• 3 مئی, 2024

سال نَو پر ملنے والا سب سے خوبصورت پیغام

گزشتہ سال خاکسار نے سال نو پر ملنے والے کاپی پیسٹ قسم کے پیغامات سے ہٹ کر ملنے والے ایک خوشکن پیغام کے بارے میں مضمون لکھا تھا۔ جو آسٹریلیا سے ہماری ایک تبلیغ کی جنونی خاتون مکرمہ نبیلہ گلفام کی طرف سے ملا تھا۔ اس سال بھی ان کا ہی پیغام خوب صورت ترین ٹھہرا ہے۔ ان کی تحریر سے اپنے لئے لکھے گئے محبت بھرے الفاظ کو اپنے پاس ہی رکھتے ہوئے باقی پیغام الفضل کی نذر کرتی ہوں کیوں کہ الفضل ہی ان خوشیوں کا وسیلہ بنا ہے۔ اس مؤقر جریدے کے سب خدمت گزاروں کے لئے دعاؤں کے ساتھ نبیلہ کی تحریر پیش خدمت ہے:
’’نیا سال بہت بہت مبارک ہو اللہ تعالیٰ آپ کو صحت و تندرستی والی لمبی عمر عطا کرے اور ہمیشہ اپنے سب پیاروں کی طرف سے آنکھیں ٹھنڈی ہوں، یہ سال آپ اور آپ کے سب پیاروں کے لئے پہلے سے بڑھ کردین و دنیا کی حسنات سمیٹنے کا سال ہو۔ آمین اللّٰھم آمین

یہ سال جہاں لجنہ کی سوسال کے تشکر کے طور پر قربانیوں کی داستانیں سامنے لارہا ہے وہاں ہم بہت ہی خوش قسمت ہیں کہ آپ جیسے وجود ہمیں انرجی دیتے ہیں اور آگے ہی آگے بڑھنے پر مجبور کرتے ہیں جہاں ٹھہرنا کیا رفتار بھی کم نہ ہو کی فکر رہتی ہے۔ اللہ تعالیٰ سلامت رکھے آمین۔ سال 2022ء خاکسار کے لئے اتنی خوشی کا سال تھا آپ نے جس طرح اس خاکسار کی کاوش کو آسمان کی بلندیوں تک پہنچادیا، جزاک اللہ احسن الجزاء

آپ کے بعد صدر صاحبہ کا میسج موصول ہوا کہ اپنی ساری کاوشوں کی تفصیل جان، مال، وقت اور اولاد کی قربانی کے تحت لکھ کر بھیجوں سو حکم کی اطاعت میں سب ہی لکھ دیا اور اب پتہ چلا کہ وہ بھی لجنہ اماءاللہ آسٹریلیا کی تاریخ کے نام سے الفضل میں شائع ہوااس پر بھی اللہ تعالیٰ کے بعد آپ ہی کی شکرگزار ہوں۔ جزاک اللّٰہ احسن الجزاء

ورنہ میری تو قلم پر کچھ گرفت نہیں اور بالکل ایک عاجز سی بندی ہوں جسے بس تبلیغ کا جنون ہے اور خدمت خلق کرنے کی اللہ تعالیٰ توفیق دے دیتا ہے۔ ڈومیسٹک وائلنس کیسز میں اللہ تعالیٰ نے یہاں بھی میرا گھر میرے ابوجان کی حویلی بنایا ہوا ہے جہاں ایسی عورتیں مشکل میں کچھ دن قیام کرلیتی ہیں تو بس اس پر اللہ کا شکر ادا کرلیتی ہوں۔ الحمدللّٰہ۔

تبلیغ کے لئے اس سال بھی اللہ تعالیٰ کے فضل سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی خواہش (گھر بہ گھر فقیروں کی طرح پھر کر اللہ تعالیٰ کے سچے دین کی اشاعت کریں) پر اپنی بیٹی اور دوبیٹوں اور ایک سٹوڈنٹ بچی کے ساتھ ہزاروں گھروں تک پہنچی ۔تمام سکولز، آفسز، میڈیکل سنٹرز، ہسپتالوں میں گے سات ٹاؤن میں پیغام حق پہنچایا۔ گاڑی میں لٹریچر اور چاکلیٹ بھر لئے 31؍دسمبر 2022ء اور یکم جنوری 2023ء کو سارا دن یہی کام کیا سکولوں میں چھٹیاں ہو جاتی ہیں اس لئے کرسمس سے پہلے جانا ہوتا ہے۔ میرے پاس جماعت کے تعارف کے لئے ضروری کتابیں اور پمفلٹ ہوتے ہیں جن کے پیکٹ بنا کر کوشش کرتی ہوں کہ ہاتھوں میں دوں ۔ جہاں ممکن ہو زبانی بات کرتی ہوں ۔ نئے سال کا محبت بھرا پیغام دیتی ہوں اگر کوئی نہ ملے تو لیٹر بکس میں ڈال دیتی ہوں بہت اچھے ریسپانس ملتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ قبول فرمائے۔ آمین

خاکسار کی خواہش ہے کہ کم از کم 100 ٹاؤن تک اس سال توحید کا پیغام پہنچاسکوں اس کے لئے خاص دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ توفیق دے، آسانیاں پیدا فرمائے اور پمفلٹ بھی مہیا ہوسکیں اور اللہ تعالیٰ عاجزانہ کوششوں کو قبول فرمائے۔ آمین

ربنا تقبل منا انک انت السمیع العلیم۔ آمین

پیاری امة الباری آپا جان مجھے دوسروں کے کاموں سے انرجی ملتی ہے اس نیت سے اپنے کام بھی لکھ رہی ہوں کسی کو انرجی ملے اور ثواب ہمیں ہو۔ إِنَّمَا الأَعْمَالُ بِالنِّيَّاتِ، وَإِنَّمَا لِكُلِّ امْرِئٍ مَا نَوَى

مکرمہ نبیلہ صاحبہ کی یہ مساعی قابل رشک ہیں۔ دعا گو ہوں اور سب سے دعا کی درخواست کرتی ہوں کہ جماعت میں ایسے بہت سے جنونی پیدا ہوں، تبلیغ کا شوق زمین کے کناروں تک لے جائیں۔ دلوں کو پھیرنا تو اللہ قادرو توانا کے ہاتھ میں ہے۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں کہ: ’’خدا تعالیٰ چاہتا ہے کہ ان تمام روحوں کو جو زمین کی متفرق آبادیوں میں آباد ہیں کیا یورپ اور کیا ایشیا ان سب کو جو نیک فطرت رکھتے ہیں توحید کی طرف کھینچے اور اپنے بندوں کو دینِ واحد پر جمع کرے۔ یہی خدا تعالیٰ کا مقصد ہے جس کے لئے مَیں دنیا میں بھیجا گیا۔ سوتم اس مقصد کی پیروی کرو مگر نرمی اور اخلاق اور دعاوٴں پر زور دینے سے۔‘‘

(رسالہ الوصیت، روحانی خزائن جلد20 صفحہ306-307)

؎ہر طرف آواز دینا ہے ہمارا کام آج
جس کی فطرت نیک ہے وہ آئے گا انجام کار

(امۃ الباری ناصر۔ امریکہ)

پچھلا پڑھیں

محترمہ قانتہ دردکی وفات اور ان کے اوصاف

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 جنوری 2023