• 26 اپریل, 2024

عید اور شب رات کا سنگم مہِ رمضان میں

آ گیا ہے وصل کا موسم مہِ رمضان میں
دور ہوتے ہیں مرے سب غم مہِ رمضان میں
جلد پھر جاگا کریں گے رات کے پچھلے پہر
اس دفعہ کھائیں گے بھی کچھ کم مہِ رمضان میں
ایک مدّت سے چلی آتی ہے راہ و رسم یہ
اُلفتِ قرآں بڑھے یکدم مہِ رمضان میں
اُس کا وعدہ ہے بنے گا اجر خود اس کا خدا
فائدہ روزوں کا ہے کیا کم ، مہِ رمضان میں؟
گفتگو کرتا ہے بندے سے خدا اس ماہ میں
فضل پائیں اور بڑھ کر ہم مہِ رمضان میں
ہم منائیں رات دن ہر روز خوشیوں کا سماں
عید اور شب رات کا سنگم مہِ رمضان میں
طارق آجاتا ہے جو ہر سال خوشیوں کو لئے
پھر بہاروں کا ہوا موسم مہِ رمضان میں

(ڈاکٹر طارق انور باجوہ۔ لندن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 مئی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 مئی 2021