• 19 مئی, 2024

ایم ٹی اے کے توسط سے جلسہ سالانہ برطانیہ میں شمولیت

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جلسہ سالانہ برطانیہ2022ء ایک بار پھر اپنی تمام تر کامیابیوں اور برکتوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ

جیسا کہ تمام احبا ب جماعت جانتے ہیں جلسہ سالانہ برطانیہ خلافت احمدیہ کے برطانیہ منتقل ہو جانے کے بعد سے مرکزی جلسہ کی حیثیت اختیار کرچکا ہے۔ اس جلسہ میں تمام اکناف عالم سےاحمدی مردو زن پورے ذوق و شوق سے شرکت کرتے ہیں۔ ہر احمدی کی سب سے بڑی تمنا اور خواہش یہ ہوتی ہے کہ وہ کسی طرح اس جلسہ میں شرکت کی سعادت حاصل کر سکے۔دنیا میں جیسے جیسے سائنس و ٹیکنالوجی ترقی کر رہی ہے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ عالمگیر بھی ان جدید ذرائع سے بھرپور طور پر استفادہ کی توفیق پا رہی ہے۔

ایم ٹی اے انٹر نیشنل جو جماعت احمدیہ کے لئے ایک نعمت عظمی ہے۔ اس کی وساطت سے اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ عالمگیر بھی ایک گلوبل ویلیج کی صورت اختیا ر چکی ہے۔ چوبیس گھنٹے موبائل فونز کی وساطت سے اب تو یہ سہولت ہر ہاتھ میں میسر ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے برطانیہ میں بنفس نفیس شاملین جلسہ کے علاوہ لاکھوں احمدی دنیا کے طول وعرض سے براہ راست اس جلسہ سے استفادہ کرتے ہیں۔ اس ضمن میں یہ بھی عرض کرتا چلوں کہ شاملین جلسہ تو صرف جلسہ کے پروگرام سے مستفید ہوتے ہیں۔ جبکہ دوسرے احباب جماعت جو جلسہ گاہ میں موجود نہیں ہوتے وہ ایم ٹی اے انٹر نیشنل کی کاوشوں اور انتھک محنت سے تیار کئے گئے دیگر پروگراموں جیسے انٹر ویوز، نومبائعین کے تاثرات، ڈاکومنٹریز، خدمت انسانیت کے حوالہ سے جماعتی خدمات پر مشتمل پروگرامز اور دیگر بے شمار پروگراموں سے بھی استفادہ کر رہے ہوتے ہیں۔ امسال تو اللہ تعالیٰ کے فضل سےروزنامہ الفضل آن لائن کو بھی اپنا آن لائن پیج جاری کرنے کی توفیق ہوئی۔ تاکہ احباب جماعت تک جلسہ کے حوالہ سے تازہ بتازہ خبریں پہنچائی جا سکیں۔ فَجَزَاہُمُ اللّٰہُ اَحْسَنَ الْجَزَآء۔

دنیا کے دوسرے ممالک کے شانہ بشانہ احباب جماعت احمدیہ پرتگال کو بھی اللہ کے فضل سے جلسہ سالانہ کی ساری کاروائی ایم ٹی اے پربراہ راست دیکھنے کی توفیق عطا ہوئی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ۔ مرکزی نماز سینٹر لزبن میں ہمہ وقت ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے ذریعہ جلسہ سالانہ میں شمولیت کی سہولت میسر رہی۔ کچھ احباب جماعت دوسرے شہروں سے جلسہ میں شمولیت کی غرض سے جلسہ کے پہلے دن ہی مرکزی سینٹر پہنچ گئے تھے۔ انٹرنیشنل بیعت اور اختتامی اجلاس کی کاروائی دکھانے کا خصوصی اہتمام مرکزی ہیڈ کوارٹر لزبن میں کیا گیا۔ احباب جماعت کو اس پروگرام میں شمولیت کی بار بار تلقین و یاد دہانی کروائی گئی۔ اللہ کے فضل سے پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں موجود احباب جماعت کی اکثریت عالمی بیعت میں شامل ہوئی اسی طرح قریبی شہروں سے بھی احباب جماعت بمع فیملیز عالمی بیعت اور اختتامی اجلاس میں شمولیت کے لئے تشریف لائے۔ اس موقع پراحباب جماعت کے لئے جماعتی طور پر لنچ کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ احباب جماعت کو مرکزی نماز سینٹر لانے کے لئے ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی مہیا کی گئی۔ مرکزی نماز سینٹر کے علاوہ دوسرے شہروں میں بسنے والے احباب جماعت نے (جن میں پاکستان، پرتگال، گنی بساؤ، بنگلہ دیش، انڈیا، نائیجیریا،گیمبیا اورجرمنی سے تعلق رکھنے والے احباب شامل تھے) بھی ایم ٹی اے کی وساطت سے جلسہ سالانہ برطانیہ میں شمولیت کی توفیق پائی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔

آخر پر تمام احباب جماعت کی خدمت میں درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے پیارے آقا کے ارشادات و نصائح پر کما حقہ عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعائیں ان تمام شاملین جلسہ کے حق میں بھی قبول فرمائے جو کسی طرح سےبھی اس جلسہ میں شامل ہوئے۔ آمین!

اللہ تعالیٰ تمام کارکنان جلسہ و کارکنان ایم ٹی اے انٹر نیشنل کو بھی اجر عظیم عطا فرمائے جن کی انتھک کاوشوں سے ہمیں گھر بیٹھے یہ آسمانی مائدہ عطا ہوتا ہے۔ آمین!

(حمید اللہ ظفر۔ مبلغ سلسلہ پرتگال)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 ستمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ