• 25 اپریل, 2024

جلسہ سالانہ نائیجیریا کی مختصر تاریخ

یہ خدا تعالیٰ کا مسیح محمدی سے وعدہ تھا کہ ’’میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاوں گا۔‘‘

خدا تعالیٰ کے فضل سے یہ نظارہ ہم روز دیکھتے ہیں۔ خدا کے اس فضل کا ایک مصداق نائیجیریا کا ملک بھی ہے جہاں باقی ممالک کی طرح جلسہ سالانہ منعقد کیا جاتا ہے اور اس میں طول و عرض سے لوگ تشریف لا کر اس الہام کا عملی ثبوت پیش کرتے ہیں۔

پہلا جلسہ سالانہ اپریل 1949ء کو مولانا نسیم سیفی صاحب کی امارت کے تحت منعقد ہوا۔

جلسہ کا مقام لاگوس (lagos) میں احمدیہ مسلم جماعت کی پہلی مرکزی مسجد 21/23 اوجو گیوا اسٹریٹ، (lagos island) تھا۔

شرکاء کی تعداد 75 تھی جن میں سے 50 مرد اور 20 خواتین تھیں۔

2۔ مولانا نصیر الدین احمد کی زیر امارت 1967ء میں جلسہ سالانہ کے لیے ایک نیا مقام استعمال کیا گیا۔

یہ مقام سینٹ جارج ہال تھا جو کہ 28 براڈ اسٹریٹ، میتھوڈسٹ بوائز ہائی سکول، لاگوس آئلینڈ کے سامنے تھا۔

3۔ مولانا نصیر الدین صاحب کی ہی امارت کے دور میں 1968ء میں جلسہ سالانہ کی میزبانی کے لیے ایک اور نیا مقام استعمال کیا گیا۔

4۔ 1969ء سے 1979ء تک جلسہ سالانہ مولانا فضل الہٰی انوری صاحب کی امارت کے تحت مسلم ٹیچر ٹریننگ سینٹر، رینڈل ایونیو، سرولیرے، لاگوس مین لینڈ میں منعقد ہوا۔

5۔مولانا محمد اجمل شاہد صاحب کی امارت کے تحت، جلسہ سالانہ اوجوکورو، لاگوس میں جماعت کی زمین پر منتقل کیا گیا، جہاں 1981ء (فروری اور دسمبر) میں دو مرتبہ منعقد ہوا کیونکہ 1980ء میں اس کا اہتمام نہیں کیا گیا تھا۔ جلسہ سالانہ ربوہ، پاکستان میں اسی سال دسمبر میں نائیجیریا کے مندوب نے شرکت کی۔

اس کے بعد 1982ء میں جلسہ سالانہ مولانا محمد منور چوہدری صاحب کی زیر امارت منعقد ہوا۔

اوجوکورو لاگوس میں آخری جلسہ سالانہ 1989ء میں مولانا عبدالرشید احمد اگبولا صاحب کی زیر امارت منعقد ہوا تھا۔

6۔ بعد ازاں جلسہ ہائے سالانہ کا انعقاد الارو، اوگن سٹیٹ کی جماعتی اراضی پر منعقد ہونا شروع ہو گیا تھا۔ خدا تعالیٰ کے فضل سے یہ ایک بہت وسیع میدان ہے جہاں پر جامعہ احمدیہ اور مدرسۃ الحفظ کی عمارات بھی موجود ہیں۔ محض خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس جگہ پر 25 سے 30 ہزار افراد با آسانی جلسہ سن سکتے ہیں۔ خدا کے فضل سے یہ جماعت احمدیہ نائیجیریا کی جلسے کیلئے مستقل سائٹ ہے اور یہاں اس حوالے سے ضروری انفراسٹرکچر بھی تعمیر کیا گیا ہے۔یہ مقام احمدیہ مسلم جماعت نائیجیریا کے ہیڈکوارٹر اوجوکورو، لاگوس سے تقریبا ًڈیڑھ گھنٹے کی مسافت پر واقع ہے۔

خلفائے کرام کا جلسہ سالانہ نائیجیریا
میں رونق افروز ہونا

خلفا ئے کرام نے مندرجہ ذیل برسوں میں نائیجیریا کا دورہ کیا تھا:
حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمۃ الله نے 1970ء اور 1980ء میں دورہ فرمایا۔ حضرت خلیفۃ المسيح الرابع رحمۃ الله نے 1988ء میں نائیجیریا تشریف لائے۔

حضرت خلیفۃ المسيح الخامس ايده الله بنصره العزيز نے 2004ء میں اور 2008ء میں نائیجیریا کا دورہ فرمایا۔

(2008ء اس دورے کے دوران جلسہ سالانہ کا انعقاد بھی کیا گیا تھا)

2008ء کا جلسہ سالانہ نائیجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں کیا گیا۔ یہ جلسہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صدارت میں منعقد کیا گیا۔ اس جلسے میں ملک کے طول وعرض سے احمدی اور غیر احمدی احباب نے شرکت کی۔

(راجہ اطہر قدوس۔ نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن، نائیجریا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 اکتوبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ