• 7 مئی, 2024

صحابہ سے ملا جب مجھ کوپایا

صحابہ سے ملا جب مجھ کوپایا

میں باربار کہہ چکا ہوں کہ جس قدر کوئی شخص قرب حاصل کرتا ہے، اسی قدر مواخذہ کے قابل ہے۔ اہل بیت زیادہ مواخذہ کے لائق تھے۔ وہ لوگ جو دورہیں،وہ قابل مواخذہ نہیں ،لیکن تم ضرور ہو۔ اگر تم میں ان پر کوئی ا یمانی زیادتی نہیں، تو تم میں اوران میں کیا فرق ہوا۔تم ہزاروں کے زیر نظر ہو۔و ہ لوگ گورنمنٹ کے جاسوسوں کی طرح تمہاری حرکات کوسکنات کو دیکھ رہے ہیں۔ وہ سچے ہیں……جب کوئی شخص مجھ سے تعلق نہیں رکھتا،تو یہ امر دوسرا ہے، لیکن جب آپ میرے پاس آئے، میرادعوی قبول کیا اور مجھے مسیح مانا، تو گویا من وجہہ آپ نے صحابہ کرام کے ہمدوش ہونے کا دعوی کر دیا۔تو کیا صحابہ نے کبھی صدق ووفا پر قدم مارنے سے دریغ کیا۔ان میں کوئی کسل تھا۔ کیا وہ دل آزار تھے؟ کیا ان کو اپنے جذبات پر قابو نہ تھا؟ کیا وہ منکسر المزاج نہ تھے،بلکہ ان میں پر لے درجہ کا انکسار تھا۔ سو دعا کرو کہ اللہ تعالیٰ تم کو بھی ویسی ہی توفیق عطا کرے، کیونکہ تذلل اور انکساری کی زندگی کوئی شخص اختیار نہیں کر سکتا جب تک کہ اللہ تعالیٰ اس کی مدد نہ کرے۔ اپنے آپ کو ٹٹولو اور اگر بچہ کی طرح اپنے آپ کو کمزور پاؤ،تو گھبراؤ نہیں۔ اهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ (الفاتحہ6) کی دعا صحابہ کی طرح جاری رکھو۔

راتوں کو اٹھو اور دعا کرو کہ اللہ تعالیٰ تم کو اپنی راہ دکھلائے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ نے بھی تدریجاًتربیت پائی۔ وہ پہلے کیا تھے۔ ایک کسان کی تخم ریزی کی طرح تھے۔ پھر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے آبپاشی کی۔ آپ نے ان کے لیے دعائیں کیں۔ بیج صحیح تھا اور زمین عمدہ تو اس آبپاشی سے پھل عمدہ نکلا۔ جس طرح حضور علیہ السلام چلتے اسی طرح وہ چلتے۔ وہ دن کا یارات کا انتظار نہ کرتے تھے۔تم لوگ سچے دل سے توبہ کرو، تہجد میں اٹھو، دعا کرو، دل کو درست کرو۔ کمزوریوں کو چھوڑ دو اور خدا تعالیٰ کی رضا کے مطابق اپنے قول وفعل کوبناؤ ۔یقین رکھو کہ جو اس نصیحت کو وردبنائے گا اور عملی طور سے دعا کرے گا اور عملی طور پر التجا خدا کے سامنے لائے گا۔ اللہ تعالیٰ اس پر فضل کرے گا اور اس کے دل میں تبدیلی ہو گی۔ خدا تعالیٰ سے ناامیدمت ہو۔

برکریماں کارہا دشوار نیست

بعض لوگ کہتے ہیں کہ ہم کو کیا کوئی ولی بننا ہے؟ افسوس انہوں نے کچھ قدرنہ کی۔ بیشک انسان نے (خدا کا) ولی بننا ہے۔ اگر وہ صراط مستقیم پر چلے گا، تو خدا بھی اس کی طرف چلے گا اور پھر ایک جگہ پر اس کی ملاقات ہو گی۔ اس کی طرف حرکت خواہ آہستہ ہو گی، لیکن اس کے مقابل خدا تعالیٰ کی حرکت بہت جلد ہو گی۔

(ملفوظات جلد اول صفحہ 45،44)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 نومبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 نومبر 2020