• 20 جون, 2021

400 احمدی پناہ گزین خاندانوں کی عیدالفطر پر امداد

احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا کا تھائی لینڈ میں 400 احمدی پناہ گزین خاندانوں کی عیدالفطرپرامداد

پاکستان میں گذشتہ چند برسوں سے احمدیوں کے خلاف منظم طور پر ایسے مشکل حالات پیدا کئے گئے کہ ایک کثیر تعداد میں پاکستانی احمدی محض مذہبی آزادی کی خاطر پاکستان چھوڑنے پر مجبور ہوئے ۔ اور ان میں سے بعض مشر ق بعید کے ممالک میں UNHCR کے زیر اہتمام مذہبی بنیادوں پر پناہ گزین ہوئے۔ان غریب اور بے سہارا خاندانوں کو وہاں بھی نا صرف مذہبی انتہاء پسندوں کا سامنا رہتا ہے بلکہ معاشی طور پر بھی بے روزگاری کی وجہ سے ذہنی طور پر پریشانی سے دوچار رہتے ہیں۔

ان قابل رحم حالات میں ان کو خوشیوں میں شریک کرنا بھی اسلامی تعلیمات کے عین مطابق ہے۔ لہذا حسب معمول امسال بھی احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا نے ان بے سہارا خاندانوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لئےان میں تحائف تقسیم کرنے کا انتظام کیا۔ نیز ان میں عید کی مناسبت سے مٹھائیاں اور کھانے پینے کی دیگر اشیاء تقسیم کی گئیں۔

تھائی لینڈ میں حکومتی ہدایات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے سخت سماجی پابندیوں کی وجہ سے کسی گھر میں بھی خاندان کے علاوہ کسی قسم کے اجتماع پر سخت پابندی ہے۔ اس لئے محترم امیر صاحب تھائی لینڈ کی زیر سرپرستی احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن کی طرف سے مہیا کردہ 15000 آسٹریلین ڈالرز سے مٹھائیاں ،تحائف وغیرہ خرید کر امیر صاحب تھائی لینڈ نے بذات خود مختلف جماعتوں میں جا کر پناہ گزین احمدیوں کے خاندانوں میں امدادی اشیاء تقسیم کیں۔

رمضان المبارک سے تین ماہ قبل بھی احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا نے 18000 آسٹریلین ڈالرز کی خطیر رقم پناہ گزینوں کی امداد کے لئے ادا کی تھی۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا کی ان کاوشوں میں بے انتہا برکت ڈالے ۔آمین ۔

(رپورٹ: ڈاکٹر عطاءالرحمن ،صدر احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 جون 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 جون 2021