کاموں میں مالی خدمات پیش کرنے کی کی توفیق ملی:

(i) منی ماڈل ویلج پراجیکٹ(ii) (Mini Model Village project)عطیۂ نظر(Gift of Sight)

(iii)واٹر پمپ افریقہ (iv) (Water Pump Africa) افریقہ میں مرمت واٹر پمپ (Water pump Repair Africa)

(v)نئے پانی کے کنوئیں پاکستان (New Water Well – Pakistan)

مجلس انصار اللہ جرمنی

مجلس انصار جرمنی کو اللہ تعالی کے فضل اور خلیفہ وقت کی دعاؤں کی بدولت بہت سی کامیابیاں نصیب ہوئیں:

  1. مجلس انصار اللہ جرمنی کی تجنیددوہزار پچاس 2,050 سے بڑھ کر چار گنا تک سات ہزارسات سو پچاس7,750 تک پہنچ رہی ہے۔
  2. مجالس کی تعدادایک سو چھیانوے196 سے بڑھ کر ڈیڑھ گنا دوس و اکیاسی 281 ہو گئی۔
  3. شجر کاری کے تحت مجلس انصار اللہ جرمنی کوآٹھ سو 800 شہروں میں ایک ہزاردوسوبتیس1,232 درخت اور کچھ مقامات پرجنگل کی صورت میں دس10 ہزار سے زائد پودے لگانے کی توفیق ملی۔ مساعی کی یہ خبریں تیرہ سو1,300 مختلف علاقائی اخبارات میں شائع ہوئیں ایک اندازہ کے مطابق چار4 ملین سے زائد افراد تک پیغام پہنچا۔
  4. حضور اقدس کے ارشاد کی روشنی میں چھیاسٹھ66 مقامات پرتیس سوپچانوے395 چیرٹی واکس کرنے کی توفیق ملی ان چیرٹی واکس سےبارہ12 لاکھ یورو جمع کر کے جرمنی بھر کی مختلف رفاہی تنظیموں اور ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کو عطیہ کیا گیا۔
  5. ’’احمدیہ لنگر‘‘ کے تحت سات سوانچاس749 بار مختلف شہروں میں ڈیڑھ لاکھ15,0000 بے گھر افراد کو کھانا مہیا کیا گیا یہ لنگرچالیس40 مقامات پر مستقل جاری ہے۔ گذشتہ سال جرمنی میں سیلاب زدہ علاقہ میں مستقل دو2 ماہ تک کھانا تیار کرکے مستحق افراد کو دیا گیا اس سےپچاس50ہزار سے زائد افراد مستفید ہوئے۔
  6. مجلس انصار اللہ جرمنی کواللہ تعالی کے فضل سے سال 2005ء میں دو2ملین یورو کی لاگت سے ایک وسیع وعریض مسجد ’’بیت الجامع‘‘ تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔ علاوہ ازیں، سال 2015ء میں مجلس کے دفاتر اور گیسٹ ہاؤس کے لیے اڑھائی2.5 ملین یورو خرچ کر کےایک وسیع بلڈنگ بیت العافیت خریدی گئی۔

مجلس انصار اللہ ریاستہا‌‌‎ئے متحدہ امریکہ

  • مجلس کی تجنیدقریباً اڑھائی گنا اضافہ کے ساتھ چار ہزاراٹھائیس4028
  • مجلس کا بجٹ کئی گنا اضافہ کے بعدساڑھے بارہ لاکھ
  • مجلس انصار اللہ ریاستہائے متحدہ امریکہ کو اللہ تعالیٰ نے اشاعت کے شعبہ میں نمایاں خدمات کی توفیق دی۔
  • 2005ء میں انصار اللہ امریکہ نے TAHIR SCHOLARSHIP PROGRAM کے نام سے تعلیمی وظیفہ جاری کیا، جس کے تحت پچھترہزار75000امریکی ڈالر سے زائد مالیت کے وظائف مستحق طلباء و طالبات کو دئیے جاچکے ہیں۔
  • 2006ء سے2013ء کے دوران انصار اللہ امریکہ کی جانب سے طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ ربوہ کے لئے مجموعی طور پر دو 2ملین امریکی ڈالر سے زائد رقم مہیاکرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔
  • چھہترہزار76,000 امریکی ڈالر عطیہ سےافریقہ میں پانی کی قلت کے پیش نظر کنوئیں کھدوائے گئے۔
  • افریقہ کے لئے ساڑھے تین سو350بائیسائیکل اوربیس20ٹرائی سائیکل عطیہ کئے گئے۔
  • بورکینافاسو میں مختلف رفاہی کاموں کی مد میں اڑتالیس ہزار38,000 امریکی ڈالر کی رقم خرچ کی گئی۔
  • افریقہ میں ماڈل ولیج کے قیام کے لئے اسّی ہزار80,000 ڈالر عطیہ کئے گئے۔
  • مختلف مساجد کی مرمت اور رنگ و روغن کے لئے پانچ لاکھ 500,000 امریکی ڈالر عطیہ کئے گئے۔
  • ہیٹی میں مسجد کی تعمیر کی غرض سے ساڑھے چارلاکھ450,000امریکی ڈالر عطیہ دیا گیا۔
  • تیرہ ملین13,000,000 امریکی ڈالرز کی لاگت سے اڑتالیس48مکانات پر مشتمل ہاؤسنگ سوسائٹی قائم کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔

مجلس انصار اللہ کینیڈا

  • عہدخلافت خامسہ میں مجلس انصار اللہ کینیڈا نے تین نئی عمارات کی تعمیر کی جن میں بیت الانصار، سرائے انصار اور عبد السلام شامل ہیں۔
  • 2009ء میں انصار اللہ کی تجنید میں اضافہ سے پانچ ریجنز میں چار ریجنز کے اضافہ کے ساتھ کل نو ریجنز ہو گئے۔
  • 2013ء میں مجلس انصار اللہ کینیڈا نے افریقہ میں دو کنوئیں لگانے کےلیے ہیومینٹی فرسٹ کو دس ہزار کینیڈین ڈالرز عطیہ دئیے۔
  • 2014ء میں خدام الاحمدیہ کے دفتر بیت العطاء کی تعمیر کےلیے پانچ ہزار کینیڈین ڈالرز کی معاونت کی۔
  • 2015ء میں مجلس انصار اللہ کینیڈا نے «سرائے انصار» کے لئے اونٹاریو میں ایک گھر کے لئے سوا پانچ لاکھ ڈالرز کی قربانی کی۔
  • ستمبر2015ء میں کینیڈا کی نیشنل مجلس عاملہ،ریجنل ناظمین اعلیٰ اور زعماء کا ایک وفد انصاراللہ کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر لنڈن میں حضور انور سے ملاقات کا شرف پایا اس موقع پر75000 ڈالرز بطور نذرانہ پیش کرنے کی سعادت پائی۔
  • 2015ء میں شرائط بیعت اور ہماری ذمہ داریاں کی پندرہ سوکاپیاں شائع کیں۔
  • 2016ء میں کنوئیں بنانے کےلیے 10ہزار کینیڈین ڈالرزہیومینٹی فرسٹ کو پیش کیئے گئے۔
  • 2017ء میں مسجد بیت الفتوح کی تعمیر نو کےلیے ڈیڑھ لاکھ ڈالرز کی خصوصی مالی معاونت کی۔
  • 2018ء میں ساڑھے سات ہزار کنوئیں لگوانے کےلیے ہیومینٹی فرسٹ کو اور تین ہزار ڈالرز ضرورتمند خاندانوں میں تقسیم کیے۔ اسی طرح مختلف چیریٹی واک کیں۔
  • 2019ء میں پانچ ہزار ڈالرز ہیومینٹی فرسٹ کو کنوئیں لگانے کےلیے دئیے۔ضرورتمندو خاندانوں میں رقم تقسیم کی۔دو جگہیں قبرستان کےلیے خریدیں۔
  • 2020ء میں میسی ساگا میں فوڈ ڈرائیو کا انعقادکیا اور کووڈ19 ہیلپ لائن کا اجراء کیا۔
  • 2021ء میں 1044 کمبل پینسٹھ سال سے اوپر عمر والے انصار میں تقسیم کیے۔110 انصار میں عید گفٹس بانٹے گئے۔ کووڈ19 میں 48600فیس ماسک اور 8100ہینڈ سینیٹائزر تقسیم کیے گئے۔ پانچ ہزار ڈالرز ہیومینٹی فرسٹ کو کنوؤں کےلیے دئیے اور دو ہزار ڈالر آئیوری کوسٹ ہسپتال کےلیے عطیہ کیے۔
  • اس کے علاوہ ہر جمعہ کو رائل سٹی مشن کے لوکل کمیونٹی سنٹر میں 70 افراد کو لنچ دیا جاتا ہے۔
  • 2022ء میں مجلس انصار اللہ کینیڈا نے احمدیہ مسلم جماعت کو جامعہ احمدیہ کینیڈا کی خریداری کےلیے ایک لاکھ گیارہ ہزار ڈالرز پیش کئے۔
  • مجلس انصار اللہ کی تجنید کئی گنا اضافہ کے بعد اب بفضلہ تعالیٰ چھ ہزار ایک سو تئیس6123 ہو چکی ہے۔
  • مالی بجٹ کئی گنا اضافہ کے بعداور اب بفضلہ تعالیٰ ساڑھے بارہ لاکھ کینیڈین ڈالر سے بھی تجاوز کر چکاہے۔

مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ

  • مجلس کوجنیوا میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی تنظیم کے تحت مختلف آگاہی پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی، ان پروگراموں میں جماعت کی نمائندگی کے لئے سر افتخار احمد ایاز صاحب اور نمائندہ ہیومینٹی فرسٹ زمبابوے کوان پروگراموں میں خطاب کرنے کے لئے مدعو کیا گیا۔
  • اڑتالیس ہزار48000سوئس فرانک کے عطیہ سےافریقہ میں کنویں کھدوانے کی توفیق ملی۔
  • انصار اللہ اورسوئٹزر لینڈکے تحت پیس سمپوزیم منعقد کیا گیا جو اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بہت کامیاب رہا، کئی بااثر شخصیات نے اس سمپوزیم سے خطاب کیا۔

مجلس انصار اللہ افریقہ

  • نائیجیریا کو ایک سکول کی تعمیر اور اس کو جاری رکھنے کی توفیق ملی۔
  • گھانا کو اکرا میں ایک تین منزلہ عمارت تعمیرکرنے کی توفیق ملی جس میں دفاتر اور گیسٹ ہاؤس ہے۔
  • 2005ء میں زیمبیا میں پہلے سیکنڈری سکول کا سنگ بنیاد رکھاگیا جس کی تعمیر2006ء میں مکمل ہونے پراس میں تعلیم کاباقاعدہ آغاز ہوگیا۔اس وقت اس میں پانچ سو تک طلباء زیرتعلیم ہیں۔
  • زیمبیا کے مشرقی صوبے پٹوکے شہر میں 2007ء میں چھ ہزار مربع میٹر کے پلاٹ کی خریداری کی آفر کی گئی اورمخالفت کےباوجود 2008ء میں کاغذات ملنے پر تقشہ بنواکر وہاں مسجد کی تعمیر کا کام ہوا اور مسجد کی تعمیر کے بعد 2011ء میں مشن ہاؤس اور 2013ء میں لائبریری تعمیر کی گئی۔
  • زیمبیا کے سنٹرل صوبہ کے قصبہ ننگوما میں 2009ء میں جماعت کا قیام ہوا اور مسجد تعمیر کی گئی۔
  • زیمبیا کے جنوبی صوبہ پمبا میں مئی 2012ء میں جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچا اور نومبر2012ء میں جماعت احمدیہ کی پہلی مسجد کاسنگ بنیاد رکھا اور5 جولائی 2013ء میں اس کا باقاعدہ افتتاح ہوا۔
  • زیمبیا کے شمالی صوبہ مکوشیMkushi میں 2013ء میں جماعت احمدیہ کا قیام ہوا۔
  • 2014ء میں مشرقی صوبہ کے شہر پیٹوکے کے ایک گاؤں کاوامبا اور Nseluka میں جماعت احمدیہ کا نفوذ ہوا اور مسجد تعمیر کی گئی۔
  • 2015ء میں زیمبیا کے شمالی صوبہ کے قصبہ چشمبا chishmba اور شہرمپوروکوسو Mporokoso میں جماعت احمدیہ کا قیام ہوا۔
  • جون 2015ء میں IAAAE کے تحت زیمبیا میں واٹر فار لائف پراجیکٹ کے تحت کام کا آغاز ہوا۔
  • اسی طرح خلافت خامسہ میں اب تک زیمبیا کے مختلف صوبوں میں مزید بارہ جماعتوں کا قیام عمل میں آیا۔ اس کے علاوہ مارچ 2019ء میں دوسرے احمدیہ مسلم سیکنڈری سکول کی تعمیر بھی ہوئی جس میں 2020ء میں تدریسی عمل کا آغاز ہوا۔
  • 2018ء میں جماعت کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے پٹوکے مشن ہاؤس میں ایک ہزار پھل دار پودوں پر مشتمل نرسری تیار کی گئی۔
  • پھر5 اکتوبر 2019ء کو پٹوکے سنٹر میں باقاعدہ نرسری کا قیام عمل میں آیا۔کسانوں اور طلباء میں پھل دار پودوں کو تقسیم بھی کیا گیا۔
  • 5جون 2020ء کو عالمی یوم ماحولیات کی مناسبت سے مشرقی صوبے کے شہر پٹوکے میں ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں جماعت احمدیہ کے نمائندے کو بھی مدعو کیا گیا۔ اس میں جماعت کا تعارف کروایا گیا اور ایک ہزار پودے شاملین میں تقسیم کیے گئے۔
  • 2 اگست 2020ء کو وزیر اطلاعات و نشریات زیمبیا کے ساتھ مل کر پٹوکے اور مینگا ہسپتال کے مریضوں، مینگا پرائمری سکول اور ممبی سیکنڈری سکول میں 600 سے زائد مریضوں اور غرباء میں گوشت تقسیم کیا گیا۔
  • سال 2020ء کے اوائل میں عالمی وبا کرونا میں جماعت احمدیہ زیمبیا نے 3500 فیس ماسک تقسیم کیے اور ہینڈ واش اور سینیٹائزر بھی کافی تعداد میں بانٹے۔

مجلس انصار اللہ آسٹریلیا:

  • مجلس انصار اللہ کی تجنید اب بفضلہ تعالیٰ آٹھ سو اٹھاون858 ہو چکی ہے۔
  • انصار اللہ کے مالی بجٹ میں بھی بفضلہ تعالیٰ کئی گنا اضافہ ہو کر اڑھائی لاکھ ڈالر بڑھ چکا ہے۔
  • مجلس انصار اللہ پاکستان کے تحت انصار اللہ ہال کی تعمیر
  • خلافت خامسہ میں انصار اللہ پاکستان کو پرانے بالائی ہال کو دوگناکرکے وسیع ہال بنانے کی توفیق ملی۔

یہ تو چند بڑے ممالک کی کس قدر تفصیلی مساعی کا ذکر بطور نمونہ ہے۔علاوہ ازیں بعض چھوٹے ممالک میں جن کی تجنید یک صدر انصار تک ہے بھی اسی طرح ذوق وشوق اور محنت سے اس عالمگیر تنظیم کے کاموں میں شریک ہیں جن میں خاص طور پر آئر لینڈ بھی قابل ذکر ہے جس کے یوٹیوب کے محض چینل کے اجراء سے ہزاروں لوگوں تک اسلام کا پیغام پہنچ رہا ہے۔

خلافت خامسہ کے دور میں اللہ تعالیٰ کی جانب سے مجلس انصار اللہ کو غیر معمولی ترقیات حاصل ہوئیں، مندرجہ بالااعداد و شمار ان ترقیات کی ایک جھلک ہیں، ان تمام ترقیات اور برکات کو ضبط تحریر میں لانا ممکن نہ ہے، دنیا کی باقی مجالس بھی اسی طرح ترقیات کے منازل طے کرتی چلی جارہی ہیں۔

(باقی کل ان شاء اللہ)

(علامہ ایچ ایم طارق)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 جون 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ