محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے طفیل مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیئم کو اپنا 29 واں نیشنل اجتماع کرونا کی وباء کے باعث دو سال کے وقفہ کے بعد مورخہ 23 اور 24،اکتوبر 2021ء بروز ہفتہ ،اتوار بمقام بیت الرحیم آلکن میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ
اجتماع کی تیاری دو ماہ قبل شروع کی،اس سلسلہ میں اجتماع سے قبل تین میٹنگز کی گئیں امسال اجتماع کے ناظم اعلیٰ کے طور پر مکرم سفیر احمدصاحب اور سیکریٹری اجتماع کے لئے مکرم ناصر چوہدری صاحب کو خدمت کی توفیق ملی ۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں اجتماع کے کامیابی اور اس کے بابرکت انعقاد کے سلسلہ میں مسلسل رہنمائی لی جاتی رہی۔ حضور پُرنور نے امسال کے اجتماع کا تھیم (اَلصَّلوٰۃ) منظور کیا اور فرمایا کہ ’’خدام کو نمازوں کی فرضیت اور اہمیت کی طرف دوران اجتماع خوب توجہ دلائیں۔‘‘
پہلا دن
مورخہ 23،اکتوبر بروز ہفتہ رجسٹریشن اور ناشتہ کے بعد صبح ساڈھے دس بجے محتر م امیر صاحب نے انسپکشن کی اور بعد ازاں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ مکرم ڈاکڑ ادریس احمد صاحب، امیر جماعت احمدیہ نے بیلجیئم کا پرچم اور مکر م تو صیف احمد صاحب صدر مجلس خدام لاحمدیہ نے لوائے خدام لہرایا اور محترم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب کی زیرِ صدارت اجتماع کے افتتاحی اجلاس کا آغاز ہوا۔ تلاوت عزیزم رانا صداقت احمدصاحب نے کی۔ جس کے بعد صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے خدام کا عہد دہرایا۔ اس کے بعد نظم مکرم رضوان محمد صاحب نے پڑھی۔ مکرم صدر صاحب نے تما م خدام و اطفال کو خوش آمدید کہا اور اجتماع کے تھیم اَلصَّلَوٰۃ کے موضوع پر بات کی بعد ازاں محترم حافظ احسان سکندر مشنری انچارج و نائب امیر صاحب نے خدام کو نصائح فرمائیں ۔آخر پر محترم امیر صاحب نے افتتاحی خطاب میں ربیع الاوٌل کے بارکت مہینہ کے حوالہ سے حضور ﷺ کی سیرت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔
افتتاحی اجلاس کے اختتام کے ساتھ ہی علمی و ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہو گیا۔ خدام کے علمی مقابلہ جات مسجد کے مین ہال اور اطفال کے علمی مقابلہ جات لجنہ حال اور لائبریری میں منعقد کئے گئے ۔ ورزشی مقابلہ جات مسجد کے میدان میں منعقد ہوئے۔ امسال منعقد ہونے والے علمی مقابلہ جات میں تلاوتِ قرآن کریم، حفظِ قرآن، حفظِ احادیث، حفظِ ادعیہ، قصیدۃ، الہامات، نظم، کوئز، تقاریر ،امتحانی پرچہ شامل تھے۔ ورزشی مقابلہ جات میں فٹ بال، کرکٹ، والی بال، رسہ کشی ، ریلے ریس اور سو میٹر دوڑ ،نیزہ بازی، گولہ پھینکنا،کوک فائٹنگ کے مقابلہ جات شامل تھے۔ اسی طرح جو خدام ان ورزشی مقابلہ جات میں حصہ نہیں لے رہے تھے، ان کی تفریح کے لئے ٹیبل ٹینس اور ٹیبل فٹبال جیسی کھیلوں کا انتظام تھا۔
دوسرا دن
اجتماع کے دوسر ے دن کا آغاز نماز تہجد،فجر اور درس القرآن سے ہوا بعد ازاں نو بجے ناشتہ اور رجسٹریشن کے بعد دوبارہ باقاعدہ علمی اور ورزشی مقابلہ جات شروع ہوئے۔ دوپہر ایک بجے کھانے کا وقفہ ہوا۔ اجتماع کے دوسرے دن محترم امیر صاحب اور تمام سابق صدران مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیئم اور مربیان کرام اور بعض جماعتی نیشنل عاملہ کے ممبران کو دوپہر کے کھانے پر مدعو کیا گیا۔
اجتماع کے اختتامی اجلاس کی کاروائی نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوئی جو عزیزم رانا نعمان صاحب نے کی جس کے بعد صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے خدام کا عہد دہرایا۔ اس کے بعد نظم مکرم احتشام ہاشمی صاحب نے پڑھی۔ مکرم صدر صاحب نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم اجتماع کے آخری حصہ میں موجود ہیں اور بہت سی اچھی باتیں سیکھ کر جا رہے ہیں ،اور کہا کہ ان باتوں کا فائدہ ہمیں تب ہو گا کہ ہم ان کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنا لیں اور کہا کہ ہمارے پیارے امام سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح کی ہم سے بہت زیادہ توقعات ہیں ہم سب کو ان پر ہمیشہ پورا اترنےکی کوشش کرتے رہنا چاہئے بعد ازاں تقریب تقسیم انعامات شروع ہوئی، جن میں نمایاں کار کردگی حاصل کرنے والی مجالس ،خدام ،اطفال کی تفصیل کچھ یوں ہے۔
علم انعامی: مجلس مقامی(دلبیک)
سند امتیاز حاصل کرنے والی مجالس برائے سال 2019ء تا 2020ء:
مجلس مقامی، مجلس اوئپن، مجلس بیرنگن، مجلس اوسٹند، مجلس سنتروئدن، مجلس انٹورپن، مجلس ٹرن ہاؤٹ
سند امتیاز حاصل کرنے والی مجالس برائے سال 2020ء تا 2021ء:
اوسٹنڈے،برسلز ائیسٹ، مجلس مقامی
مثالی طفل معیار صغیر: عزیزم حیدر احمد مجلس مرکسم
مثالی طفل معیار کبیر: عزیزم عطاء المصور مجلس انٹورپن
مثالی خادم: مکرم شاہ زین منصور صاحب مجلس اوئپن
بہترین کارگردگی: ریجن انٹورپن
انعامات کے تقسیم کےبعد محترم امیر صاحب نے تمام خدام و اطفال کو توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیئم کو کامیاب اجتماع کی بہت مبارک باد اور فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ ترقی کی طرف کامزن ہے اور فرمایا کہ ہر کام میں مزید ترقی کی گنجائش رہتی ہے اس لئے ہم نے اپنا قدم آگے سے آگے بڑھاتے چلے جانا ہے اور محترم امیر صاحب نے اپنے خطاب میں حضرت مصلح موعودؓ کے ارشادات کی روشنی میں خدام و اطفال کو انکی ذمہ داریوں کی طرف احسن رنگ میں توجہ دلائی اور آخر پر محترم امیر صاحب نے اجتماعی دعا کروائی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس اجتماع کی مجموعی حاضرین 380رہی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ۔
اللہ تعالیٰ تمام خدمت کرنے والوں کو بہترین جزا دے اور ہمیں اسی طرح اپنے دل و جان سے پیارے امام کی کامل اطاعت میں دن رات خدمت کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین
(رپورٹ : چوہدری طاہر احمدگِل ۔نمائندہ الفضل لندن آن لائن بیلجئیم)