• 9 مئی, 2024

پیارے خلیفہ نے سکھائی ایک پیاری دعا

جو تجھ سے مانگتا ہوں وہ دولت تمہیں تو ہو

This Week with Huzoor کی نئی قسط کا بے چینی سے انتظار تھا۔ MTA News کے یوٹیوب چینل کو وزٹ کیا تو ایک تازہ ملاقات کی ویڈیو کو موجود پا یا تو دل خوشی سے جھوم اٹھا کہ پیارے خلیفہ ایدہ للہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی روحانی پیاس کو بجھانے والی باتیں سنیں گے۔ اس قسط میں جو 11 دسمبر 2020ء کی تھی، جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل غانا کے طلباء کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ للہ تعالی بنصرہ العزیز کے ساتھ virtual ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔جس میں خدام نے پیارے آقا سے مختلف نوعیت کے سوالات کے ذریعہ رہنمائی حاصل کی اس ملاقات میں شروع سے آخر تک بہت کچھ سیکھنے کو ملا لیکن ایک موقع پر ایک بھائی نے پیارے حضور انور ایدہ للہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے سوال کیا وہ یہ تھا:

میرا سوال یہ ہے کہ خدا تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کا سب سے زیادہ بہترین ذریعہ کیا ہے؟

اس پر حضور انور ایدہ للہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:
’’پہلے تو اللہ تعالیٰ نے بتا دیا کہ میں نے انسان کو عبادت کے لئے پیدا کیا ہے، اللہ کی عبادت کرو،ٹھیک۔ اور اپنی پیدائش کا جو حق ہے وہ ادا کرو۔ وَ مَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَ الْاِنْسَ اِلَّا لِیَعْبُدُوْنِ (الذٰریٰت: 57)۔ پیدائش کا حق ادا کرو۔ دوسری بات آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمائی اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں پڑھائی، اللہ تعالیٰ نے ایمان بالغیب کے بعد پڑھایا یُقِیْمُوْنَ الصَّلٰوةَ نمازیں قائم کرو، ٹھیک ہے۔ اللہ تعالیٰ کا حکم ہے نماز قائم کرو، دوسری اہم چیز ہے عبادت۔ اللہ تعالیٰ پر ایمان لانے کے بعد نمازوں کی ادائیگی۔ پھر نماز میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ انسان جب سجدہ کی حالت میں ہوتا ہے اس وقت سب سے قریب ہوتا ہے اللہ تعالیٰ کے، ٹھیک ہے۔اس میں سجدہ میں دعا کرو اللہ تعالیٰ سے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنا قرب عطا کرے۔‘‘

پیارے حضور انور ایدہ للہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جواب سن ہی رہا تھا کہ اچانک پیارے آقا کی بات سن کر بے اختیا ر روپڑا۔ شاید میں اپنے جذبات کو صحیح طریقہ سے بیان نہ کرسکوں۔ آنکھوں سے آنسو جاری تھے اور ہر لفظ دل میں تیز دھار آلے کی طرح گھستا چلا جارہا تھا اور وہ لمحہ ایسا تھا کہ مجھے ایسا لگا کہ پیارے خلیفہ کے سامنے کھڑا ہوں اور پیارے آقا مجھ سے یہ بات فرما رہے ہیں، مجھے اپنے آس پاس اور کچھ نظر نہیں آرہا تھا سوائے پیارے آقا کے خوبصورت بابرکت وجود کے۔

پیارے حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ یہ فرمارہے تھے کہ:

؎ جو تجھ سے مانگتا ہوں وہ دولت تمہیں تو ہو

اللہ سے کہو جو میں تجھ سے مانگ رہا ہوں دولت، مجھے پیسہ نہیں چاہیئے مجھے دنیا نہیں چاہیئے۔ مجھے تیراقرب چاہیئے اور جب تیرا قرب مل جائے گا تو دنیا کی دولت بھی میری لونڈی بن جائے گی میری غلام بن جائے گی اور دنیا کی سہولتیں بھی میری غلام بن جائیں گی اور میری روحانیت بھی بڑھ جائے گی۔ تو پھر سجدہ میں دعا کیا کروکہ اللہ تعالیٰ اپنا قرب عطا کرے۔

اب یہ دعا تو پیارے خلیفہ نے بظاہر اس خادم کو بتائی لیکن یہ ہر اس شخص کے لئے جو عاقل و بالغ ہے ہر اس فرد کے لئے ہے جو دنیا میں کھوچکا ہے یا کھونے جارہا ہے۔

(سید عمار احمد)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 جون 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ