• 19 اپریل, 2024

زرافہ Giraffe

زرافہ ہماری دنیا کا سب سے بلند قامت چوپایہ ہے جو بر اعظم افریقہ کے مختلف ممالک جیسا کہ کینیا، نمیبیا، جنوبی افریقہ، چاڈ، صومالیہ،تنزانیہ اور بوٹسوانا وغیرہ میں پایا جاتا ہے۔ زرافہ ان ممالیہ (mammals) جانوروں میں سے ایک ہے جن کی نسل تیزی سے ختم ہو رہی ہے۔ گزشتہ تیس برس میں اس کی تعدادمیں تقریباً 40 فیصد کمی ہوئی ہے جس کی سب سے بڑی وجہ اس کا غیر قانونی شکار ہے۔ اس وقت دنیا میں زرافوں کی مجموعی تعداد تقریباً 70 سے 90 ہزار کے درمیان ہے۔

زرافہ اپنے غیر معمولی قد کی بدولت جانوروں میں منفرد پہچان رکھتا ہے۔ اس کا قد بالعموم 14 سے 18 فٹ کے درمیان ہوتا ہے۔

اس کی غیر معمولی جسامت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ پیدا ہونے والے بچے کا قد ایک نوجوان انسان سے بھی زیادہ ہوتا ہے۔ ایک بچے کا قد ایک اعشاریہ آٹھ میٹر تک ہو سکتا ہے۔

زرافہ کی 4 سے 6 فٹ لمبی گردن بھی جانداروں میں سب سے لمبی ہے دنیا میں اور کوئی جانور ایسا نہیں جس کی گردن اتنی لمبی ہو۔

اپنی اس لمبی گردن کی بدولت زرافہ درختوں کی اونچی شاخوں پر لگے پتے بآسانی کھا سکتا ہے اور اپنے گرد و نواح پر بھی اچھی طرح نظر رکھتا ہے۔ لیکن مصیبت تب ہوتی ہے جب اسے پیاس لگتی ہے۔ یہی لمبی گردن اس کے لیے مشکل کا باعث بن جاتی ہے۔

پانی پینے کے لیے جتنی مشقت زرافہ کرتا ہے، اتنی اور کوئی جاندار نہیں کرتا۔

پانی پینے سے پہلے زرافے کو اپنی اگلی ٹانگیں غیر معمولی حد تک کھول کر اپنے جسم کا سارا وزن ان پر ڈالنا پڑتا ہے ۔ پھر وہ اپنی لمبی گردن کو آہستہ آہستہ جھکاتے ہوئے کئی فٹ نیچے لا تا ہے تب کہیں جا کر اسے پانی نصیب ہوتا ہے۔ اس دوران اسےدرندوں سے چوکنا رہنے کے لیے بار بار اپنی گردن کو اٹھا کر گردو نواح کا جائزہ بھی لینا پڑتا ہے۔تاہم قدرت نے اس کے جسم میں کچھ ایسی خصوصیات بھی رکھی ہیں جو اس مشقت طلب کام میں اس کی مدد کرتی ہیں۔زرافے کی گردن اور ٹانگوں کے پٹھوں میں خاصی لچک پائی جاتی ہے جس کی بنا پر وہ اپنی ٹانگوں کو غیر معمولی حد تک پھیلا تے ہوئے اپنی گردن کو بھی 18 فٹ تک جھکالیتا ہے۔ زرافے کے دل کے علاوہ اس کے دماغ کو خون مہیا کرنے والی شریانوں (arteries) میں بھی والو موجود ہوتے ہیں اور جب زرافہ پانی پینے کے لیے اپنی گردن کوجھکاتا ہے تو یہ والو اس کے دورانِ خون (blood circulation) کو کنٹرول کرتے ہیںجس سے اس کے دماغ کی شریانیں بلڈ پریشر کی زیادتی کے باعث پھٹنے سے محفوظ رہتی ہیں۔

زیرِ نظر تصویر جنوبی افریقہ (South Africa) کے ملک نمیبیا (Namibia) کے ای ٹوشا (Etosha) نیشنل پارک کی ہے جہاں ایک زرافہ پانی پی رہا ہے جبکہ اس کے پیچھے کویلیا (Quelea) چڑیوں کا ایک غول اڑان بھر رہا ہے۔

(ترجمہ و تلخیص: مدثر ظفر)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 جولائی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 جولائی 2021