• 8 مئی, 2024

التجاء بحضور الٰہی

اے مرے پیارے، مرے محسن، مرے قادر خدا!
مجھ کو تو نے نعمتوں کا اک بڑا حصہ دیا

تیری رہ میں گھر سے میں نکلا ہوں میرے رہنما
مجھ پہ اپنا فضل کر اور قرب کر مجھ کو عطا

پیار کرتا ہے تُو ستّر ماؤں سے بڑھ کر تو پھر
تھام لے مجھ ناتواں کو اور کوئی لوری سنا

ہوں میں خواہاں سایۂ رحمت ہو یوں مجھ کو عطا
میرے ہر اک کام میں شامل رہے تیری رضا

دور کر دے مجھ سے دنیا کی رزالت سب کی سب
پاک کر دے سینہ و دل کو تو اے میرے خدا!

تیری راہوں پر قدم ماریں جو ہر صبح و مسا
اے مرے پیارے! مجھے وہ پاؤں تو کر دے عطا

مجھ کو تو مقبول خدمت کی بھی اب توفیق دے
سرخرو ہو جاؤں میں اور شکر ہو تیرا ادا

طاعتِ مرد خدا کی بھی سعادت ہو نصیب
تا ہو میرے ساتھ مثلِ سایہ اس کی ہر دعا

فکر مت کر اب تو اس حالِ شکستہ کی لطیف!
تو بڑھا اپنا قدم، پھر دیکھ وہ کرتا ہے کیا

(صادق احمد لطیف۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

عید الاضحی خطبہ 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ