• 3 مئی, 2024

مونٹے نیگرو کی پہلی عاملہ کی پہلی میٹنگ

اللہ تبارک تعالیٰ کے پیدا کردہ کرہ ارض کے جنوب مشرقی یورپ میں ایک چھوٹا سا ملک مونٹےنیگرو (Montenegro) کے نام سے موجود ہے۔ جس کے دارلحکومت کو (Podgorica) کا نام دیا گیا ہے۔ اس کی آبادی 7 لاکھ کے قریب بتائی جاتی ہے۔ یہ ملک اپنی خوبصورت جھیلوں، پانی سے بھرے ہوئے تالابوں اور دلکش و سندرپہاڑوں کی بدولت ایک شہرت رکھتا ہے۔ اس ملک کے حسین و من موہن نظارے یورپ کے باشندوں کو اپنی طرف موسم بہار میں خاص طور میں کھینچ کر لے آتے ہیں۔ یہاں پر سربو کروشین (Serbo-Croatian) زبان بولی جاتی ہے اور یہی زبان سربیا، کرویئشا اور بوسنیا و ہرزیگووینا میں بھی بولتے ہیں۔ آبادی کا زیادہ تر حصہ Orthodox Church کے ساتھ منسلک ہے جبکہ مسلمانوں کی آبادی تقریباً 20 فیصد حصے پر مشتمل ہے۔

جماعت کا پیغام پہنچاننے میں جماعت جرمنی بالواسطہ یا بلا واسطہ ہر طرح اپنی کوشش و سعی جاری رکھے ہوئے ہے۔ کبھی یہ کوشش ساتھ والے ممالک، البانیہ، کوسوو یا بوسنیا کے ذریعہ کی جاتی ہے اور کبھی براہ راست۔ موٴرخہ 5؍جولائی کو ایک خط تبشیر کی طرف سے خاکسار کوموصول ہوا، جس میں یہ ذکر تھا کہ حضور اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خاکسارکو اس ملک میں خدمت کے لیے صدر جماعت کی ذمہ داری عطا فرمائی ہے اور ساتھ ہی یہ بھی ارشاد تھا کہ مجلس عاملہ کے ارکان کے نام بغرض منظوری بھجوائیں جائیں۔ اس ملک میں چونکہ جماعت کے افراد کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔ چنانچہ خاکسار نے مکرم برادرم مفیض الرحمان صاحب مبلغ سلسلہ بوسنیا کا نام نائب صدر مونٹی نیگرو اور ایک اور بوسنیا کے دوست Mr Ferid Silaric sb کا نام بطور سیکریڑی تبلیغ کے لیے بھجوایا۔ پیارے حضور اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ سے ازراہ شفقت موٴرخہ 15؍ستمبر کوان ناموں کی منظوری عنایت فرمائی۔ اسی طرح موٴرخہ22؍ستمبر 2022ء کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مکرم عزیزم سفیر احمد صاحب بٹ مربی سلسلہ کی تقرری مونٹے نیگرو کے لیے منظور فرمائی۔

موٴرخہ 14؍اکتوبر کو مونٹے نیگرو کے دارلحکومت میں خاکسار کے زیر صدارت مجلس عاملہ کے مندرجہ بالا ممبران کا ایک مختصر اجلاس ہوا، جس میں جماعت کی رجسٹریشن، لوگوں سے روابط بڑھانے اور جماعت کا پیغام پہنچانے پر غور وخوص ہوا۔ ہر ممبر نے اپنے اپنے تجربہ کےمطابق اپنی اپنی آراء دیں۔ اسی طرح 15؍اکتوبر کو نماز جمعہ کی ادائیگی بھی اسی سرزمین پر ہوئی۔خاکسار نے نماز جمعہ پڑھائی۔ جس میں شاملین کی تعد7 تھی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کی اللہ تعالیٰ زمین کے اس خطے میں بھی حقیقی اسلام کو پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے۔ احمدیت کے پھیلانے میں ہر قسم کی رکاوٹ دور کردے۔ میرا پیارا خدا اس علاقے میں بھی جماعت کو ایسے وجود عطا فرمائے جو جماعت کے کاموں میں معاون اور مدد گار ہوں۔ آمین

(رپورٹ: جاوید اقبال ناصر۔ مربی سلسلہ جرمنی وصدر جماعت مونٹے نیگرو)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی