• 8 مئی, 2024

جلسہ سیرت النبی ؐ کا انعقاد

دنیا بھر میں مسلمان ربیع الاول کے مہینے میں آقائے دو جہاں وجہ تخلیق کائنات فخر موجودات ﷺ کا یوم ولادت مختلف طریق سے مناتے ہیں۔ مگر خدا تعالیٰ کے فضل سے اکناف عالم میں پھیلی ہوئی مسیح محمدی کی جماعت ربیع الاوّل کے مہینے میں خصوصی طور پر ہر طرح کی بدعت سے پاک ’’سیرت النبی ﷺ‘‘ کے جلسے منعقد کرتی ہے ا ور عمومی طور پر یہ سلسلہ سارا سال جاری رہتا ہے۔

جماعت احمدیہ سُرینام کو بھی مؤرخہ 28اکتوبر کو بذریعہ زوم جلسہ سیرت النبیﷺمنعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تلاوت قرآن مجید اور ترجمے کے بعد حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا پاکیزہ منظوم کلام پیش کیا گیا۔ محترم شمیر علی صاحب نے ’’عورتوں کے حقوق‘‘ کے حوالے سے محسن انسانیتﷺ کے ارشادات پیش کئے۔ خاکسار نے ’’والدین کے حقوق‘‘ کے حوالے سے احادیث رسول ﷺ پیش کیں۔ بعد ازں خاکسار نے ممبران کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دئے، اور اختتامی دعا کروائی۔ اس پروگرام میں 65 افراد جماعت شامل ہوئے۔

تعلیمی ایوارڈز

ہر سال جلسہ سالانہ سُرینام کے موقعہ پرتعلیمی میدان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو ایوارڈ دئے جاتے ہیں۔ مگر کرونا کی چوتھی شدید لہر کی وجہ سے امسال بھی جلسہ سالانہ کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکا۔ اس لئے معیار پر پورے اترنے والے دس طلباء و طالبات اور ان کے والدین کو مؤرخہ 30اکتوبر کو مسجد ناصر میں مدعو کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ محترم صدر صاحب اور خاکسار نے باری باری علم حاصل کرنے اور سیکھنے سکھانے کے حوالے سے احکام خداوندی اور احادیث رسول ﷺ پیش کیں۔

بعد ازاں صدر صاحبہ لجنہ نے 4 طالبات اور خاکسار نے 6 طلباء کو اعزازی سرٹیفیکیٹ، نقد انعام اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اس کے بعد چار طلباء نے کروناکی وجہ سے تعلیمی میدان میں پیش آنے والی مشکلات، آن لائن کلاسزاور ان سے استفادے کے طریق پر مختصراً اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اختتامی دعا کے بعد شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں 30افراد جماعت شامل ہوئے۔

یکم نومبر کو مقامی روزنامہ ’’داخ بلاد سُرینام‘‘ (Dagblad SURINAME) نے اپنے مرکزی رنگین صفحے پر تصویر کے ساتھ اس تقریب کی خبر شائع کی،اور جماعت کے اس اقدام کو سراہا کہ جماعت احمدیہ نے ان حالات میں بھی طلباء کو ایوارڈ دے کر ان کاحوصلہ بڑھایا،اور تعلیمی میدان میں ترقی کرنے کا جذبہ پیدا کیا۔

قارئین الفضل آن لائن سے جماعت سُرینام کے نفوس و اموال میں برکت کے لئے دعا کی درخواست ہے۔

(رپورٹ : لئیق احمد مشتاق۔ مبلغ سلسلہ سُرینام، جنوبی امریکہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 دسمبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ