• 10 مئی, 2025

ایڈیٹر کے نام خطوط

•مکرمہ مبارکہ شاہین۔ جرمنی سے لکھتی ہیں۔
الفضل ہمارے لئے بہت خوبصورت روحانی مائدہ ہے۔ اس میں ہماری دینی و دنیاوی تعلیم، دونوں کا سامان ہوتا ہے۔ روزانہ کا الفضل پڑھ کر مجھے تو ایسے لگتا ہے کہ کوئی میرے دل کو پڑھ کر اسکے مطابق ’’الفضل‘‘ بنا دیتا ہے۔ یعنی جو چیز پڑھنے کی خواہش یا طلب ہوتی ہے ’’الفضل‘‘ کھولو تو اکثر مواد اسکے حوالے سے ہوتا ہے، الحمدللّٰہ۔

لکھنے والے اور لکھنے والیاں اتنا خوبصورت لکھتی ہیں کہ انکی تحریرات پڑھ کر رشک آتا ہے۔ ویسے تو ماشاءاللّٰہ سب ہی ایک سے بڑھ کر ایک لکھنے والے ہیں لیکن نئے نام بھی ماشاءاللّٰہ خوب لکھ رہے ہیں، مکرمہ صدف علیم صدیقی، مکرمہ ثمرہ خالد، مکرمہ سدرۃ المنتہیٰ، مکرمہ سعدیہ طارق بہت سے نام ہیں۔ درثمین تو ماشاءاللّٰہ خوب منجھ گئی ہیں۔ صفیہ بشیر سامی صاحبہ کی تحریروں میں بےحد چاشنی ہوتی ہے، بہت خوب لکھتی ہیں۔ مکرمہ نبیلہ فوزی کبھی کبھی لکھتی ہیں مگر بہت اچھا لکھتی ہیں اور امتہ الباری ناصر صاحبہ کی تحریرات کی تومیں بڑی مداح ہوں۔ اتنی سادہ اور خوبصورت تحریر کا ملکہ کسی کسی میں ہوتا ہے۔ دل چاہتا ہے کہ اکثر انکی تحریریں پڑھنے کو ملتی رہیں۔معلوم نہیں اتنا خوبصورت کیسے لکھ لیتی ہیں۔ طاہرہ زرتشت صاحبہ بھی بہت علمی اور تحقیقی مضامین لکھتی ہیں۔اب نہ جانے کیوں کافی عرصہ سے ان کا کوئی مضمون نہیں پڑھا۔ امة الحکیم عائشہ صاحبہ کی تحریر ان کی دادی جان کے بارہ میں بھی بہت خوب تھی۔ منزہ سلیم صاحبہ بھی بہت علمی مضامین لکھتی ہیں مگر نہ جانے کیوں کم کم لکھتی ہیں۔ شاید میری طرح پھول، پودے اگانے میں مصروف ہو گئی ہیں۔ پھول پودوں سے یاد آیا کہ خاکسار اس مکتوب میں مکرمہ امتہ الباری ناصر کے مضمون ’’نایاب ہوتے پانی کی قدر کریں‘‘ پہ مختصر تبصرہ لکھنا چاہے گی کہ انکے بیان کردہ حالات ربوہ کے اکثر باسیوں کے رہے ہیں۔ پانی کی قدر تو ویسے میں کرتی ہی تھی لیکن پچھلے دو تین سال سے الحمدللّٰہ زیادہ تر کر رہی ہوں۔ چاول، دال سبزی دھونے سے جو پانی نکلتا ہے وہ اکثر پھولوں کی کیاری میں ڈال دیتی ہوں۔ فائدے کا فائدہ ہے اور بچت کی بچت۔

مرد حضرات لکھاریوں میں مکرم ایف آر ابن بسمل،مکرم محمد عمر تما پوری، مکرم کاشف احمد، مکرم اطہر حفیظ فراز اور ہمارے سب نئے مربیان کرام بہت عمدہ لکھتے ہیں۔ باقی سب بھی ماشاءاللہ عمدہ تحریرات پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ سلطان القلم کے سب لکھنے والوں کی تحریروں میں نیک اثر پیدا کر دے، پیارے خلیفہ وقت کی آنکھیں ہم سب سے ٹھنڈی ہوں، آمین

•مکرمہ صفیہ بشیر سامی۔برطانیہ سے لکھتی ہیں۔
مورخہ 30جون 2022ء کی اشاعت میں ’’اللہ کا رنگ پکڑو‘‘ میں نے بہت شوق اور سبق سمجھ کر پڑھا ہے۔ بہت اچھا لگا میرے لئے یہ ایک بہت بڑی روشنی ہے جو مجھے آپ کی وساطت سے ملی ہے۔ جزاکم اللّٰہ۔ ویسے تو آپ کے تمام اداریے ہی بہت زبردست ہوتے ہیں۔ مجھے سیکھنے کو بہت کچھ مل جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ آپ کو اپنی حفاظت میں رکھے اور ہمیں یہ سب کچھ پڑھنے کو ملتا رہے آمین۔

•مکرمہ ثمرہ خالد۔ جرمنی سے لکھتی ہیں۔
مورخہ 30جون 2022ء کی اشاعت میں اداریہ ’’اللہ کا رنگ پکڑو‘‘ میں صفاتِ باری تعالیٰ کو مختصر مگر نہایت موثر اور عام فہم طریق پر بیان کیا گیا ہے۔ پڑھتے ہوئے خیال آیا کہ یہ بچوں کے لیے بھی بے حد مفید ہو گا۔ اگر صفاتِ باری تعالیٰ یاد کرواتے ہوئے بیان شدہ مفہوم بھی ساتھ بتایا جائے نیز یہ کہ باقی اقساط آنے پر اسکا جرمن میں بھی ترجمہ کروا لیا جائے تا کہ اردو پڑھنے لکھنے سے ناواقف بچے بھی اس سے استفادہ کر سکیں۔

اللہ تعالیٰ آپ کو بہترین جزا عطا فرمائے اور ہمیں زندگی کے ہر پہلو میں صبغة اللہ اختیار کرنے کا خوگر بنائے۔ آمین۔ اداریہ کی دیگر اقساط کا بھی شدت سے انتظار رہے گا۔

•مکرم اے آر بھٹی۔ ملبرن آسٹریلیا سے لکھتے ہیں
روزنامہ الفضل جدید دور کی ٹیکنالوجی سے بخوبی فائدہ اٹھا رہا ہے۔ ہم آج سے پچاس سال پیچھے جائیں اور سوچیں کہ ہم کیا تھے اور آج کہاں کھڑے ہیں تو زمین آسمان کا فرق نظر آئے گا۔ اخبار الحکم سے شروع ہوکر بندش الفضل اخبار تک اور پھر روزنامہ الفضل آن لائن لندن سے اجراء۔ سوچیں تو قارئین! کیا یہ ترقی کم ہے؟ یہ صرف اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہی یہ سب ممکن ہوا۔ اللہ تعالیٰ ایسے ہی اسے ترقیات سے نوازتا رہے، آمین۔ دنیا کے پرنٹ میڈیا اور اخبارات کو دیکھیں تو وہ بھی خود کو آگے بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں مگر میرا خیال ہے کہ یہ روزنامہ ان سب اخبارات کو بھی پیچھے چھوڑ گیا ہے۔ اگر نہیں تو ان شاءاللہ بہت جلد ان دنیاوی اخبارات کوبھی پیچھے چھوڑ دے گا۔ کیونکہ یہ واحد اخبار ہے جو پوری دنیا کو روحانی راہنمائی دیتا ہے اور جدت پسند بھی ہے۔ اس میں اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ؐکے احکام و ارشادات اور مسیح دوراںؑ اور خلفائے احمدیت کے فرمان پوری دنیا کو نیکی کی طرف بلاتےہیں۔ روزنامہ الفضل آن لائن اخبار کی سہولت ہمارے جیسے لوگوں کے لئے روحانی تسکین کا موجب بنتی ہے جس کے ذریعے جماعت کی دینی ترقی اور دیگر اہم معلومات مہیا ہوتی ہیں۔ مدیر صاحب اور ان کے ساتھی ہمہ وقت اسی کوشش میں مصروف ہیں کہ اس روزنامہ کو جدید سےجدید تر بنایا جائے تاکہ اس سے احباب جماعت اور پوری دنیا کے قارئین احسن رنگ میں مستفیض ہو سکیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی کاوشوں میں برکت ڈالے تا کہ حضرت سلطان القلمؑ کے پیغام کو دنیا میں بہترین رنگ میں پہنچایا جاسکے اور خدا کے فضل سے پہنچایا بھی جارہا ہے۔اور اس روحانی مائدےکو جدید تقاضوں کے مطابق محفوظ /اکٹھا کیا جاسکے۔ خدا تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے آمین۔ خدا تعالیٰ پیارے حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ کو صحت و تندرستی والی لمبی زندگی عطا فرمائے اور اسی طرح ہم اور پوری دنیا ان سے فیض پاتے رہیں، آمین۔

•مکرم فرحان احمد حمزہ قریشی لکھتے ہیں۔
مورخہ 25جون 2022ء کے شمارے میں ’’ہدایات بابت کمپوزنگ و پروف ریڈنگ‘‘ موصول ہوئیں۔ جزاکم اللّٰہ احسن الجزاء۔ ان تفصیلی ہدایات پر ان شاء اللہ العزیز کاربند رہنے کی حتی المقدور کوشش کروں گا۔ یہ ہدایات نہ صرف کمپوزنگ کرنے والے حضرات کی لئے بلکہ مضمون نگاروں کے لئے بھی نہایت اہم اور مفید ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اور آپ کی ٹیم کو اجر عظیم عطا فرمائے جو نہایت احسن رنگ میں خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان سے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی رہنمائی اور دعاؤں کی برکت سے دن بہ دن اخبار الفضل آن لائن کا معیار بہتر سے بہتر ہوتا چلا جا رہا ہے۔ ما شاء اللّٰہ! اللّٰہم زد فزد!

پچھلا پڑھیں

عید الاضحی خطبہ 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ