• 11 دسمبر, 2024

احمدیہ گزٹ کینیڈاکی پچاس سالہ جوبلی تقریبات کی چند جھلکیاں

خدا تعالیٰ کےفضل اوررحم کےساتھ جماعت احمدیہ عالمگیر دنیا بھر میں ہر سال کامیابیوں اور کامرانیوں کی نئی منزلیں طے کرتی نظر آتی ہے۔ 1972ء میں ہاتھ سے لکھا جانے والا’’احمدیہ گزٹ کینیڈا‘‘چھاپہ خانوں اور کتابت کی منزلیں طےکرتاہو ا کمپیوٹر کے جدیدتکنیکی ادوار میں رنگ اور نور کی بہاروں کا سماں نہ صرف آپ کی دہلیز پر بلکہ آپ کی کمپیوٹر سکرین پرپیش کررہا ہے، یہ رسالہ اسلام احمدیت کی تعلیمات کےذریعہ تربیتی پہلواُجاگرکرنےاورخلافت احمدیہ کےتازہ فرمودات احباب جماعت تک پہنچانےکی کوشش میں مصروف ہے۔

پچھلے پچاس برسوں کے سفرمیں احمدیہ گزٹ کینیڈا نےاللہ تعالیٰ کے انعام واکرام کے جو نظارے دیکھےاُن کا شمار کرنا توناممکن ہے لیکن اِس سنگ میل پر پہنچ کر خوشی اور تشکّر کا اظہارکرنےکےلئے احمدیہ گزٹ کی ٹیم کے ممبران اور مجلہ سے منسلک تمام مخلصین نے2022ء میں پورا سال تقریبات کا اہتمام کرتے ہوئے 2؍ فروری 2023ءکی شام ایوان طاہر میں اپنےتمام رضاکاروں کےاعزاز میں ایک عشائیہ کے ساتھ نئی منزلوں کی سمت روانگی کا پیمان باندھا۔

احمدیہ گزٹ کےسفر کی تاریخ

’’احمدیہ گزٹ کینیڈ ا‘‘جماعت احمدیہ کینیڈا کا سرکاری ترجمان ہے۔ اِس کا پہلا شمارہ جون 1972ء میں شائع ہوا۔آغاز میں اِس کا نام’’احمدیہ نیوز بلیٹن‘‘ تھا اور اِس کی شکل خبر نامہ کی سی تھی اور یہ دونوں زبانوں یعنی اردو اور انگریزی میں تھا۔ماہ اپریل 1972ءمیں یہ’’دی مسلم آؤ ٹ لُک‘‘ کہلایا اور پھر جولائی 1975ء سے اِس موقّر جریدہ کو’’احمدیہ گزٹ کینیڈا‘‘ کا نام دیا گیا۔ اِس کے پہلے ایڈیٹر محترم مبارک احمد خان صاحب مرحوم تھے۔2010ء سے مکرم مولانا ہادی علی چوہدری صاحب مدیر اعلیٰ کے طور پر خدمات بجا لارہے ہیں۔

جوبلی تقریبات کی منصوبہ بندی

محترم امیر صاحب کینیڈا کی منظوری سے ادارہ کے اراکین نےگزٹ کی پچاس سالہ جوبلی کی تقریبات کاسلسلہ ترتیب دیا جوسارے سال پر محیط تھا۔اِن تقریبات کی اجمالی تفصیل درج ذیل ہے۔

احمدیہ گزٹ کا پچاس سالہ جوبلی شمارہ

تقریبات کے آغاز میں اظہارِتشکّر کےطور پر پچاس سالہ جوبلی کا خصوصی شمارہ ماہ جون 2022ء میں شائع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔چونکہ جون 1972ء میں پہلی باریہ شمارہ شائع ہو اتھااِس اعتبار سے ٹھیک پچاس سال بعدیہ جوبلی نمبر شائع کیا گیا۔

گزٹ کےمدیر اعلیٰ محترم مولانا ہادی علی چوہدری صاحب نے جوبلی کی یاد گار کو زندہ رکھنے کےلئےایک خوبصورت لوگو (logo ) ڈیزائن کیا۔جوگزشتہ سال جون سے ہرشمارہ کے سرورق کی زینت بنتاچلاآرہا ہے۔

اِس شمارہ کا نمایاں پہلو ہمارے پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا وہ خصوصی پیغام ہے جس میں حضور انور نے گزٹ کےمستقبل کےلئےلائحہ عمل کی نشاندہی فرمائی ہے۔اور فرمایا ہےکہ گزٹ کی توجہ کا مرکز نوجوانوں کی جانب ہو نا چاہئے اور اُن کےذہنی میلان کے مطابق حکمت عملی تشکیل دینی چاہئے۔

سو صفحات کے اِس شمارہ میں گزٹ کی تاریخ اور اُس کے ارتقاء پر مضامین شامل ہیں۔ اِس کے صفحات کو گزٹ کے ماضی و حال کے نگران اعلیٰ، مدیران، معاونین، گرافکس ڈیزائنرز، رضاکاروں، پرنٹرز وغیرہ کی تاریخی تصا ویر اور ماضی میں شائع ہونے والے تاریخی سرورق سے مزین کیاگیا ہے۔

جوبلی مشاعرہ

گزٹ کے پچاس سال مکمل ہونے کی یاد میں9؍ستمبر 2022ءکو جماعت احمدیہ کینیڈا کے مرکز ایوانِ طاہر میں ایک خصوصی مشاعرہ منعقد کیاگیا۔ جس میں اُن شعراء کو حمد و نعت اور خلافت سے اپنی محبت کے اظہار کےموضوع پر اپنا کلام پیش کرنے کی دعوت دی گئی تھی جن کا کلام احمدیہ گزٹ میں شائع ہو چکا ہے۔13شعراء نےاپنا شعری کلام پیش کیا جس کےبعد تمام مہمانوں کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔اس تقریب کی رپورٹ مع تصاویر دسمبر2022ء کے گزٹ میں شائع ہوئی تھی۔

مقابلہ مضمون نگاری

گزٹ کی جانب سے’’خلافت احمدیہ‘‘ کےموضوع پر مضمون نگاری کے مقابلہ کا اہتمام بھی کیا گیا۔ جس کی تمام تر ذمہ داری مکرم فرحان حمزہ قریشی صاحب ایڈیٹر احمدیہ گزٹ کے سپرد تھی۔ مقابلہ میں شرکاء کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا ا ور اُسی اعتبار سے مضمون کےعنوانات بھی دئیےگئےتھے۔ گروپس کی تفصیلات اورمضمون کے عنوانات درج ذیل تھے:
گروپ الف (اطفال و ناصرات )۔عنوانات: ’’برکاتِ خلافت‘‘، ’’خلافت سے محبت‘‘

گروپ ب (خدام، لجنہ اور انصار)۔ عنوانات:’’خلافتِ احمدیہ عالمی بد امنی کا حل‘‘، ’’خلافتِ احمدیہ کی الٰہی تائید‘‘، ’’اطاعتِ خلافت‘‘

مضمون نگارکو اردو،انگریزی یا فرنچ میں سے کسی ایک زبان میں لکھنےکی آزادی تھی اور مضمون جمع کروانے کی آخری تاریخ 31؍ اکتوبرمقرر کی گئی تھی۔مضمون جمع کروانے کے بعدہر زبان کے تین علیحدہ علیحدہ ججز نے ہر مضمون کا جائزہ لیا اور بغورمطالعہ کرنے کے بعد نمبر لگائے۔

اوّل، دوئم اور سوئم درجہ کے لئےبالترتیب300 ڈالر،200 ڈالراور 100 ڈالر کا انعام مقرر کیا گیا تھا۔

تقریب پچاس سالہ احمدیہ گزٹ کا عشائیہ

گزٹ کی 50سالہ جوبلی کی مرکزی تقریب وہ عشائیہ تھا جو 2؍ فروری 2023ء جمعرات کی شام ایوان طاہر میں منعقد کیا گیا۔ایوانِ طاہر کو اِس تقریب کےلئے بڑی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ رضاکاروں اور مہمانوں کےبیٹھنے کےلئےپُر تکلف انتظام کیا گیا تھا۔ میزوں پر تمام احباب کے لئے گزٹ کا خوبصورت اور رنگین تعارفی کارڈ جس پر پچاس سالہ تاریخ کا خاکہ (timeline) شامل تھا، اور پچاس سالہ جوبلی کا دیدہ زیب پن تھا۔ تمام احباب نے تقریب کےلئے اِس خصوصی پن کو اپنےسینہ کی زینت بنارکھا تھا۔ اِس عشا ئیہ میں تقریباً 250مرد و خواتین سے زائد مہمان شامل ہوئے۔

گزٹ کی اس تاریخی تقریب کے لئے یہ بہت بڑا اعزاز تھا کہ حضرت مصلح موعود خلیفۃالمسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی دختر نیک اختر صاحبزادی محترمہ امة الجمیل بیگم مدظلہا اللہ العالی ازراہِ شفقت وعنایت اِس تقریب میں شامل ہوئیں۔

ٹھیک سات بجےمحترم ملک لال خاں صاحب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا کی صدارت میں تقریب کاآغاز مکرم سرمدنوید صاحب مربی سلسلہ نے تلاوت قرآن پاک سےکیا۔آپ نےسورۃ القلم کی آیات 1تا8کی تلاوت کی اور ان کا ترجمہ پیش کیا۔

مکرم مولانا ہادی علی چوہدری مدیر اعلیٰ کاخطاب

اس کے بعد گزٹ کےمدیر اعلیٰ ونائب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا مکرم مولانا ہادی علی چوہدری صا حب نے خطاب فرمایا۔ آپ نے اپنے خطاب میں احمدیہ گزٹ کی پچاس سالہ تاریخ کے اوراق پلٹنے شروع کئے اور مختصرمگر جامع نقشہ کھینچا اور ماضی کےمدیران،معاونین اور رضاکاران کی خدمات کا اجمالی ذکربھی کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

مکرم محمد زکریا ورک
احمدیہ گزٹ کی پرانی یادیں

ان کے بعد گزٹ کے ابتدائی دور کے نائب مدیر مکرم محمد زکریا ورک صاحب نے ابتدائی زمانہ کے حالات، مشکلات اور پرانے رضاکاروں کا ذکر کیا۔

مکرم صدرمجلس انصاراللہ کینیڈا

مکرم عبدالحمید وڑائچ صاحب صدر مجلس انصاراللہ کینیڈا نے خطاب کیا۔اور احمدیہ گزٹ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور اِس تاریخی موقع پر آپ نےمجلس انصاراللہ کینیڈا کی جانب سے ایک یادگاری تختی plaque احمدیہ گزٹ کینیڈا کو پیش کی۔

صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ کینیڈا کا پیغام

محترمہ امۃ السلام ملک صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ کینیڈا نے اس تقریب کے لئے خصوصی پیغام ارسال فرمایا جسے مکرم حافظ مجیب احمد صاحب نائب مدیر گزٹ نے پڑھ کر سُنایا۔

تقریب تقسیم انعامات

مہمان مقررین کےبعدمکرم فرحان حمزہ قریشی صاحب ایڈیٹر گزٹ نے مضمون نگاری کےمقابلہ جات کےبارہ میں ایک مختصررپورٹ اور انعام پانے والوں کےنام پڑھ کرسنائے۔ انعامات حاصل کرنے والےمرد حضرات کو محترم امیرصاحب کینیڈا نے انعامات سے نوازا۔جب کہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ کینیڈا نے خواتین میں انعامات تقسیم کئے۔

نیشنل سیکرٹری اشاعت کا خطاب

بعد ازاں مکرم شیخ عبدالودود صاحب نیشنل سیکرٹری اشاعت نے خطاب کیا جس میں آپ نے احمدیہ گزٹ کینیڈا کی طباعت، اشاعت اورترسیل کے علاوہ اس کی اہمیت اور افادیت پر وضاحت کی۔

اختتامی خطاب

مکرم ملک لال خاں صاحب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے اختتامی خطاب میں احمدیہ گزٹ کینیڈا کو پچاس سال مکمل کرنے پر دلی مبارکبا ددی اور حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں مستقبل میں گزٹ کو مطالعہ کے لئےفعال اور دلچسپ بنانےکی طرف توجہ دلوائی۔اور اس کے روشن اور تابناک مستقبل کی امید کا اظہار فرمایا۔ فجزاہ اللّٰہ احسن الجزاء

اظہارِ تشکر

آخر پر مکرم مبشراحمد خالد صاحب مینیجر احمدیہ گزٹ کینیڈا نے ان احباب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نےدن رات ایک کرکے گزٹ کی جوبلی کی تقریب کو کامیاب بنانے میں انتھک محنت کی۔ آپ نے خاص طور پر مکرم نصیراحمد خاں صاحب نیشنل سیکرٹری ضیافت، مکرم عزیز اللہ چوہدری صاحب لوکل امیر پیس ویلج، مکرم احسان چیمہ صاحب اور ان کی ٹیمیں اور جامعہ احمدیہ کینیڈا کے طلبا، دیگر تمام رضاکاروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

اختتامی دعا

اظہارِ تشکر کے بعد مکرم امیر صاحب کینیڈا نے اختتامی دعا کرائی اور یہ پچاس سالہ گزٹ کی تقریب بخیر وخوبی اختتام پذیر ہوئی۔ فالحمدللّٰہ

دعاکے بعد احباب وخواتین کی خدمت میں پرتکلف عشائیہ اور کشمیری چائے پیش کی گئی۔

خصوصی تشکر

گزٹ کی پچاس سالہ جوبلی کی مختصر روئیداد کے بعد ہم دل کی گہرائیوں سے صاحبزادی امۃ الجمیل سلمہا اللہ تعالیٰ کے شکر گزارہیں اور ممنون احسان بھی کہ موسم سرما کی خرابی کے باوجود اس تقریب میں تشریف لائیں۔

یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ اس تقریب کوکامیاب بنانے کے لئے مکرم مولانا ہادی علی چوہدری صاحب مدیر اعلیٰ گزٹ نے کئی ماہ پندرہ روزہ، ہفت روزہ اوربعض دفعہ سہ روزہ میٹنگ کیں اور ہر قدم پر غیر معمولی وقت صرف کیااور اپنے وسیع تجربے کی روشنی میں ادارہ کی رہنمائی کی۔ نیز ادارہ کےتمام اراکین نےانتھک محنت کی جو قابلِ ستائش ہے۔

مکرم عثمان شاہد صاحب سابق ایڈیٹر احمدیہ گزٹ نے بڑی محنت سے تاریخی، معلوماتی اوردستاویزی ویڈیو تیار کی۔ موجودہ ادارہ کے35 سال پرانے رکن مکرم ہدایت اللہ ہادی صاحب نے پچاس سال پرانے دوستوں کا کھوج لگایا اور ادارہ کے تمام اراکین کے نام، فون نمبر اور ای میل پتہ جات تلاش کئے اور ان کی فہرست تیارکی تاکہ انہیں دعوت نامے ارسال کئے جاسکیں۔ امرواقع ہے کہ یہ انتہائی مشکل کام تھا۔ اسی طرح پرانی، تاریخی اور یادگاری تصاویر وغیرہ بھی ویڈیوکی تیاری کے لئے فراہم کیں۔

مکرم مبشراحمد خالد صاحب کی گراں قدر اور مسلسل کوششوں کے نتیجہ میں تمام انتظامات بخیر و خوبی انجام پذیر ہوئے۔ہر قدم پر گزٹ کے اراکین کی معاونت بھی فرمائی اور اپنے تجربہ کی بناء پر راہنمائی بھی فرماتے رہے۔

اسی طرح خاص طورپرمکرم شفیق اللہ صاحب مدیر معاون نے اپنا کام کاج چھوڑکر، شدیدسردی اور برف باری کے باوجود سینکڑوں گھنٹے اس تقریب کی تیاری میں صرف کئے اور ہال کی زیبائش وآرائش اور اس کے جملہ انتظامات کو کامیابی اور کامرانی سے ہمکنار کیا۔ فجزاھم اللّٰہ احسن الجزاء

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ادارہ احمدیہ گزٹ کینیڈا کو سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیزکی ہدایات، ارشادات اور جملہ توقعات کوپوراکرنے کی توفیق عطافرمائے اور جماعت احمدیہ کینیڈا کے ترجمان گزٹ کو تعلیمی، تربیتی اور تبلیغی امور میں بہترین خدمات بجالانے کی توفیق دے اور ادارہ کی مساعی میں برکت ڈالے اور اپنے فضلوں سے نوازے۔ آمین

(رپورٹ: محمد اکرم یوسف۔ نمائندہ خصوصی، احمدیہ گزٹ کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 مارچ 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ