محبوب ہر نظر میں الفت کے ہر سفر میں
سب مومنینِ عالَم اُن کے ہی ہیں اثر میں
اُن پر درود پڑھتے قرآن کے ہیں پارے
نام اُن کا ہے محمدؐ وہ پیشوا ہمارے
اُن کا ادب خزینہ، نوری سخن نگینہ
سب سے عزیز رب کو اُن کا نگر مدینہ
ہادی ہیں وہ فلک کے سمجھے قمر اشارے
نام اُن کا ہے محمدؐ وہ پیشوا ہمارے
ہر رمز عاشقی کی ان سے بشر نے سیکھی
سب کو عزیز رکھنا تعلیم ہے یہ ان کی
جن سے سبق یہ سیکھے وہ ہیں رسول پیارے
نام اُن کا ہے محمدؐ وہ پیشوا ہمارے
صادِق ہیں وہ امیں ہیں خالِق کے وہ قریں ہیں
مہ رُو بہت ہیں آئے سب سے یہی حسیں ہیں
جِنہوں نے ڈوبے بیڑے سب پار ہیں اتارے
نام اُن کا ہے محمدؐ وہ پیشوا ہمارے
وہ مثلِ ماہِ کامِل اُن پہ فِدا ستارے
اُن کی کرم نگاہی سب کام ہے سنوارے
بے بس کا آسرا ہیں خَاتَم رسولؐ پیارے
نام اُن کا ہے محمدؐ وہ پیشوا ہمارے
اُنؐ کی صداقتوں کے ہیں مومنین شاہد
مہدی ؑ کے ہم ہیں پیرو اسلام کے مجاہد
تعلیم جن کی پہنچے دنیا کے ہر کنارے
نام ان کا ہے محمدؐ وہ پیشوا ہمارے
ظُلمت میں وہ ضیا ہیں ہم سب کے وہ پیا ہیں
بجھتا نہیں کبھی جو طوفان میں دیا ہیں
مولا ہیں بے کسوں کے مظلوم کے سہارے
نام اُن کا ہے محمدؐ وہ پیشوا ہمارے
اُنؐ کو ہے پیار سب سے اُنؐ کی دعا ہے رب سے
لوگوں پہ غم نہ آئے سب کی بسر ہو ڈھب سے
جن سے صداقتوں کے روشن رہیں منارے
نام اُن کا ہے محمدؐ وہ پیشوا ہمارے
خوش بختیاں ہماری لب پہ درود جاری
اخلاص ہم کو حاصل اُن ؐ کی مِہر ہے ساری
جن سے لگی منورؔ کشتی تری کنارے
نام اُن کا ہے محمد (ﷺ) وہ پیشوا ہمارے
(منور احمد کنڈے۔یوکے)