• 5 مئی, 2024

جماعت احمدیہ لٹویا کا پہلا اجتماعی وقارعمل

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے جماعت احمدیہ عالمگیر دنیا کے مختلف ممالک میں خدمت انسانیّت کے کاموں میں مشغول ہے اور رات دن ضرورت مندوں کی ضروریات کو پورا کرنے کی توفیق پارہی ہے۔

ماہ جولائی میں خاکسار مکرم نیشنل سیکرٹری صاحب مال جماعت احمدیہ لٹویا کے ساتھ ایک مقامی ضرورت مند غیر مسلم فیملی کو راشن وغیرہ دینے اُن کے گھر گیا تو اُن سے دریافت کیا گیا کہ ہم آپ کی مزید کیا خدمت کر سکتے ہیں؟ اس پر اُنہوں نے بتایا کہ یہاں کئی لوگ ہماری مدد کرنے آتے ہیں مگر ہمارا ایک کام ہے جس کو کرنے کے لئے کوئی بھی تیار نہیں۔ ہم نے اُن سے کام کی نوعیّت کا پوچھی تو اُنہوں نے بتایا کہ ہمارے بچّوں کا ایک کمرہ ہے جس کو اندر سےرنگ کرنا ہے ۔ ہم نے جواباً کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ کے خدّام آپ کی یہ ضرورت بھی پوری کر دیں گے۔

چنا نچہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے عید الاضحی کے اگلے روز یکم اگست کو اہل خانہ سے طے شدہ پروگرام کے مطابق پہلےہم ایک مقامی مارکیٹ گئے اور وہاں سے رنگ، رنگ وروغن کا سامان، برش اور دستانے وغیرہ خرید کر وقارعمل کے لئے اُن کے گھر پہنچ گئے۔ یہ جماعت احمدیہ لٹویا کی جماعتی تاریخ کا پہلا اجتماعی وقارعمل تھا۔ اس کارِخیر میں حصّہ لینے والے تمام دوست وقت مقررہ پر پہنچ گئے اور مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے اجتماعی دعا کے بعد اس کام کا آغاز کیا گیا اور شام چار بجے یہ کام اپنے انجام کو پہنچا۔ تین گھنٹے اس کام پر صرف ہوئے۔ خاکسار کے ساتھ مکرم فضل عمر شاہد صاحب نیشنل سیکرٹری مال، مکرم محمد وقاص اصغر صاحب نیشنل سیکرٹری ضیافت، مکرم محمد طلحہ احمد صاحب نیشنل سیکرٹری وصایا، مکرم محسن سلطان خان صاحب طالب علم کمپیوٹر سائنس Riga ٹیکنکل یونیورسٹی لٹویا اور عزیزم خاقان احمد صائم صاحب طالب علم ہائی سکول Vilnius لتھوانیا نے وقار عمل میں حصّہ لیا۔ اللہ تعالیٰ ان سب دوستوں کو جزائے خیر دے۔ آمین

جب ہم وقارعمل کررہے تھے تو گھر والے بار بار آکر دیکھ رہے تھے۔ اس فیملی کی سربراہ محترمہ آیا وائتوا (Aija Voitova) صاحبہ بڑی حیرت سے ہمارا کام دیکھ رہی تھیں اور اُنہوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ ’’آپ کو یہ کام کرتے دیکھ کر مجھے بڑی خوشی ہورہی ہے اور بڑا عجیب سا بھی محسوس ہورہا ہے کہ بظاہر ہمارا آپ لوگوں سے کوئی رشتہ اور تعارف بھی نہیں تھا مگر آپ کہاں پاکستان سے آکر ایک لٹوین کے گھر میں اُن کی مدد کررہے ہیں‘‘۔ خاکسار نے اُنہیں بتایا کہ ان وقارعمل کرنے والے دوستوں میں ایک سکول کے طالب علم کے علاوہ باقی تمام دوست یونیورسٹی میں BS اور MS کے طالب علم ہیں اور خدمت خلق اور خدمت انسانیّت کا یہ کام بڑی خوشی اور بڑے جذبے سے محض للہ سرانجام دے رہے ہیں۔

وقارعمل کے اختتام پر اہل خانہ نے بڑی محبّت سے تمام دوستوں کاشکریہ ادا کیا ۔ وقارعمل کے بعد تمام دوست مشن ہاؤس آئے وہاں نماز ظہر وعصر ادا کی گئیں اور اُس کے بعد تمام دوستوں کو کھانا پیش کیا گیا اور ہمارا یہ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ محض اپنے فضل سے جماعت احمدیہ لٹویا کو بڑی ترقیات سے نوازے اور ہمیں خدمت انسانیت کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین

٭…٭…٭

(رپورٹ: بشارت احمد شاہدؔ مبلغ سلسلہ و صدر جماعت لٹویا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 نومبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 نومبر 2020