• 27 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خط

•مکرمہ مبشرہ شکور۔ لندن سے لکھتی ہیں۔
مورخہ6؍مئی 2022 کے شمار ہ میں ’’نایاب ہوتے پانی کی قدر کریں‘‘ مضمون پڑھا۔ ہلکی پھلکی کہانی کی طرز پر بہت دلچسپ انداز میں خوبصورتی اور دانائی سے اہم بات سمجھائی ہے۔ بس ایک ہی نشست میں سارا مضمون پڑھ ڈالا۔ اس مضمون کو پڑھتے وقت جب فریج کاذکر آیا کہ اس میں کیسے ٹھنڈے پانی کاحصول ممکن ہے کہ بس بٹن پریس کرنے سے کیسے آسانی سے ہمیں ٹھنڈا پانی میسر ہوتا ہے تو مجھے خیال آیا کہ جدید ایجادات نے کتنی سہولتیں دی ہوئی ہیں۔ ہمیں روزمرہ ان چیزوں کو استعمال کرتے ہوئے اپنے اللہ تعالیٰ کا بہت شکر گزار ہونا چاہئے۔ مثال کے طور پر جیسا کہ اس مضمون میں بھی فریج کا ذکر ہے۔ کبھی اس زمانے کا سوچیں جب یہ سہولت میسر نہیں ہوتی تھی۔ میرے اپنے کچن میں جو فریج ہے اس کے دو دروازے ہیں ایک دروازے پر پانی اور آئس کی جگہ ہے اور دوسرے دروازے پر 23 انچ بڑی ٹیبلیٹ بنی ہے، جس میں انٹرنیٹ کے ذریعہ دنیا بھرکی معلومات موجود ہیں۔موسم کا حال دیکھنا ہے یا کھانے کی کوئی ریسیپی، اسی وقت سامنے آجاتی ہے۔ ریڈیو سن سکتے ہیں، ٹی وی دیکھ سکتے ہیں واٹس ایپ کال بھی کر سکتے ہیں۔ لاک ڈاؤن میں میرے پوتے اور پوتیوں نے کلرنگ اور تصاویر کے نمونے بھی بنائے۔ پرانے وقتوں کے ٹیلیگرام اور فون سسٹم بھی یاد ہیں جو کہ بہت وقت لیتے تھے۔ لیکن اب بس ایک جادو کی سکرین ہے جسے استعمال کر کے ہر وقت خدا کا شکر ادا کرتی ہوں۔ اللہ تعالیٰ ہم کمزور لوگوں کو احسن رنگ میں شکر کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین

میں کیونکر گن سکوں تیرے یہ انعام
کہاں ممکن ترے فضلوں کا ارقام
یہ ترا فضل ہے اے میرے ہادی
فسبحان الذی اخذی الاعادی

پچھلا پڑھیں

انڈیکس مضامین مئی 2022ء الفضل آن لائن لندن

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ