• 26 اپریل, 2024

جلسہ یوم مصلح موعود

جلسہ یوم مصلح موعود
زیر اہتمام مجلس انصار اللہ گاتھن برگ

مجلس انصار اللہ گاتھن برگ کے زیر اہتمام مؤرخہ 5؍ فروری 2023ء بروز اتوار بعد نماز ظہر و عصر مسجد ناصر گاتھن برگ میں جلسہ یوم مصلح موعود منایا گیا۔ مجلس انصار اللہ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا یہ پہلا جلسہ مصلح موعود تھا۔ جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا مکرم نثار یوسف صاحب تلاوت قرآن کریم اردو اور سویڈش ترجمے کے ساتھ پیش کی۔ ازاں بعد مکرم انور رشید صاحب صدر مجلس انصار اللہ سویڈن نے عہد انصار اللہ دہرایا۔ اس کے بعد مکرم مرزا بشارت احمد صاحب نے مکرم پروفیسر مبارک احمد عابد صاحب کی مشہور نظم؎

اے فضل عمر! تیرے اوصاف کریمانہ
یاد آ کے بناتے ہیں ہر روح کو دیوانہ

خوش الحانی سے پڑھی۔

جلسے کی پہلی تقریر مکرم اکرام الحق صاحب نائب صدر صف دوم و قائد تربیت کی تھی تقریر کا موضوع تھا

’’حضرت مصلح موعود کی انصار کو نصائح‘‘

فاضل مقرر نے حضرت مصلح موعود کے مختلف خطبات اور تقاریر سے ایسے نہایت خوبصورت اور عمدہ اقتباسات اکٹھے کئے ہوئے تھے جن میں حضور نے مجلس انصار اللہ قائم کرنے کی غرض و غایت اور مقاصد بیان فرمائے ہوئے ہیں۔

اس کے بعد مکرم صلاح الدین یوسف صاحب نائب صدر اول نے پیشگوئی حضرت مصلح موعود کے حوالے سے حضرت سیدہ نواب مبارکہ بیگم صاحبہ کی نظم؎

بشارت دی مسیحا کو خدا نے
تمہیں پہنچے گی رحمت کی نشانی

خوبصورت ترنم کے ساتھ سنائی۔

جلسہ کی اگلی تقریر مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مشنری انچارج سویڈن و قائد تبلیغ کی تھی۔ تقریر کا موضوع پیشگوئی مصلح موعود کا یہ فقرہ تھا:‘‘وہ علوم ظاہری و باطنی سے پر کیا جائے گا’’۔ مکرم آغا صاحب نے اپنی تقریر کے آغاز میں مختصراً اس عظیم الشان پیشگوئی کا پس منظر بیان کیا اور پھر بتایا کہ باوجود اس کے کہ بچپن ہی سے حضرت مصلح موعود کی صحت بہت کمزور تھی اور اسی وجہ سے آپ اپنی تعلیم پر بھی توجہ نہ دے سکے۔ خود حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بھی آپ کے اساتذہ کو یہی ہدایت تھی کہ آپ کو پڑھائی کے لئے مجبور نہیں کرنا بلکہ آپ جب اور جتنا پڑھنا چاہیں اتنا پڑھا دیا کریں۔ اس صورت حال میں آپ اپنی پڑھائی مکمل نہ کر سکے لیکن الٰہی بشارتوں کے مطابق آپ کو علوم ظاہری و باطنی کا بہت بڑا حصہ عطا کیا گیا۔ حضرت مصلح موعود اس کا ذکر کرتے ہوئے فرماتے ہیں۔

’’میں نے کوئی امتحان پاس نہیں کیا۔ ہر دفعہ فیل ہی ہوتا رہا ہوں مگر اب میں خدا کے فضل سے کہتا ہوں کہ کسی علم کا مدعی آ جائے اور ایسے علم کا مدعی آ جائے جس کا میں نے نام بھی نہ سنا ہو اور اپنی باتیں میرے سامنے مقابلہ کے طور پر پیش کرے اور میں اسے لاجواب نہ کر دوں تو جو اس کا جی چاہے کہے۔ ضرورت کے وقت ہر علم خدا مجھے سکھاتا ہے اور کوئی شخص نہیں ہے جو مقابلہ میں ٹھر سکے ‘‘

(ملائکۃ اللہ صفحہ 53)

مکرم آغا صاحب نے ٹی وی سکرین پر حضرت مصلح موعود کی شائع شدہ کتابوں کی فہرست دکھائی اور بتایا کہ ابھی بہت سی کتابیں اشاعت کے مراحل میں ہیں۔ ان کتابوں کی افادیت کے اپنے اور پراے سب معترف ہیں۔ آپ نے احباب کو خصوصی طور پر حضرت مصلح موعودؓ کی درج ذیل کتابیں پڑھنے کی طرف توجہ دلائی۔

اسلام میں اختلافات کا آغاز، اسلام کا اقتصادی نظام، نظام نو، دعوۃالامیر، ملائکۃ اللہ

یہ کتابیں اس بات کا بین ثبوت ہیں کہ پیشگوئی مصلح موعود کے الفاظ ’’وہ علوم ظاہری و باطنی سے پر کیا جائے گا‘‘ اپنی پوری شان و شوکت اور عظمت کے ساتھ پورے ہوئے۔

جلسہ کے اختتام پر مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ سویڈن نے اپنے خطاب میں مجلس انصار اللہ گاتھن برگ کو تنظیمی سطح پر یوم مصلح موعود منعقد کرنے پر مبارکباد دی اور انصار بھائیوں کو اس طرف توجہ دلائی کہ انہوں نے جلسہ میں جو تقاریر سنی ہیں ان پر عمل کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔ یہی طریقہ ہے جس سے ہم یوم مصلح موعود کے مقصد کو حاصل کر سکتے ہیں۔ دعا کے ساتھ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔

جلسہ انتظامیہ کی طرف سے ہر تقریر کے بعد حضرت مصلح موعود کے بارے میں مختصر اقتباسات اور اشعار بھی پیش کئے گئے۔ آخر میں احباب کی خدمت میں کھانا بھی پیش کیا گیا۔

(چوہدری عطاءالرحمان محمود۔ قائد عمومی مجلس انصار اللہ سویڈن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 مارچ 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ