• 18 اپریل, 2024

خلاصہ خطبہ جمعہ فرمودہ 4؍نومبر 2022ء

خلاصہ خطبہ جمعہ

سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 4؍نومبر 2022ء بمقام مسجد مبارک، اسلام آبادٹلفورڈ یو کے

اِمسال تحریک جدید کے مالی نظام میں 16 اعشاریہ 4 ملین پاؤنڈز کی مالی قربانی جماعت نے پیش کی الحمدللّٰه! دنیا کے تیزی سے بگڑتے ہوئے اقتصادی حالات کے باوجود یہ وصولی گزشتہ سال کے مقابلہ میں الله تعالیٰ کے فضل سے ایک اعشاریہ ایک ملین پاؤنڈز زیادہ ہے۔ پہلے کی طرح الله تعالیٰ کے فضل سے اِس سال بھی جماعت جرمنی دنیا بھر کی جماعتوں میں اوّل نمبر پر ہے، پاکستان نے بھی قربانی کے لحاظ سے بہت قربانی کی ہے لیکن اقتصادی حالات وہاں خراب ہیں، جو پیسے کی ویلیو گری ہے اُس کی وجہ سے وہ نیچے گئے ہیں، باقی قربانی کے لحاظ سے تو وہ آگے ہی بڑھے ہیں۔۔ ۔۔ شاملین کی کُل تعداد اللہ تعالیٰ کے فضل سے 15لاکھ 94ہزار ہے

حضور انور ایدہ الله نے تشہد، تعوذ اور سورۃالفاتحہ کی تلاوت کے بعد ارشاد فرمایا! آج نومبر کا پہلا جمعہ ہے اور حسب طریق اِس میں تحریک جدید کے نئے سال کااعلان اور گزشتہ سال میں جو الله تعالیٰ نے اپنے فضلوں کی بارش برسائی اُس کا ذکر کیا جاتا ہے۔

سب سے پہلی بات تو یہی یاد رکھنی چاہئے

ہر کام کو چلانے اور اُس کے اخراجات پورے کرنے کے لئے مال کی ضرورت ہوتی ہے، اِس بات کی وضاحت کرتے ہوئے ایک موقع پر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا! ہر نبی نے اپنے مقاصد کی تکمیل کے لئے مال کی تحریک کی۔ قرآن کریم میں بھی مختلف زاویوں اور پیرائے میں مؤمنوں کو مال کی قربانی کی طرف توجہ دلائی گئی ہے۔

الله تعالیٰ کس طرح اور کس قدر نوازتا ہے

اِس ضمن میں حضور انور ایدہ الله نے سورۃ البقرہ کی آیت 262 پیش کرتے ہوئے بیان کیا کہ اُن لوگوں کی مثال جو اپنے مال الله کی راہ میں خرچ کرتے ہیں ایسے بیج کی طرح ہے جو سات بالیں اُگاتا ہے، ہر بالی میں سو دَانے ہوں اور الله چاہے اِس سے بھی بڑھا کر دیتا ہے اور الله وسعت عطاء کرنے والا اور دائمی علم رکھنے والا ہے۔ پس یہ ہے مثال الله تعالیٰ کی راہ میں خرچ کرنے والے مؤمنوں کی کہ وہ اُن لوگوں کو جو خالص ہو کر اُس کی راہ میں خرچ کرتے ہیں، وہ اُن کے قرض نہیں رکھتا بلکہ اُنہیں اِس دنیا اور آخرت میں بھی نوازتا ہے۔

اِس زمانہ میں اشاعت دین کی ذمہ داری

اِس زمانہ میں الله تعالیٰ نے دین کی اشاعت کے لئے آنحضرت صل الله علیہ و سلم کے غلام صادق کو بھیجا ہے اور آپؑ کے ماننے والوں کے ذمہ بھی یہ بھی ذمہ داری لگائی ہے کہ اشاعت دین کے لئے اسلام کا پیغام دنیا میں پھیلانے، دنیا کو خدائے واحد کے حضور جھکانے کے لئے اپنا فرض اداء کریں اور اگر وہ خالص ہو کر ایسا کریں گےتو الله تعالیٰ کے فضلوں اور انعاموں کے وارث ٹھہریں گے۔

ایک حقیقی مؤمن کا نقشہ

ایک روایت میں آتا ہے آنحضرتؐ نے فرمایا! نماز، روزہ اور الله تعالیٰ کا ذکر کرنا، اُس کے راستہ میں خرچ کئے گئے مال کو سات سو گنا بڑھا دیتا ہے یعنی تم جو مالی قربانیاں کرتے ہو اُن کے ساتھ یہ چیزیں بھی ضروری ہیں۔ پس اِس حدیث میں ایک حقیقی مؤمن کا نقشہ کھینچ دیا گیا ہے کہ ایک مؤمن کو صرف یہ ہی نہیں سمجھنا چاہئے کہ صرف مالی قربانی کر کےپھر الله تعالیٰ کو کہے کہ مَیں نے تو اتنی مالی قربانی کی اور اپنے فرمان کے مطابق مجھے سات سو گنا بڑھا کر دے۔ نہیں! بلکہ اِس کے ساتھ اپنی عبادتوں کے معیار بھی بلند کرنے ہوں گے، اپنے نفس کی حالت کو بھی بہتر کرنا ہو گا، الله تعالیٰ کے ذکر سے اپنی زبانوں کو بھی تَر رکھنا ہو گا، لغویات سے پرہیز کرنا ہو گا اور خالص ہو کر صرف اور صرف اُس کی رضا کی خاطر مالی قربانی بھی کرنی ہو گی پھر الله تعالیٰ اِس طرح نوازاتا ہے کہ بعض دفعہ انسان حیران رہ جاتا ہے۔پس مالی قربانی کرنے والوں کو اپنی روحانی حالتوں کی طرف بھی نظر رکھنے کی بہت ضرورت ہے تبھی الله تعالیٰ کے انعاموں کے حقیقی وارث ٹھہریں گے۔

آج دینی اغراض کی تکمیل کے لئے

الله تعالیٰ نے آنحضرتؐ کے غلام صادق کو بھیجا اور آپؑ کے ذریعہ آج دنیا میں تبلیغ اسلام اور خدمت انسانیت کا کام ہو رہا ہے۔ الله تعالیٰ کے فضل سے جماعت ہر سال کئی ملین پاؤنڈز اشاعت لٹریچر، مساجد و مشن ہاؤسز کی تعمیر اور دوسرے منصوبوں پر خرچ کرتی ہے۔ یورپ اور ترقی یافتہ ممالک کی اکثر رقم (اپنے ملکوں کے اخراجات کے علاوہ) افریقہ، بھارت اور دوسرے غریب ملکوں میں خرچ ہوتی ہے اور جتنی وسعت اب کاموں میں ہو چکی ہے، یہ الله تعالیٰ کا خاص فضل ہے کہ باوجود معاشی حالات کے خراب ہونے کے افراد جماعت قربانیوں میں بڑھتے ہوئے اِن اخراجات کو بھی پورا کرتے ہیں اور الله تعالیٰ آج بھی اِن کو اپنے سلوک کے نظارے بھی دکھاتا ہے۔

قربانی کرنے والے مخلصین سے الله تعالیٰ کا سلوک

بعد ازاں حضور انور ایدہ الله نے دنیا بھر کے مخلصین کی تحریک جدیدکے مالی جہادمیں پیش کی گئی قربانی کے تناظر میں متفرق ایمان افروز واقعات نیز اُن پر نازل ہونے والے انعامات اور افضال الہی کا تذکرہ فرمایا جن سے پتا چلتا ہے کہ کس طرح الله تعالیٰ اِن قربانی کرنے والوں سے سلوک فرماتا اور کس جذبہ کے ساتھ مخلصین بھی اپنی قربانیاں پیش کرتے ہیں۔

نومبائعین میں بھی مالی قربانی کی طرف خود بخود توجہ پیدا ہو رہی ہے

اِس لئے کہ اُن کو اِس مالی قربانی کی روح کی سمجھ آ گئی ہے، گیمبیا کےامیر صاحب نے لکھا: ایک گاؤں جہاں تمام افراد نومبائعین ہیں وہاں بحوالۂ تحریک جدید تحریک کی گئی۔ ایک ستاون سالہ بوڑھی عورت نے 200 ڈلاسی (مقامی کرنسی) نکال کر چندہ میں اداء کر دیا۔وہ کہنے لگیں کہ یہ واحد راستہ ہے جس سے کوئی بھی سچے اسلام احمدیت کے پیغام کو پھیلا سکتا ہے جیسا کہ حضور اکرمؐ کے زمانہ میں ہوا کرتا تھا، یہ آخری رقم تھی جو اُس نے اپنے خاندان کے لئے کھانا خریدنے کے لئے رکھی ہوئی تھی۔ ابھی یہ باتیں ہو رہی تھیں، اِن کا بیٹا سوئٹزرلینڈ میں ہے بتایا کہ اُس نے 12 ہزار 200 ڈلاسی بھیجے ہیں۔ اِس خاتون نے مجمع میں روتے ہوئے اعلان کیا کہ الله تعالیٰ نے کس طرح ہم پر فضل کیا ہے، اب مَیں اور زیادہ چندہ اداء کروں گی۔ لوگ بھی حیران تھے وہاں موجود، چھ ماہ سے زیادہ عرصہ ہو گیا تھا بیٹا رابطہ نہیں کر رہا تھا اور ماں کو پوچھ نہیں رہا تھا اور ماں کا بُرا حال تھا مالی لحاظ سے لیکن اُسی موقع پر الله تعالیٰ نے ایسا سامان پیدا فرمایا کہ فون آیا اور ساتھ ہی رقم آئی۔ اِس پر باقی لوگوں پر اثر ہوا کہ احمدیت حقیقی اسلام ہے اور سب نے یہ عہد کیا کہ ہم مَرتے دَم تک احمدی رہیں گے۔

تحریک جدید کے نواسیویں سال کا اعلان

متفرق ایمان افروز واقعات بیان کرنے کے بعدحضور انور ایدہ الله نے ارشاد فرمایا! اب مَیں تحریک جدید کے نئے سال کا اعلان بھی کرتا ہوں، اٹھاسیواں سال اختتام پذیر ہوا 31؍اکتوبر (2022ء) کو اور نواسیواں سال اب شروع ہوا ہے یکم نومبر (2022ء) سے۔ اِمسال تحریک جدید کے مالی نظام میں 16 اعشاریہ4 ملین پاؤنڈز کی مالی قربانی جماعت نے پیش کی الحمدلله! دنیا کے تیزی سے بگڑتے ہوئے اقتصادی حالات کے باوجود یہ وصولی گزشتہ سال کے مقابلہ میں الله تعالیٰ کے فضل سے ایک اعشاریہ ایک ملین پاؤنڈز زیادہ ہے۔ پہلے کی طرح الله تعالیٰ کے فضل سے اِس سال بھی جماعت جرمنی دنیا بھر کی جماعتوں میں اوّل نمبر پر ہے۔ پاکستان نے بھی قربانی کے لحاظ سے بہت قربانی کی ہے لیکن اقتصادی حالات وہاں خراب ہیں، جو پیسے کی ویلیو گری ہے اُس کی وجہ سے وہ نیچے گئے ہیں، باقی قربانی کے لحاظ سے تو وہ آگے ہی بڑھے ہیں۔ کارکردگی کے لحاظ سے دوسری قابل ذکر جماعتیں ہالینڈ، فرانس، سویڈن، جارجیا، ناروے، بیلجیئم، برما، ملائیشیاء، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش، کریباتی، قزاقستان، تاتارستان، فلپائن، اِٹلی اور مڈل ایسٹ کی ایک جماعت ہیں۔افریقی ممالک میں مجموعی وصولی کے لحاظ سے نمایاں پوزیشن گھانا کی ہے، پھر ماریشس، نائیجیریا،برکینافاسو، تنزانیہ، گیمبیا، لائبیریا، یوگینڈا، سیرالیون اور پھر بینن کا نمبر ہے۔فی کَس ادائیگی کے اعتبارسے امریکہ،برطانیہ اور آسٹریلیا کا نمبر ہے۔ شاملین کی کُل تعداداللہ تعالیٰ کے فضل سے 15لاکھ 94ہزار ہے۔۔۔ اللہ تعالیٰ سب مالی قربانی کرنے والوں کے اموال ونفوس میں بےانتہاء برکت عطافرمائے۔

اعلان برائے رسمی افتتاح ویب سائیٹ history.ahmadiyya.uk

خطبۂ ثانیہ سے قبل حضور انور ایدہ الله نے ارشاد فرمایا! یوکے جماعت نے اپنی تاریخ احمدیت کے بارہ میں ایک نئی ویب سائیٹ بھی شروع کی ہے جس میں حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی مغرب میں تکمیل اشاعت ہدایت کی کاوشوں پر تحقیقاتی مضامین کو شائع کیا گیاہے۔ تاریخ یو کے کا آغاز تو 1913ء سے سمجھا جاتاہے جب چودھری فتح محمد صاحب سیّالؓ یہاں آئے تھے جبکہ آپؑ کا پیغام یوکے اور یورپ کے دوسرے ممالک میں آپؑ کے دعویٰ مجددیت کے ساتھ ہی پہنچ گیا تھا۔ اِس ویب سائیٹ پر آپؑ کے دَور مبارک پر ایک ٹائم لائن تیار کی گئی ہے جس میں مغرب میں پیغام حق پر مبنی حقائق کو بیان کیا گیا ہے نیز (Pioneer Missionaries) کے نام سے ایک اور ٹائم لائن تیار کی گئی ہے جس میں اوّلین مبلغین سلسلہ صحابہ حضرت اقدس مسیح موعود ؑ شامل ہیں، اُن کا تعارف اور یوکے میں خدمات کا ذکر کیا گیا ہے۔ اِسی طرح تاریخ پر مبنی مزید تحقیقی مضامین شائع کئے گئے جو نوجوان نسل پر اِ س بات کو واضح کریں گے کہ اِن اور اِن کے آباء کا اِن ممالک میں آنے کا اصل مقصد کیا تھا۔ اللہ تعالیٰ کرے کہ یہ ہمارے اگلوں، اپنوں اور غیروں کے لئے بھی فائدہ مند ہو۔

(قمر احمد ظفر۔ نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن جرمنی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

سیّدنا حضرت امیر المؤمنین کا دورہ امریکہ 2022ء (قسط 10)