• 18 مئی, 2024

سو سال قبل کا الفضل

7ستمبر 1922ء یومِ پنج شنبہ (جمعرات)
مطابق 14 محرم الحرام 1341 ہجری

صفحہ اول پر ایک طویل نظم اس عنوان سے شائع ہوئی ہے۔

’’بتحریک چندہ خاص سلسلہ احمدیہ حسب الایمائے مولوی عبدالمغنی صاحب ناظر بیت المال قادیان یہ نظم لکھی گئی۔ (ثاقب مالیر کوٹلوی)۔ مذکورہ نظم کا ایک بند پیش ہے

مسجد لنڈن کی جب تعمیر کا اٹھا سوال
کتنا دیں اور کیوں،نہیں دل میں ہوا پیدا سوال
کچھ نہ سوچا بیش و کم جب دل میں آ بیٹھا سوال
اٹھے مل کر احمدی اور کر دیا پورا سوال
بس یہ سمجھو مسجد لنڈن کی تعمیریں ہوئیں
ہاں بلند اونچے مناروں پر سے تکبیریں ہوئیں

صفحہ دوم پر ایک خبر بعنوان ’’امریکہ میں احمدیہ مسجد‘‘ شائع ہوئی۔ یہ خبر دراصل حضرت مفتی محمد صادق صاحبؓ کی ایک رپورٹ پر مشتمل ہے۔جس میں ذکر ہے کہ ’’خداتعالیٰ کے فضل سے شکاگو (امریکہ) میں ایک مکان خرید لیا گیا ہےجس کے ایک حصہ کو مسجد کی شکل میں منتقل کیا جارہاہے۔‘‘

اس رپورٹ میں دو افراد کی قبولیتِ اسلام کا بھی ذکر ہے۔یہ رپورٹ حضرت مفتی محمد صادق صاحبؓ کی31؍ جولائی 1922ء کی تحریر فرمودہ ہے۔

صفحہ3تا5پر حضرت مصلح موعودؓ کا بیان فرمودہ ایک خطاب درج ہے جو حضورؓ نے31 اگست 1922ء کو ایک ماہ کے درس القرآن کے اختتام پر ارشاد فرمائی تھی۔

صفحہ6تا8 پر حضرت مصلح موعودؓ کاخطبہ جمعہ ارشاد فرمودہ یکم ستمبر1922ء درج ہے۔ اس خطبہ میں حضورؓ نے مسلمانوں کی افسوسناک حالت کا ذکر فرماتے ہوئے خواجہ حسن نظامی صاحب اور ان کی یہودیانہ چالوں کا ذکر فرمایا ہے۔

صفحہ8-9 پر مکرم اللہ دتہ جالندھری صاحب طالبعلم مدرسہ احمدیہ قادیان (حضرت مولانا ابوالعطا صاحب) کا ایک مضمون شائع ہوا ہے۔یہ مضمون آپ نے دہلی سے شائع ہونے والے آریہ دھرم کے ایک رسالہ ’’آریہ مسافر‘‘ میں قرآنِ کریم پر کیے گئے سات اعتراضات کے جوابات کی صورت میں تحریر کیا۔

صفحہ 11-12 پرہندوستان اور غیر ممالک کی خبریں شائع کی گئی ہیں۔

مذکورہ اخبار کے مفصل ملاحظہ کےلیے درج ذیل لنک ملاحظہ فرمائیں۔

https://www.alislam.org/alfazl/rabwah/A19220907.pdf

(م م محمود)

پچھلا پڑھیں

ذیلی تنظیموں کا تعارف اور ان کے مقاصد (کتاب)

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ