• 19 اپریل, 2024

آؤ اُردو سیکھیں (سبق نمبر8)

آؤ اُردو سیکھیں
سبق نمبر8

گزشتہ اسباق میں اردو زبان کے بنیادی مسائل پر روشنی ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ آج اردو زبان کے ان حصوں پر بات کرنے کا آغاز کرتے ہیںجن سے اہل زبان کی کسی زبان میں دسترس وسعت پکڑتی ہے۔

پہلا معاملہ ہے اردو زبان میں مذکر یا مونث کی تفریق کا طریقہ کار انگریزی زبان میں اس کا طریق یہ ہے کہ اصل نام کی جگہ جو الفاظ استعمال ہوتے ہیں وہ مذکر اور مونث کے لحاظ سے مختلف ہیں۔ جیسے اگر مذکر کی بات ہورہی ہو تو

He

کا استعمال ہوتا ہے جبکہ مونث کے لیے

She

لیکن اردو میں مذکر اور مونث کا فرق

Verb

یعنی فعل کی شکل بدل کر کیا جاتا ہے ۔ جیسے

وہ خط لکھ رہا ہے۔ یہاں رہا ہے کہ ذریعے مذکر کا اظہار ہے جبکہ اگر فاعل مونث ہے تو رہا ہے رہی ہے میں بدل جائے گا۔

یعنی وہ (عورت) خط لکھ رہی ہے

مزید مثالیں

ہم خط لکھ رہے ہیں (مذکر جمع)

ہم خط لکھ رہی ہیں (مونث جمع)

وہ خط لکھ رہے ہیں (مذکر جمع)

وہ خط لکھ رہی ہیں (مونث جمع)

تو آپ نے ان چند مثالوں میں دیکھا کہ کام کرنے والے کی جنس کا اظہار کرنے کے لیے فعل یعنی

Verb

کی شکل تبدیل کردی جاتی ہے۔ جو انگریزی زبان کے اصولوں سے یکسر مختلف ہے۔

اب ہم دیکھتے ہیں کہ فعل کتنی شکلیں بدلتا ہے ۔ اس کے لیے مندرجہ ذیل مثالوں پر غور کرنا ہوگا
کھانا سے کھایا، کھاؤ یا کھا لو یعنی حکم ہے البتہ کھا لو میں التجا بھی آجاتی ہے۔ کھایا یعنی ماضی کی بات ہے جیسے اس نے صبح انڈا کھایا۔

میں نے کھایا۔

اس نے کھایا

ہم نے کھایا

سب نے کھایا

پس فعل کا آخری الف ن یا ن ہٹانے سے حکم بن جاتا ہے جیسے چلنا سے چل ملنا سے مل۔ لکھنا سے لکھ ، پینا سے پی وغیرہ

ان اسباق کو سادہ اور عام فہم بنانے کے لیے مخصوص لسانی اصطلاحات کے استعمال سے گریز کیا گیا ہے یہ وضاحت اس لیے کی جارہی ہے تا اہل زبان اور اہل علم کی ناراضی سے بچا جاسکے۔ اگر مخصوص گرائمر کی اصطلاحات کا استعمال کیا جائے تو اردو سکھانے کا مقصد فوت ہوجائے گا۔ اور اردو بہت پیچیدہ زبان نظر آئے گی۔

مزید کچھ انداز زباں دیکھتے ہیں۔ جیسا کہ فعل کھانا کی بات چل رہی ہے تو مثال دیکھیے۔

اب کھا بھی لو۔ یہ بظاہر حکم ہے مگر اس میں کسی حد تک طنز کا انداز ہے۔ یعنی وقت ضائع نہ کرو یا بحث نہ کرو یا نئے نئے مطالبات نہ کرو اور کھا بھی لو

اب کھا ہی لو۔

یہ بھی ایک انداز گفتگو ہے اس میں صبر کی تلقین کا رنگ ہے۔ یعنی جو میسرہے کھا ہی لو۔

پہلے کھا تو لو۔

یہاں قبل از وقت فیصلہ کرنے سے منع کرنے کا ایک انداز ہے۔

امید ہے آج کا سبق مفید ثابت ہوگا۔

(عاطف وقاص۔ ٹورنٹو کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 جولائی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 جولائی 2021