• 27 اپریل, 2024

رپورٹ معائنہ جلسہ سالانہ جرمنی 2021

قارئین روزنامہ الفضل آن لائن کی خدمت میں 45ویں جلسہ سالانہ کے معائنہ کا آنکھوں دیکھا حال بیان کیا جاتا ہے ۔

شام پانچ بجکر 40منٹ پر مکرم ومحترم نیشنل امیر صاحب جماعت احمدیہ جرمنی نے جلسہ سالانہ کا معائنہ  کیا امیر صاحب کے ساتھ مکرم محمد الیاس مجوکہ صاحب افسر جلسہ سالانہ ۔مکرم صداقت احمد صاحب افسر جلسہ گاہ ، مکرم کمال احمد صاحب افسر خدمت خلق ، مکرم راشد ارشد خان صاحب نائب افسر، اور بعض ناظمین شامل تھے۔

پارکنگ:۔

سب سے پہلے جلسہ گاہ سے باہر پارکنگ ایریا کا معائنہ کیا جو  جلسہ گاہ کے بالکل بالمقابل ریلوے لائن اور سٹرک کے دوسری جانب  چند گز کے فاصلے پر ہے۔ امیر صاحب نے ڈیوٹی پر موجود خدام سے تعارف حاصل کیا اور پارکنگ کے نظامت سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ افسرصاحب خدمت خلق نے بتایا کہ پارکنگ کے لئے 4قطعات کرائے پر حاصل کئے گئے ہیں ان  میں 2350گاڑیاں بیک وقت پارک کی جاسکتی ہیں۔ پارکنگ ایریا میں  گروس گیراؤ اور ویزباڈن ریجن کے 35خدام ڈیوٹی دے رہے ہیں ۔امیر صاحب نے بعض امور کے متعلق نگران صاحب کو ہدایات سے نوازا۔

کرونا ٹیسٹ سنٹر:۔

اسی پارکنگ میں شاملین جلسہ کے لئے کرونا ٹیسٹ سنٹر بنایا گیا ہے مہمانوں کی راہنمائی کے لئے جگہ جگہ رستے کی نشاندہی کے لئے شیلڈز آویزاں کی گئیں ، نیز کرونا ٹیسٹ رجسٹر کروانے کے لئے QRکوڈ بھی آویزاں کئے گئے تاکہ شاملین جلسہ کا وقت ضائع نہ ہو۔ مکرم امیر صاحب نے یہاں سے اپنا کرونا ٹیسٹ کروایا اور رزلٹ کی ای میل موصول ہونے پر ڈیوٹی پر موجود احباب سے خوشنودی کا اظہار فرمایا۔

استقبالیہ:۔

استقبالیہ ٹیم  سے پوچھا کہ آپ کے کیا کام ہیں جس پر مکرم رفیع احمد کامران صاحب ناظم استقبالیہ نے بتایا کہ مہمانوں کی عمومی راہنمائی کی جاتی ہے کہ کرونا ٹیسٹ کس طرف ہے۔رجسٹریشن کس طرف ہے۔ اس پر امیر صاحب نے پوچھا کہ کیا آپ نے مہمانوں کے لئے پانی کا انتظام  بھی کیا ہے ڈیوٹی پر موجود احباب نے بتایا کہ یہاں پانی رکھا ہوا ہے۔

ٹرانسپورٹ:۔

امیر صاحب نے ناظم صاحب ٹرانسپورٹ مکرم سرور چیمہ صاحب سے دریافت فرمایا کہ امسال تو صرف مقامی احمدی احباب تشریف لا رہے ہیں آپ کیا سروس پیش کر رہے ہیں۔جس پر ناظم صاحب نے بتایا کہ امسال من ہائم کے ریلوئے اسٹیشن سے مہمانوں کو جلسہ گاہ لایا جائے گا اور واپس چھوڑا جائے گا بعض مہمانوں کی طرف سے  پہلے ہی آمد کی اطلاع موجود ہے نیز ریلوے اسٹیشن پرکارکنان ڈیوٹی پر موجود ہیں جو مہمانوں کو گاڑیوں کی طرف راہنمائی کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں کچھ بیرون ممالک سے تشریف لانے والے معزز امراء کو ائیرپورٹ اور ریلوے اسٹیشن سے ہوٹل اور جلسہ گاہ لانے واپس چھوڑنے کی سروس مہیا کی جارہی ہے۔ مکرم امیر صاحب نے دریافت فرمایا کہ کتنی گاڑیاں اور ڈرائیور ڈیوٹی کے لئے موجود ہیں؟ ناظم صاحب نے بتایا کہ فی الحال 5گاڑیاں اور 10ڈرائیور دو شفٹوں کے لئے موجود ہیں۔امسال کروناوباء کی وجہ ،  حکومتی پابندیوں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لئے شاملین جلسہ کی تعداد انتہائی کم ہے اسی طرح اور بیرون از جرمنی سے بھی مندوبین تشریف نہیں لائے  مہمانوں کی تشریف نہیں لائے کی وجہ سے حاضری کم ۔۔۔۔۔۔ جلسہ سالانہ 2019میں 100سے زائد گاڑیوں اور ۔۔

آئی ڈی کارڈ سکیننگ:۔

مکرم امیر صاحب نے بیرونی شعبہ جات کا دورہ کرنے کے بعد جلسہ گاہ میں داخلے کے لئے اپنا آئی ڈی کارڈ سکین کروایا اور ڈیوٹی پر موجود افراد سے چند سوالات کئے ڈیوٹی پرموجود افراد کی تعداد اور سکیننگ مشینوں کا جائزہ لیا۔مکرم ناظم صاحب نے بتایا کہ ایک نئی مشین نصب کی گئی ہے جو انسانی درجہ حرارت بھی نوٹ کرتی ہے اسے آزمائشی طور پر نصب کیا گیاہے۔ ریجن Rheinland-Pfalz کے خدام یہاں ڈیوٹی دے رہے  تھے۔

تیاری (وقارعمل):۔

اس خیمے میں امیر صاحب نے مکرم ندیم احمد صاحب ناظم تیاری سے استفسار فرمایا کہ کتنے لوگوں نے  جلسہ کی تیاری میں حصہ لیا۔ناظم صاحب نے بتایا کہ تقریباً 350احباب نے خدمت کی توفیق پائی ہے  ان میں104جامعہ احمدیہ کے طلباء بھی شامل تھے۔امیر صاحب نے ازراہ تفنن فرمایا کہ اب تو آپ کی دو تین دن چھٹی ہے۔(اصل میں تو جلسہ کے دوران بھی شعبہ جات کو مختلف امور میں مددکرتے رہتے ہیں)  ناظم صاحب نے کہا کہ نہیں وائنڈاپ میں بھی ہماری ٹیم مدد کرتی ہے۔

رجسٹریشن:۔

رجسٹریشن کے دفتر میں داخل ہوکر امیر صاحب نے پوچھا کہ آپ کا کیا کام ہے جس پر مکرم فاروق احمد چیمہ صاحب ناظم رجسٹریشن نے بتایا کہ ہم ان مہمانوں کو سہولت مہیا کرتے ہیں جو اپنا کارڈ  ساتھ نہ لائے ہوں یا انہیں کارڈ نہ پہنچا ہو۔ اس قسم کے معاملات کو فوری طور پر حل کرنے کے لئے تمام سسٹم نصب کیا گیا ہے اور ماہر ٹیم موجود ہے جو تیز رفتاری سے کا م کرتی ہے۔

حاضری نگرانی:۔

حاضری نگرانی  کے دفتر میں جاکر مکرم امیر صاحب نے پوچھا کہ امسال آپ نے کتنے کارکنان کے بیجز بنائے ہیں تو مکرم ندیم احمد صاحب ناظم حاضری نگرانی نے بتایا کہ اب تک 800مرد کارکنان اور 341لجنہ کارکنات کے بیجز بناکر شعبہ جات کو دے دیئے گئے ہیں۔

سوشل میڈیا اینڈ سافٹ وئیر ڈولپمنٹ:۔

یہ دفتر پختہ عمارت میں ہے جہاں مکرم حافظ فرید احمد خالدؔ صاحب نائب افسر جلسہ سالانہ کی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔یہاں کے معائنہ کے دوران  مکرم افسر صاحب جلسہ سالانہ نے امیر صاحب کو مکرم شیراز محمود صاحب کا تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ جلسہ سالانہ  شاملین کے لئے قرعہ اندازی اور دعوت  ناموں کی تیاری کا سافٹ ویئر انتہائی کم وقت میں انہوں نے تیار کرنے کی توفیق پائی ہے۔

100مساجد پروجیکٹ:۔

اس خیمے کو مختلف بینرز، مساجد کے ڈیزائن،تیار شدہ مساجد کی تصاویر  اور احمدی آرکیٹیکٹ کی کاوشوں کو تصویری شکل میں آویزاں کر کے مزین کیا گیا تھا اسی طرح مثالی وقار عمل کرنے والے احباب کی تالیف قلب کے لئے تصاویر لگائی گئیں ہیں۔ ڈیوٹی پر موجود مکرم حماد احمد صاحب واقف زندگی نے مکرم امیر صاحب کو بتایا کہ اس وقت جرمنی میں اس سکیم کے تحت 55مساجد کے افتتاح ہوچکے ہیں9مساجد تعمیر کی آخری مراحل میں ہیں 5مساجد کے لئے پلاٹس خرید لئے گئے ہیں  اور نقشہ وغیرہ پاس کرانے کی مراحل میں ہیں۔اس  خیمے میں 100مساجد سکیم میں شاملین جلسہ سالانہ کواس مد میں چندہ  دینے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔

فرسٹ ایڈ:۔

ابتدائی طبی امداد کے خیمے میں مکرم ڈاکٹر وجاہت وڑائچ صاحب نے امیر صاحب کو ہنگامی صورتحال اور بیماروں کے علاج معالجے کے لئے موجود سہولیات و سروسز کا بتایا۔امیر صاحب نے ادویات  و دیگر آلات ملاحظہ فرمائے۔اس شعبے کے تحت 12ڈاکٹرز شفٹوں میں ڈیوٹی دے رہے ہیں ۔ڈاکٹر صاحب نے بتایا کہ تیاری کے دنوں میں روزانہ 12سے 14افراد علاج معالجے کے لئے تشریف لاتے رہے ہیں۔ہنگامی صورت حال سے نبردآزما ہونے کے لئے ایمبولینس سروس بھی موجود ہے۔

انفارمیشن:۔

معلومات کے خیمے میں مکرم وسیم غفار صاحب ناظم انفارمیشن موجود تھے انہوں نے امیر صاحب کو بتایا کہ جلسہ گاہ کی مکمل معلومات کے لئے ایپ کے ذریعہ بھی معلومات ہر دو زبانوں میں مہیا کی گئیں ہیں نیز ایک ورقہ تیار کیا گیا ہے جس پر مردانہ اور مستورات کے جلسہ گاہ کی معلومات مہیا کی گئی ہیں۔

تربیت:۔

شعبہ تربیت  میں خدمت کرنے والے کارکنان اپنے خیمے کے باہر قطار بناکر مکرم مبارک احمد تنویر صاحب ناظم تربیت کی سربراہی میں مکرم  امیر صاحب کا انتظار کررہے تھے امیر صاحب نے بآوازبلند سلام کیا اور فرمایا کہ لگ رہا ہے کہ سارے مربیان یہاں ڈیوٹی دے رہے ہیں اس پر ڈیوٹی پر موجود ایک صاحب نےبتایا  کہ مربیان کے علاوہ بعض جماعتوں کے سیکریٹریان تربیت بھی ہماری معاونت کررہے ہیں۔

نظم وضبط:۔

 جلسہ گاہ کے اندر شعبہ نظم وضبط کام کرتا ہے جس کے ناظم  مکرم منور احمد عابد صاحب ہیں ڈیوٹی پر موجود کارکن نے اپنے کاموں کے متعلق امیر صاحب کو بتایا نیز ’’محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں ‘‘ کا سٹیکر امیر صاحب کی جیکٹ پر چسپاں کیا۔ یہ سٹیکر تمام شاملین جلسہ کے لئے تیار کئے گئے ہیں۔

ٹکٹ ایشو:۔

یہ شعبہ گرین ایریا ، کرسی،اور ترجمانی کے کارڈ ایشو کرتا ہے لیکن امسال  سب احباب کے لئے کرسیوں کا انتظام ہے اور ترجمانی کے لئےبھی کوئی مخصوص نشستیں مقرر نہیں ترجمانی کے آلے پہلے ہی مہیا کردیئے جائیں گےلہذا امسال اس شعبے کا کام صرف گرین ایریا تک محدود ہے۔

آب رسانی:۔

اس میں عموماً اطفال  ڈیوٹی دیتے ہیں لیکن امسال کرونا کی وجہ سے بچوں کو جلسہ میں شمولیت کی اجازت نہیں دی گئی امیر صاحب نے ناظم صاحب آب رسانی کو ازراہ تفنن فرمایا کہ امسال تو بچے نہیں ہیں کام کیسے ہوگا؟ مکرم خواجہ عطاء المصور صاحب نےبتایا کہ امسال خدام ڈیوٹی دیں گے۔

MTA:۔

اللہ کے فضل سے ایم ٹی اے دُنیا بھر میں تبلیغ اور اشاعت اسلام کا کام کر رہا ہے ۔اس کے کارکنان جماعتی پروگراموں  جلسہ ہائے سالانہ اور حضور انور کے ساتھ منعقد ہونے والے پروگراموں کو اکناف عالم  تک پہنچانے  کے لئے دن رات محنت کرتے ہیں ۔امیر صاحب نے ایم ٹی اے کا دفتر۔ سٹوڈیو۔لائیوسٹریمنگ سسٹم کا معائنہ کیا ۔جلسہ سالانہ کی لائیو کووریج اور جملہ انتظامات کے لئے  98رکنی ٹیم کام کر رہی ہے۔مکرم ارسلان احمد صاحب مربی سلسلہ و  انچارج MTAنے مختلف ذیلی شعبہ جات کا تعارف کروایا۔

رابطہ مستورات:۔

مکرم امیر صاحب نے لجنہ کی طرف رابطے کے متعلق سوالات کئے اور چاردیوری و پردے کا جائزہ لیا۔

پیرامیٹرسکیورٹی:۔

یہ شعبہ افسر خدمت خلق  کے تحت کام کرتا ہے  جس میں ماہر، جسمانی طور پر مضبوط اور تجربہ کارخدام ڈیوٹی دیتے ہیں۔

عمومی:۔

شعبہ عمومی کے خیمہ میں امیر صاحب تشریف لے گئے اور مختلف امور کے متعلق گفتگو فرمائی نیز خدام سے تعارف حاصل کیا۔

اشاعت:۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام  نے اپنی  بعثت کی ایک غرض اشاعت اسلام بیان فرمائی ہےنیز فرمایا کہ ’’ جو خزائن ہزاروں سال سے مدفون تھے اب میں دیتا ہوں اگر کوئی ملے اُمیدوار‘‘۔ اسی مقصد کے پیش نظر اور افراد جماعت میں مطالعہ کتب کو فروغ دینے کے لئے شعبہ اشاعت اپنا سٹال لگاتا ہے اور یہ خزائن انتہائی ارزاں قیمت پر لوگوں میں تقسیم کرتا ہے۔امسال قرآن کریم کے نئے  جرمن ترجمہ معہ فٹ نوٹس کے پرنٹ کروایا گیا ہے اور احباب کے لئے اس کو رکھا گیا ہے۔اس کے علاوہ نئی شائع ہونے والی کتب کی فروخت بھی جاری ہے۔مکرم محمد لقمان مجوکہ صاحب نیشنل سیکریٹری  اشاعت نے امیر صاحب کو مختلف کتب کا تعارف کروایا۔

دفتر خدمت خلق:۔

امسال اس شعبے میں تقریباً 150احباب جماعت خدمت کی توفیق پارہے ہیں جو خدمت خلق اور مختلف أمور میں اپنی خدمات پیش کرتے ہیں۔

خدام شاپ:۔

مکرم صدر صاحب خدام الاحمدیہ نے مکرم امیر صاحب کو مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کی تیارکردہ  متعدد اشیاء  کا تعارف کروایا جو خدام الاحمدیہ کے موٹو اور لوگو کے ساتھ بیچنے کے لئے تیار کی ہیں ۔جس میں پی کیپ، ٹریک سوٹ، جیکٹ وغیرہ شامل ہیں ۔نیز صدر صاحب نے بتایا کہ امسال  مشعل راہ جلد پنجم کا جرمن ترجمہ شائع کیا گیا ہے جو یہاں بھی مہیا ہے۔

النصرت:۔

2018میں حضرت امیر المومین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت اس رفاہی ادارے کے قیام کی منظوری اوراس کو  ’’النصرت‘‘ نام عطافرمایا تھا۔یہ  جماعت احمدیہ جرمنی کا پہلا اسلامی رفاہی ادارہ  ہے مارچ 2019 میں اس کی باقاعدہ رجسٹریشن ہوئی اور حضورِانور نے ازراہ شفقت اپنی طرف سے اور اپنے اہل خانہ کی طرف سے عطیہ دیکر اس کا افتتاح فرمایا ۔النصرت کے انچارج مکرم فیضان اعجاز صاحب ہیں ۔ڈیوٹی پر موجود دوست نے مختلف رفاہی کاموں کے متعلق بتایا۔النصرت کے تحت تجہیزوتکفین  اور دفین کی بھی سہولت  موجود ہے جس کے لئے جنازہ لے جانے والی گاڑی، کفن اور تابوت وغیرہ ہما وقت موجود رہتے ہیں مکرم امیر صاحب کو بتایا گیا کہ  ہم ملکی سطح کے معیار کو قائم رکھتے ہوئے بلااجرت خدمت کر رہے ہیں۔

وقف عارضی و وقار عمل :۔

تقریباً 66منتظمین کے ساتھ مکرم امیر صاحب نے گروپ تصویر بنائی کارکنان نے نعرہ ہائے تکبیر کے فلک بوس نعرے لگائے ۔

نمائش ۔تاریخ جماعت احمدیہ جرمنی:۔

یہ نمائش جلسہ گاہ کے عین وسط میں موجود شیشے کے گنبد نما کمرے میں لگائی گئی ہے ۔مکرم مولانا الیاس منیر صاحب انچارج شعبہ تاریخ جرمنی نے مکرم امیر صاحب کو بتایا کہ گزشتہ تین چار سال سے اس نمائش کو لگایا جارہا ہےسب سے پہلے برلن میں یہ نمائش لگائی گئی تھی۔اس نمائش میں 1923سے لیکر اب تک کے اہم جماعتی واقعات ،خطوط، خلفائے احمدیت کے دورہ جات کی تصاویر مساجد کے نقشے اور جماعت احمدیہ جرمنی کی تاریخ کے حوالے سے بیش قیمت تاریخ کو مرتب کیا گیا ہے ۔

سٹور:۔

مکرم امیر صاحب نے سٹور کا معائنہ کرتے ہوئے ڈیوٹی پر موجود احباب سے تعارف حاصل کیا ۔ناظم صاحب نے امیر صاحب کو جدید تیار کردہ سافٹ وئیر سے متعارف کرایا کہ کس طرح ہر چیز کو ڈیجیٹل طریق سے منظم کیا گیا ہے بار کوڈ لگائے گئے ہیں سکین کرنے سے چیز کی جگہ اور تعداد کا علم ہوجاتا ہے  اس طرح آمد و ترسیل کی پڑتال میں بہت آسانی رہتی ہے۔

بجلی:۔

اس کے ناظم مکرم رانا ندیم احمد صاحب ہیں جو اپنی ٹیم کے ساتھ جلسہ پرتمام خیمہ جات میں روشنی اور بجلی مہیا کرتے ہیں یہ ٹیم نہایت مستعدی اور خاموشی سے اپنا کام کرتی ہے۔آخر پر مکر م امیر صاحب کے ساتھ  گروپ تصویر بنوائی گئی۔

ریفریشمنٹ:۔

کارکنان جلسہ اور مختلف شعبہ جات کے معاونین  کے لئے ہمہ وقت ریفریشمنٹ کا انتظام  کیا جاتا ہےشعبے کے کارکنوں نے اپنا خیمہ میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام  اور آپ کے خلفاء کے اقتباسات کے بینروں سے مزین کر رکھا تھا۔

لنگرخانہ:۔

لنگر خانہ نائب افسر مکرم احسان الحق صاحب کے زیر نگرانی کام کر رہا ہے مکرم احسان صاحب 2002سے اس شعبے سےمنسلک ہیں۔مکرم امیر صاحب نے وسیع وعریض لنگر خانے کے تمام شعبوں کا معائنہ کیا اور ناظم لنگر خانہ مکرم شیخ عمران صاحب نے تفصیلات پوچھیں ناظم صاحب نے کارکنان کا تعارف کروایا اور اپنے کاموں کی تفصیل بتائی۔گوشت کی کٹائی چیک ۔اسی طرح امیر صاحب نے دیگ صفائی کی مشین دیکھی ڈیوٹی پر موجود کارکن نے بتایا کہ ایک منٹ میں ایک دیگ دھل جاتی ہے ۔بعد ازاں امیر صاحب نے ۔نوڈلز،مٹن پلاؤ۔آلوگوشت وغیرہ چکھے اور پکانے والوں کی تعریف کی آخر پر شعبہ لنگر کی روایت کے مطابق امیر صاحب نے کارکنان کے لئے کیک کاٹا تھوڑا سا کھایا اور اردو میں بولے’’بہت اچھا ہے‘‘۔تمام لنگر ممبران کے ساتھ گروپ تصویر بنوائی کارکنان جذباتی ہوکر فلک بوس نعرے لگاتے رہے۔

ضیافت:۔

امسال کرونا کی وجہ سے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لئے کھانا کھلانے کے لئے دو بڑے پنڈال بنائے گئے ہیں جن میں بیک وقت 2250افراد مناسب فاصلے رکھتے ہوئے بیٹھ کر کھانا کھا سکتے ہیں۔مکرم ملک سکندرحیات صاحب نائب افسر نے امیر صاحب کو تفصیلات اور پلان سے مطلع کیا نیز کارکنان کے ساتھ گروپ تصویر کی درخواست کی امیر صاحب نے ازراہ شفقت گروپ تصویر بنوائی۔ کارکنان نے نیلے رنگ کی ایک جیسی شرٹس پہن رکھی تھیں جس پر جلسہ سالانہ جرمنی لکھا ہوا تھا۔

امانات و رہائش:۔

یہ دونوں شعبے ایک پختہ ہال میں قائم ہیں جہاں کارکنان کے سونے کا انتظام کیا گیا ہے۔مکرم نصیر احمد صاحب ناظم رہائش نے امیر صاحب کو بتایا کہ امسال کرونا کی وجہ سے نئے بستر دیئے جارہے ہیں۔اس ہال میں 230بستروں کی گنجائش ہے۔

ریڈیو جلسہ سالانہ:۔

پنڈال میں آنے کے بعد محترم امیر صاحب نے ریڈیو جلسہ سالانہ کے انتظامات کا معائنہ فرمایا، جہاں  معائنے کی مجموعی تقریب کو اردو اور جرمن زبانوں میں لائیو نشر کیا جا رہا تھا، دوران معائنہ سٹوڈیو سے مکرم نعیم صاحب جبکہ معائنہ ٹیم کے ساتھ طاہر احمد بھٹی صاحب  اردو میں اور مکرم منان واگس ہاؤزر صاحب جرمن زبان میں سامعین کو لمحہ با لمحہ  باخبر کرتے رہے۔

آخر پر امیر صاحب نے مین پنڈال سے ملحق عمارت جہاں ایم ٹی اے سٹوڈیو تیار کیا گیا اُس کا معائنہ کیا اس سٹوڈیو کی کھڑکیوں سے پورا ہال نظر آتا ہے اس کے بعد ساؤنڈ سسٹم ۔ اور شعبہ ترجمانی کے کیبن ملاحظہ کئے ۔

آخر پر امیر صاحب پنڈال میں آئے جہاں پر اسٹیج تیار تھا  اسٹیج پر حضرت مسیح موعود علیہ السلام  کا ایک مصرع منارۃ المسیح کے ساتھ لکھا تھا ’’ اسمعو صوت السماء جاء المسیح جاء المسیح‘‘۔

امیر صاحب نے کارکنان سے ان کی ذمہ داریوں کو حضور انور کی ہدایات کے تابع ادائیگی اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام  کے مہمانوں کی خدمت کی روایات کو بھر پور طور پر نبھانے کی نصائح فرمائیں۔ دعا کے ساتھ اس تقریب کا اختتام ہوا۔

صفوان احمد ملک
ناظم رپورٹنگ
جلسہ سالانہ جرمنی

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 اکتوبر 2021

اگلا پڑھیں

کونوا مع الصادقین