• 6 مئی, 2024

قرآن کی نمائش اور بک سٹال کا انعقاد

کاڈینا روٹری مارکیٹ میں
قرآن کی نمائش اور بک سٹال کا انعقاد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 30 جولائی 2022ء کو جماعت احمدیہ ایڈیلیڈ ویسٹ کے سات احباب پر مشتمل ایک گروپ کو کاڈینا (Kadina) کی روٹری مارکیٹ میں قرآن کریم کی نمائش اور بکسٹال لگانے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔ کاڈینا آبنائے York کا سب سے بڑاٹاؤن ہے اور اس علاقے کی زراعت کا مرکز ہے۔کسی زمانے میں یہ ٹاؤن تانبے کی کان کنی کےلئے بھی مشہور تھا۔ اس مارکیٹ کا انعقاد ہر مہینے کے آخری ہفتے کے روز وکٹوریہ سکوائر میں ہوتا ہے اور کثیر تعداد میں لوگ اسے وزٹ کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس ٹاؤن میں بھی سب سے پہلے جماعت احمدیہ کوہی اسلام کا پرامن پیغام پہنچانے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

ہم نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مسجد محمود سے کاڈینا کے لئے روانہ ہوئے اور تقریباً ایک گھنٹہ چالیس منٹ کی مسافت کے بعد وہاں پہنچے۔ وہاں پہنچ کرہم نے مارکیٹ کے مین ایریا میں قرآن کریم کی نمائش اور بک سٹال لگایا۔ جماعتی پیغام

Love for all Hatred for None، Muslims for Peace، اور Muslims for Loyalty سے مزین مارکی نے خاص طور پر لوگوں کی توجہ کو اپنی جانب مرکوز کیا۔

نمائش میں قرآن کریم کے دس تراجم، مختلف جماعتی کتب مثلاً ’’Life of Muhammad (saw)‘‘، ’’اسلامی اصول کی فلاسفی‘‘، ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘، ’’اسلام اور عصر حاضر کے مسائل‘‘ اور جماعتی تعارف پر مبنی پمفلٹس کو display کیا گیا۔

مقامی لوگوں کی جانب سے بہت اچھا response ملا اور وہ سینکڑوں کی تعداد میں نمائش اور بکسٹال کو دیکھنےکے لئے تشریف لائے۔ ہم نے ان کو اسلام کی پرامن تعلیم سے آگاہ کیا نیز چند مقامی لوگوں کے ساتھ مختلف موضوعات مثلاًاسلام میں خدا کا تصور اورحیات بعد الموت وغیرہ پر تفصیلی گفتگو بھی ہوئی۔

ایک مقامی شخص Daniel Copping صاحب جنہوں نے ایک سال قبل اسلام کو قبو ل کیا تھا وہ ہمارے بک سٹال پر تشریف لائے اور بہت خوشی کا اظہا ر کیا اور بڑے جذباتی انداز میں کہنےلگے کہ میں ایک سال سے مسلمان بھائیوں سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ آج آپ کے یہاں آنے سے میرا اپنے مسلمان بھائیوں سے رابطہ قا ئم ہوا ہے۔ خاکسار نے موصوف سے رابطے کی تفصیل لی اور ان کو ایڈیلیڈ میں اپنی مسجد محمود وزٹ کرنے کی دعوت دی۔ موصوف نے نمائش کےمتعلق اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ:
’’یہ نمائش اور بک سٹال جو آپ نے لگایا ہے یہ بہت خوبصورت ہے۔ میرے خیال میں زیادہ سے زیادہ آسٹریلینز کو اسلا م کے متعلق بتانا چاہئے تاکہ ان کو احساس ہو کہ اسلام امن کا مذہب ہے۔میرے مطابق میڈیا اور اخباروں کے ذریعے آسٹریلینز کو گمراہ کیا جاتا ہے، وہ اسلام کو بر ی تصویر پیش کرتے ہیں جبکہ اسلام امن کا مذہب ہے۔‘‘

Copper سٹی کونسل سے کونسلر کیتھی ولوگن (Cathy Vluggen) اورکونسلر پیٹر اوسوالڈ (Peter Oswald) نے ہماری نمائش اور بک سٹال کو وزٹ کیا اور ہماری اس کاوش کو خوب سراہا۔

کونسلر کیتھی ولوگن صاحبہ نے کہا:
’’میں آپ کو اپنے ریجن میں خوش آمدید کہتی ہوں۔ آپ کو یہاں دیکھ کر بہت اچھا محسوس ہورہا ہےکہ آپ یہاں مقامی لوگوں اور دوسرے وزٹ کرنے والوں میں اپنا امن کا پیغام پھیلا رہیں ہیں۔ یہاں وزٹ کرنےکے لئے بہت بہت شکریہ۔ آپ کا یہاں آنا اس لئے بھی ضروری تھاکہ میری طرح بہت سے لوگ آپ کے اچھے کاموں سے واقف نہ تھے۔ بہت تھوڑے لوگ ہیں جو غلط کا م کرتے ہیں اور آ پ سب کو برا نام دیتے ہیں جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔آپ لوگ خون کے عطیات دینے، لوگوں کے گھروں میں پمفلٹس کےذریعے امن کا پیغام پہنچانےکے ساتھ ساتھ دوسرے اچھے کاموں کے ذریعے سوسائٹی میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔میرے خیال میں جتنا ہم اس پیغام کو لوگوں تک پہنچائیں گئے اتنا ہی بہتر ہوگا۔ ایک مرتبہ پھر آپ کا یہاں آنےکے لئے بہت بہت شکریہ۔‘‘

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے نہ صرف قرآن کریم کی نمائش اور بک سٹال انتہائی کامیاب رہابلکہ اس کے ذریعے اس ریجن میں تبلیغ کے نئے مواقع بھی مہیا ہوئے ہیں جن سے ان شاءاللہ مستقبل قریب میں استفادہ کیا جائے گا۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری اس عاجزانہ کاوش کو قبول فرمائے اور آئندہ بھی ہمیں احسن رنگ میں اسلام احمدیت کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین

(عاطف احمد زاہد۔ مربی سلسلہ، ایڈیلیڈ، آسٹریلیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 ستمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ