• 29 اپریل, 2024

تاریخ لجنہ اماء اللہ برازیل

برازیل میں لجنہ اماء اللہ تنظیم کے باقاعدہ اجرا سے قبل بعض خواتین کو انفرادی طور پر نمایاں رنگ میں خدمت کی توفیق ملی ان میں سر فہرست ا یک برازیلین خاتون سسٹر آمنہ ہیں جن کو کوپہلی برازیلین احمدی مسلمان خاتون کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ بیعت کے بعد انہوں نے خاص طور پر علمی خدمات انجام دیں اور کئی جماعتی کتب نیز قرآن کریم کے پرتگیزی میں ترجمہ کے ضمن میں آپ کو نمایاں خدمت کی توفیق ملی۔ برازیل میں پیٹروپولس شہر میں جو موجودہ مشن ہاوٴس کی پراپرٹی ہے اس کے حصول میں بھی آپ کا کلیدی کردار تھا۔ اسی طرح آپ کو حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کے ارشاد پر پرتگال جا کر وہاں جماعت رجسٹرڈ کروانے کی بھی تاریخی توفیق ملی۔ پھر مکرمہ عائشہ یاوسن صاحبہ اہلیہ مکرم محمد یوسف یاوسن صاحب سابق مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل بھی ہیں جنہوں نے اپنے واقف زندگی شوہر کے ساتھ 5 سال کا عرصہ بہت تنگ حالات میں بڑے صبر کے ساتھ گزارا اور ان کے کاموں میں شانہ بشانہ سہارا بنیں۔ مکرمہ انیلہ ظفر صاحبہ کو بھی قابل قدر خدمت کی توفیق ملتی رہی۔ خاص طور پر ضیافت کے شعبہ میں۔ 1995ء میں یورپ مراکز کی تحریک پر انہوں نے اپنا شادی والا سارا زیور پیش کر دیا اس پر حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒ نے بہت خوشنودی کا اظہار فرمایا اور اپنے دستخط مبارک سے ان کے نام اپنے خط میں تحریر فرمایا کہ:
’’عزیزہ مکرمہ انیلہ وسیم ظفر صاحبہ۔ السلام علیکم و رحمۃ اللّٰہ وبرکاتہ۔ مساجد فنڈ میں جو زیورات آپ نے پیش کئے ہیں اسے وہیں برازیل مشن کے لئے رکھیں۔ آپ کی یہ قربانی بہت قابل قدر ہے۔ جزاکم اللّٰہ تعالیٰ احسن الجزاء۔ اللہ قبول فرمائے۔ آپ کو صحت دے اور بچوں کو نیک خادم دین بنائے۔ والسلام خاکسار مرزا طاہر احمد۔ خلیفۃ المسیح الرابع (14-06-1995ء)‘‘

لجنہ اماء اللہ کا باقاعدہ آغاز

خاکسار نے 1998ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کی خدمت اقدس میں برازیل میں ذیلی تنظیموں کے قیام کے لیے لکھا چنانچہ اس پر پیارے آقا نے اپنے خط محررہ 16-02-1998ء میں فرمایا:
’’پیارے عزیزم وسیم احمد ظفر صاحب مشنری انچارج جماعت احمدیہ برازیل۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ۔ آپ کا خط ذیلی تنظیموں کے قیام کے متعلق موصول ہوا۔ آپ کے اس اقدام سے مجھے خوشی ہوئی۔ جزاکم اللّٰہ تعالیٰ۔۔۔۔ صدر مجلس لجنہ اماء اللہ کے لئے مکرمہ انیلہ ظفر صاحبہ کا نام منظور ہے۔ اللہ تعالیٰ مبارک کرے اور مقبول خدمت کی توفیق عطاء فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کے ساتھ ہو اور آپ کے اخلاص اور جذبہ ایمان میں نمایاں ترقی عطاء فرمائے اور دینی و دنیاوی نعمتوں سے نوازے۔ والسلام۔ خاکسار۔ مرزا طاہر احمد۔ خلیفۃ المسیح الرابع‘‘

پس مکرمہ انیلہ ظفر صاحبہ لجنہ اماء اللہ برازیل کی پہلی صدر ہیں جو تاحال اس عہدہ پر خدمت بجا لا رہی ہیں۔ لجنہ اماء اللہ برازیل کا پہلا سالانہ اجتماع خلافت جوبلی کے سال 2008ء میں مکرمہ انیلہ ظفر صاحبہ کی زیر نگرانی منعقد ہوا۔ سالانہ اجتماعات کے علاوہ لجنہ اماء اللہ برازیل کے تحت جو پروگرام باقاعدگی کے ساتھ ہوتے رہتے ہیں ان میں اجلاسات، مطالعہ کتب، تبلیغ کے سلسلہ میں پبلک میں پمفلٹس کی تقسیم، پکنک، کلواجمیعاً، وقار عمل، خلیفہٴ وقت کی خدمت میں دعائیہ خطوط، ہومیوپیتھک علاج اور خدمت خلق وغیرہ کے پروگرام شامل ہیں۔ اسی طرح ابتدا سے ہی لجنہ برازیل کو ضیافت کے شعبہ میں مسلسل نمایاں اور قابل قدر خدمت کی توفیق مل رہی ہے چنانچہ تمام جلسوں اور دیگر تقریبات میں لجنہ اماء اللہ برازیل کے تحت مشن ہاوٴس میں ہی کھانا تیار کیا جاتا ہے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ لجنہ اماء اللہ برازیل کو ہمیشہ خلافت احمدیہ کی راہنمائی میں مقبول خدمت کی توفیق ملتی رہے۔ آمین

(وسیم احمد ظفر ۔ نمائندہ الفضل آن لائن برازیل)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 فروری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی