• 26 اپریل, 2024

شوبل Shoebill

شوبل ایک عجیب الخلقت ، عظیم الجثہ افریقی پرندہ ہے۔ اس کی رنگت سرمئی اور چونچ کافی چوڑی ہوتی ہے۔اس کا سائنسی نام Balaeniceps rex ہے۔ شوبل افریقہ کے درج ذیل ممالک میں پایا جاتا ہے۔

سوڈان، یوگینڈا، کانگو، روانڈا، تنزانیہ، کینیا، وسطی جمہوری افریقہ، بوٹسوانا اور کیمرون۔

شوبل صاف پانی کی دلدلیں اور گھنے سبز علاقوں میں رہنا پسند کرتے ہیں۔

جسمانی پیمائشیں

قد= 5 فٹ تک
لمبائی = 4.5 فٹ
وزن = 12 پاونڈ اوسط ہوتا ہے۔

عمر

ان کی اوسط عمر35 سال تک ہوتی ہےاورپروں کا پھیلاؤ= 7.7 فٹ تک ہوتا ہے۔

خوراک

شوبل ایک گوشت خور پرندہ ہے اس کی خوراک میں مختلف اقسام کی مچھلیاں بالخصوص کیٹ فش، مونیٹر چھپکلی، مینڈک، روڈنٹ چوہے، ننھے کچھوے، مگر مچھ کے بچے، آبی پرندوں کے چوزے وغیرہ ہیں لیکن کچھ شوبل ہرن کے بچے کھاتے بھی پائے گئے۔

رہن سہن اور بریڈنگ

شوبل 3 سے 4 سال کی عمر میں بالغ اور بریڈنگ کے لائق ہو جاتا ہے۔ یہ بہت تنہائی پسند پرندہ ہے۔ یہاں تک کہ بریڈنگ کے موسم میں بھی نر اور مادہ الگ الگ خوراک کے حصول کے لیے نکلتے ہیں۔ ان کا بریڈنگ سیزن اپریل تا اکتوبر ہوتا ہے۔ جنسی اعتبار سے یہ ایک ’’یک زوجیہ‘‘ پرندہ ہے۔شوبل اپنا گھونسلا دلدلی گھاس سے بناتا ہے۔ مادہ شوبل ایک سیزن میں 1 سے 3 انڈے دیتی ہے جن سے 30 دن میں چوزے نکلتے ہیں۔ یہ پرندہ بالعموم رات کو شکار کے لیے نکلتا ہے۔ بعض ممالک میں اسے بطور پالتو پرندہ بھی پالا جاتا ہے۔ یہ بہت جلد انسان سے مانوس ہوجاتا ہے۔ اس کی آواز بالکل کسی برسٹڈ گن کی فائرنگ جیسی ہوتی ہے۔ اگر انسان اسے دیکھے بغیر اس کی آواز سنے تو یہی گمان ہو گا کہ آس پاس فائرنگ ہورہی ہے۔

بقائی کیفیت

جنگلات کی کٹائی اور ان کے قدرتی مساکن کی تباہی نیز خوراک کے ذرائع میں مسلسل کمی کے باعث ان کی آبادی میں واضح کمی دیکھنے میں آرہی ہے اور ان کی تعداد تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ اس وقت دنیا میں محض 8000 شوبل ہی بچے ہیں۔

(ترجمہ و تلخیص: مدثر ظفر)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 جون 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 جون 2021