• 25 اپریل, 2024

خلافت

خلافت روحِ انساں کی طبیعت کو بدلتی ہے
یہ روحوں کو ہے گرماتی یبوست کو بدلتی ہے

بچا کے خشک سالی سے سدا شاداب کرتی ہے
بھری رت سے یہ مؤمن کی زراعت کو بدلتی ہے

گناہ کے زہرِ قاتل کا عجب تریاق بے پایاں
مرض دل کے فنا کر کے عفونت کو بدلتی ہے

بہا کے علم وعرفاں کے خزینے مؤمنوں پر یہ
بڑی حکمت سے ان کی سب فراست کو بدلتی ہے

صدا میں اس کی یکسر عجب تاثیرِ قدسی ہے
پڑے جس دل پہ اس کی سب قساوت کو بدلتی ہے

خلوصِ دل سے اس حبلِ خداسے جُڑ کے دیکھو تو
یقیناً ہر بشر کو اور جمیعت کو بدلتی ہے

سکھائے عاجزی ہر پل کرے اخلاق میں محکم
خلافت مؤمنوں کی ہر طریقت کو بدلتی ہے

بتائےمعرفت کے گُر کرے نور یقیں سے پُر
دمِ عیسیٰ سے شیطانی کدورت کو بدلتی ہے

خدا کے اذن سے اس کی دعا مقبول ہوتی ہے
مٹا دیتی ہے مایوسی صعوبت کو بدلتی ہے

خلافت ظلمتوں میں روشنی کی لَو جلاتی ہے
عطا کرتی بصیرت ہے بصارت کو بدلتی ہے

ڈھا پائیں نہ شیطاں بھی جو تعمیرِ حصینِ روح
سِرے سے قلب و جاں کی وہ عمارت کو بدلتی ہے

بڑے فضل و کرم سے اب یہ نعمت پھر ملی ہم کو
بکھیرے گل محبت کے جو نفرت کو بدلتی ہے

خلوصِ دل سے طاعت میں جھکائے سر کھڑا نایکؔ
خلافت کی قدم بوسی ہزیمت کو بدلتی ہے

(سلیق احمد نایکؔ۔ قادیان)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 جون 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 9 جون 2020ء