• 26 اپریل, 2024

انصاراللہ یو ایس اے کی انصار لیڈرشپ کانفرنس

نیشنل مجلس انصاراللہ یوایس اےہرسال ایک لیڈرشپ کانفرنس کا انعقادکرتی ہےجوکہ سابق صدر مجلس انصاراللہ ناصرمحمودملک نےشروع کی تھی جواب تک خداتعالیٰ کےفضل سےہرسال بڑی کامیابی کےساتھ منعقد ہورہی ہے۔ صدر صاحب مجلس انصاراللہ عمران حئی نے بتایا کہ انصار لیڈرشپ کا مقصد بعینہٖ اسی طرح ہےجس طرح جماعتوں میں صدران جماعت کاریفریشرکورس ہوتاہے۔ تاکہ زعماء اورخصوصاً ان زعماءکی جنہیں کام کرنے کی پہلی دفعہ سعادت مل رہی ہے کو ان کےکام اور ذمہ داریوں کی طرف صحیح رہنمائی کی جاسکے۔نیزیہ ایسا موقع ہوتاہےکہ جس میں قائدین اور زعماء مل کر بیٹھتے ہیں اور اپنی مشکلات کا ذکرکرکےکام کے طریق کوبہترطورپرسمجھ سکتےہیں اور ان کا حل نکال سکتے ہیں۔اس کے علاوہ بھی شوریٰ میں جوتجاویزپاس ہوتی ہیں اور جنہیں حضرت خلیفۃ المسیح کی منظوری کےبعدعمل درآمد کرنے کے لئے تحریک ہوتی ہے ان سفارشات کا جائزہ لینا اور ان پرکس حد تک کام ہواہے، بھی شامل ہوتاہے۔

امسال یہ لیڈرشپ کانفرنس مسجد بیت العطاء اٹلانٹا جارجیامیں 12, 11 جنوری 2020ء منعقدہوئی۔ ہر دو دن کا پروگرام نمازتہجد اور نماز فجر باجماعت نیز درس سے ہوا۔

مکرم ناصربخاری زعیم اعلیٰ انصاراللہ گریٹ لیکس نے بتایاکہ امسال اس کانفرنس کا مرکزی خیال یا موضوع ’’نماز کی اہمیت‘‘ تھا کہ کس طرح انصاراللہ میں نماز باجماعت کی اہمیت کو اجاگرکیا جائے۔ چنانچہ اس کانفرنس میں بہت ساری ورکشاپ بھی منعقد ہوئیں۔ قائدین نےاپنےاپنےموقع پرزعماء کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔سوال و جواب کے ذریعہ بھی زعماء کواپنے کاموں میں وسعت پیداکرنے کی طرف رہنمائی دی گئی۔

کانفرنس کے آخری دن صدرمجلس انصاراللہ مکرم عمران حئی نے تمام نیشنل عاملہ کے ممبران اور زعماء کوایک دوسرے کےساتھ کام کرنے،نیز لوکل جماعت میں باہمی تعاون سےکام کرنے کی طرف توجہ دلائی۔

مکرم حماداحمدمربی سلسلہ نےبھی انصاراللہ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور حضرت مصلح موعودؓ بانئ انصاراللہ کےاقتباسات پیش کئے۔ جن میں آپؓ نےفرمایا کہ: ’’انصاراللہ جماعت کا دماغ ہے اور اس کےہاتھ اور دل خدام الاحمدیہ ہیں اورجب دماغ، دل اور ہاتھ کسی قوم کے اکٹھے ہو کر بہتر رنگ میں کام کریں تووہ کام اچھا ہوتاہے۔‘‘

مربی صاحب نے حضرت مصلح موعودؓ کےحوالہ سےمزید بتایا کہ آپؓ نےفرمایاہے ’’مجلس انصاراللہ کےقیام کا ایک اوراہم مقصدیہ ہے کہ وہ نوجوانوں کی تربیت میں اہم کرداراداکریں۔‘‘

(سبیل الرشاد)

مکرم ناصربخاری نے مزیدبتایاکہ امسال عَلمِ انعامی بالٹی مور کودیاگیاہے۔ نیزیہ کہ اٹلانٹا مجلس کو یہ اعزاز پہلی دفعہ حاصل ہوا ہےکہ انہوں نے اس کانفرنس کا انعقاد کیا اورمہمان نوازی کی۔اللہ تعالیٰ انہیں جزاءدے۔آمین

اس کانفرنس میں نائب صدرمجلس انصاراللہ ،قائد پبلیکیشن، قائد تجنید، آڈیٹر، قائد مال، قائد تبلیغ، قائد عمومی، قائد تربیت اور قائد تعلیم نے خصوصیت کے ساتھ اپنی گزارشات پیش کیں اور زعماء اور شاملیں کی رہنمائی کی۔

اللہ تعالیٰ ان سب کوبہترین رنگ میں خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی توقعات کے مطابق کام کرنےکی توفیق دے اور سب کو خلیفۃ المسیح کے صحیح معنوں میں سلطانِ نصیر بنائے۔ آمین

(سیّد شمشاد احمد ناصر۔امریکہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 اپریل 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 اپریل 2020